منگل : 27 نومبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان: دھماکے کے نتیجے میں تین امریکی ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے وسطی صوبہ غزنی میں ہونے والے ایک بم دھماکے کے نتیجے میں تین امریکی فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ نیٹو کے سربراہی میں قائم امدادی مشن کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق دیسی ساختہ اس بم دھماکے کے نتیجے میں ایک امریکی سول کنٹریکٹر بھی زخمی ہوا جسے دیگر زخمیوں کی ساتھ طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اس بیان میں تاہم مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ افغانستان میں حالیہ چند ماہ کے دوران طالبان اور دیگر عسکریت پسند گروپوں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

[pullquote]سری لنکا کا سیاسی بحران، سابق وزیراعظم کے حامی اراکین کا بائیکاٹ[/pullquote]

سری لنکا کے برخاست شدہ وزیراعظم رانیل وکرمے سنگھے کے حامی اراکین نے پارلیمنٹ کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔ ان اراکین نے پارلیمنٹ کے موجودہ سیشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ پیر چھبیس نومبر سے کر رکھا ہے۔ ان اراکین نے اسپیکر پر غیرجانبدار ہونے کا الزام لگایا ہے۔ اسپیکر نے نئے وزیراعظم مہندا راجا پاکشے کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد کہا تھا کہ اس وقت ملک میں نہ کوئی حکومت اور نہ ہی کوئی وزیر اعظم موجود نہیں ہے۔ اس فیصلے پر اراکین ناراضی کا اظہار کر رہے ہیں۔

[pullquote]افغانستان میں خشک سالی، رقوم کے بدلے بچوں کی شادیاں[/pullquote]

افغانستان میں حالیہ بد ترین خشک سالی کے نتیجے میں ہزاروں افغان شہریوں کو داخلی سطح پر بے گھری اور بھوک کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے بیشتر افغان خاندان جہیز کے بدلے بچوں کی شادیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ یونیسف کے مطابق رواں برس جولائی اور اکتوبر کے درمیان ہرات اور باغدیس کے صوبوں میں ایک سو اکسٹھ بچوں کی ایسی منگنیاں یا شادیاں رجسٹر کی گئی ہیں۔

[pullquote]افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کی کانفرنس[/pullquote]

افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی دو روزہ کانفرنس آج منگل سے جنیوا میں شروع ہو گی۔ کانفرنس کے پہلے دن افغان صدر اشرف غنی غیر ملکی نجی شعبے کو اپنے ملک میں سرمایہ کاری کی ترغیبات دینے کی کوشش کریں گے۔ یہ ترغیبات توانائی، تعمیرات اور ملکی ڈھانچے کی تعمیر کے حوالے سے ہو سکتی ہیں۔ اقوام متحدہ کے مہاجرین سے متعلق ادارے کے سربراہ فلیپو