وفاقی کابینہ اجلاس میں کیا ہوا؟ فواد چوہدری اور علی محمد کے بیانات میں تضاد

اسلام آباد: وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے سینیٹ میں بیان دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان کی تردید کردی۔

گزشتہ روز چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے سینیٹ کے رواں سیشن میں داخلے پر پابندی عائد کی تھی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے بارے میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی رولنگ پر کابینہ مطمئن نہیں ہے، پوری کابینہ نے اس فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا کہ کسی کو وزراء کی تضحیک کا حق نہیں، ہم عوام کے حق کی بات کریں تو معافی کا مطالبہ کیا جاتا ہے، میں منتخب ہو کر آیا ہوں اور مجھے لاکھوں لوگوں نے ووٹ دیے ہیں جب کہ چیئرمین سینیٹ اس طرح منتخب ہو کر نہیں آئے۔

وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ اگر چیئرمین سینیٹ ایوان میں توازن نہیں لا سکتے تو پھر حکومت کو بھی سوچنا پڑے گا کہ ہماری اس سلسلے میں کیا حکمت عملی ہوگی۔

تاہم وفاقی کابینہ اجلاس کے اجلاس میں یہ بات ہوئی بھی یا نہیں؟اس حوالے سے وزیر برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے سینیٹ میں بیان دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان کی تردید کردی۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کے طرز عمل پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد نے کہا کہ ہم ناتجربہ کار ضرور ہیں لیکن کٹی پتنگ نہیں، ایوان کی ایتھکس کمیٹی بنا دیں۔

یاد رہے کہ آج ہونے والے سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر شدید تنقید کی اور سابق چیئرمین سینیٹ و پی پی رہنما رضا ربانی نے کہا کہ کل چیئرمین نے رولنگ دی تو اس کا رد عمل آیا، وزیر اعظم کا نام لیا گیا لیکن نہیں سمجھتا کہ وزیراعظم ایسی گفتگو کر سکتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے