پیر : 19 نومبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]خاشقجی کے قتل میں ملوث اٹھارہ ملزمان پر جرمن پابندیاں[/pullquote]

جرمن حکومت نے اُن اٹھارہ افراد پر پابندی عائد کر دی جو مبینہ طور پر سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث ہیں۔ اس پابندی کے مطابق یہ افراد جرمنی کے علاوہ شینگن زون میں شامل 26 ممالک میں بھی داخل نہیں ہو سکتے۔ اس پابندی کا اعلان جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے آج پیر کے روز یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کی برسلز میں منعقدہ ملاقات کے حاشیے میں کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خاشقجی کے قتل کے حوالے سے سوالات زیادہ ہیں اور جوابات بہت ہی کم دستیاب ہیں۔ جرمن وزارت خارجہ نے بھی گزشتہ ہفتے سعودی عرب سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ خاشقجی کے قتل کی تفتیش شفاف انداز میں مکمل کرتے ہوئے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرے۔

[pullquote]افغانستان میں افیون کی کاشت میں کمی[/pullquote]

اقوام متحدہ کے منشیات اور جرائم کے انسداد کے ادارے UNODC نے انکشاف کیا ہے کہ رواں برس کے دوران افغانستان میں افیون کی کاشت میں کمی ہوئی ہے۔ سن 2018 کے دوران تقریباً ساڑھے چھ ہزار ٹن افیون پیدا کی گئی جو گزشتہ برس کے مقابلے میں انتیس فیصد کم ہے۔ سن 2017 میں افیون کی پیداوار نو ہزار ٹن تھی۔ رواں برس اس مقصد کے لیے ڈھائی لاکھ ہیکڑز رقبے کو افیون حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔ ادارے کے مطابق افیون کی پروڈکشن میں کمی خاص طور پر مغربی افغان علاقے میں زیادہ ہوئی ہے۔ جنوبی افغان صوبہ ہلمند میں مجموعی افیون کی پیداوار کا نصف حاصل کیا گیا۔ اس صوبے کے کئی علاقے طالبان کے کنٹرول میں ہیں۔

[pullquote]حوثی ملیشیا عسکری آپریشن فوری طور پر روک دے، سینیئر حوثی رہنما[/pullquote]

خانہ جنگی کے شکار ملک یمن کے ایران نواز حوثی ملیشیا کی اعلیٰ انقلابی کونسل کے سربراہ محمد علی الحوثی نے اپنی قیادت پر زور دیا ہے کہ تمام عسکری سرگرمیوں کو فوری طور پر روک دیا جائے۔ انہوں نے سعودی عرب کی جانب میزائل داغنے کے سلسلے کو بھی روکنے کا کہا ہے۔ اپنے ایک ٹوئیٹ میں محمد علی الحوثی نے مذاکراتی عمل میں شریک ہونے کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔ اُن کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اقوام متحدہ کے یمن کے لیے مقرر خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس رواں ہفتے کے دوران صنعاء پہنچ رہے ہیں۔ وہ حوثی ملیشیا کو امن مذاکرات کے نئے دور میں شریک ہونے کے لیے قائل کرنے کی کوشش میں ہیں۔

[pullquote]ایران خام تیل کی ایکسپورٹ جاری رکھے گا، حسن روحانی[/pullquote]

ایران کے صدر حسن روحانی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ امریکی دباؤ کے باوجود اُن کا ملک خام تیل کی برآمد کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر امریکی پابندیوں کو نفسیاتی جنگ کا ایک حربہ قرار دیا ہے۔ ایرانی ٹیلی وژن پر نشر کی جانے والی تقریر میں روحانی نے یہ بھی کہا کہ امریکا کی جانب الزام عائد کیا جاتا ہے کہ تہران حکومت یمن سے عراق تک اُس کی ناکامیوں کا ذمہ دار ہے لیکن ایران اس دباؤ کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گی۔ ایرانی صدر نے ان خیالات کا اظہار خوئے نامی شہر میں اپنی تقریر کے دوران کیا۔

[pullquote]خلیجی تعاون کونسل کی سمٹ میں اختلافات ختم کرنے کی کوشش کریں گے، کویت[/pullquote]

خلیجی ریاست کویت کے نائب وزیر خارجہ خالد الجرالا نے کہا ہے کہ خلیجی تعاون کونسل کے آئندہ ماہ ہونے والے سربراہ اجلاس میں رکن ریاستوں کے درمیان پائے جانے والے اختلافات کو ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ خلیج فارس کی عرب ریاستوں کا سربراہ اجلاس رواں برس دسمبر میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقد ہو گا۔ خالد الجرالا نے یہ بھی بتایا کہ اس سمٹ میں رکن ریاستوں کی اعلیٰ قیادت کی شرکت کا قوی امکان ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ خلیجی تعاون کونسل کی رکن ریاست قطر کے ساتھ دیگر ارکان سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین کے سفارتی تعلقات کشیدہ ہیں۔

[pullquote]شام کی صورت حال، تین ملکی کانفرنس قزاقستان میں ہو گی[/pullquote]

وسطی ایشیائی ریاست قزاقستان کے وزیر خارجہ کیرات عبدالرحمانوف نے بتایا ہے کہ شام کی داخلی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے دو روزہ سہ فريقی کانفرنس رواں مہینے کی اٹھائیس تاریخ سے شروع ہو گی۔ اس کانفرنس میں روس، ترکی اور ایران کے نمائندے شریک ہوں گے۔ قازق وزیر خارجہ کے مطابق یہ سابقہ سہ ملکی کانفرنس کا اگلا دور ہے۔ کیرات عبدالرحمانوف نے کانفرنس کے حوالے سے یہ بھی بتایا کہ اس میں شامی صدر بشار الاسد کی حکومت کے ساتھ ساتھ شامی باغیوں کے وفود بھی شرکت کریں گے۔ قبل ازیں ایسی کانفرنسیں قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں منعقد ہوئی تھیں۔

[pullquote]پوٹن نے واضح کیا ہے کہ امریکی انتخابات میں مداخلت نہیں کی، روسی حکومت[/pullquote]

روسی حکومت نے بتایا ہے کہ صدر ولادیمیر پوٹن نے امریکی نائب صدر مائیک پینس کے ساتھ ملاقات میں واضح کیا ہے کہ امریکی صدارتی الیکشن میں روس نے قطعاً مداخلت نہیں کی تھی۔ پوٹن نے یہ بات امریکی نائب صدر کے استفسار پر جواباً کہی تھی۔ پوٹن اور پینس کے درمیان گزشتہ ہفتے ملاقات سنگاپور میں ہوئی تھی۔ اسی ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جی ٹوئنٹی کے سربراہ اجلاس کے موقع پر اپنے روسی ہم منصب سے مجوزہ ملاقات پر بھی بات کی گئی۔ ٹرمپ اور پوٹن کی ملاقات ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں تیس نومبر سے شروع ہونے والے دو روزہ جی ٹوئنٹی سربراہ اجلاس کے دوران متوقع ہے۔

[pullquote]کیلیفورنیا کی جنگلاتی آگ: لاپتہ افراد کی تلاش میں اب بارش حائل[/pullquote]

شمالی کیلیفورنیا کی جنگلاتی آگ میں لاپتہ افراد کی تلاش میں بارش حائل ہو گئی ہے۔ ایمرجنسی سروسز کے حکام کے مطابق بارش امدادی کارروائیوں کو مشکل سے مشکل تر بنا سکتی ہے۔ کئی دنوں سے لگی آگ میں تقریباً ایک ہزار افراد لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ اب اس آگ کی لپیٹ میں آ کر ہلاکتوں کی تعداد مقامی انتظامیہ نے 77 بتائی ہے۔ اس وقت چار سو سے زائد امدادی کارکن راکھ اور ملبے میں سے گم شدہ افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آگ نے ساڑھے دس ہزار سے زائد مکانات کو جلا کر راکھ کر دیا ہے۔ ہزاروں افراد محفوظ مقام پر بنائے گئے عارضی کیمپوں میں مقیم ہیں۔

[pullquote]برطانوی وزیر خارجہ کا ایرانی دورہ[/pullquote]

برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ آج پیر کو ایرانی دارالحکومت تہران پہنچ گئے ہیں۔ حالیہ امریکی پابندیوں کے نفاذ کے بعد وہ کسی مغربی ملک کے پہلے وزیر خارجہ ہیں، جو ایران کا دورہ کریں گے۔ ہنٹ اس دورے کے دوران اپنے ایرانی ہم منصب محمد جواد ظریف کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکومتی اہلکاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اُن کے دورے کے دوران بات چیت کا فوکس سن 2015 کی ایرانی جوہری ڈیل کا مستقبل خیال کیا گیا ہے۔ برطانوی وزارت خارجہ کے مطابق اس دورے کے دوران جیریمی ہنٹ ایرانی حکومت پر واضح کریں گے کہ برطانیہ جوہری ڈیل کے ساتھ اپنی کمٹ منٹ کو پورا کرنے کا عزم رکھتا ہے۔

[pullquote]ہانگ کانگ: مظاہروں کے دوران گرفتار افراد کے خلاف مقدمہ[/pullquote]

ہانگ کانگ میں ایسے نو افراد کے خلاف عدالتی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جنہیں سن 2014 کے پرزور مظاہروں کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام کا سامنا ہے۔ ان افراد نے پیر انیس نومبر کو عدالت میں استغاثہ کے عائد کردہ الزامات کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ گرفتار ہونے والے نو افراد کے گروپ کو مقامی سکیورٹی انتظامیہ نے ’امبریلا نائن‘ کا نام دے رکھا ہے۔ ان میں بینی ٹائی، چَن کِن مین اور چُو یی مِنگ بھی شامل ہیں، جنہوں نے سن 2014 کے ’آکُوپائی‘ مظاہرے کا اعلان کیا تھا۔ عدالتی کارروائی چار ہفتے جاری رہنے کی توقع ہے اور اُس کے بعد فیصلہ سنایا جائے گا۔

[pullquote]کمبوڈیا میں غیر ملکی فوجی اڈہ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے، وزیراعظم[/pullquote]

کمبوڈیا کے وزیراعظم ہُن سین نے کہا ہے کہ اُن کی حکومت اپنے ملک میں کسی غیر ملک کو فوجی اڈہ قائم کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ اُن کا بیان ایسی رپورٹوں کے بعد سامنے آیا ہے، جن کے مطابق چین اس ملک کے کوہ کونگ صوبے میں فوجی اڈہ بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ان رپورٹوں کے مطابق اس اڈے کے قیام کے لیے چینی حکومت سن 2017 سے کمبوڈیائی حکومت کو قائل کرنے کی کوشش میں ہے۔ ایک اخبار ایشیا ٹائمز نے ذرائع مخفی رکھتے ہوئے رپورٹ کیا کہ بیجنگ حکومت اس ساحلی فوجی اڈے پر جنگی بحری جہازوں کے علاوہ پیپلز لبریشن آرمی کے بحری دستے بھی متعین کرنے کی خواہش رکھتی ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا سے منحرف ہونے والا باشندہ ایک جنرل کا بیٹا تھا، رپورٹ[/pullquote]

ایک معروف جاپانی اخبار Sankei Shimbun نے رپورٹ کیا ہے کہ گزشتہ برس شمالی کوریا سے منحرف ہونے والا باشندہ ایک جنرل کا بیٹا تھا۔ شمالی کوریا سے فرار ہو کر جنوبی کوریا ميں داخل ہونے کی کوشش میں اس نوجوان پر شمالی کوریائی فوج نے فائرنگ بھی کی تھی۔ اس شمالی کوریائی باشندے او چونگ سونگ کے حوالے سے جاپانی اخبار نے رپورٹ کیا ہے کہ اُس کی عمر کے نوجوان اپنے ملک کے سپریم لیڈر کم جونگ اُن کے ساتھ گہری وابستگی نہیں رکھتے۔ اس پچیس سالہ شمالی کوریائی باشندے کا والد میجر جنرل رینک کا فوجی افسر تھا اور یہ واضح نہیں کہ بیٹے کے منحرف ہونے کے بعد اُس کے والد کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا۔

[pullquote]نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں ہرا دیا[/pullquote]

ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف چار رنز سے شکست ہو گئی ہے۔ پاکستانی ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 175 رنز در کار تھے مگر وہ 171 پر آؤٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کے بھارتی نژاد بالر اعجاز یونس پٹیل نے پانچ کھلاڑی آؤٹ کیے اور انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور اظہر علی نے بنایا اور پینسٹھ کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے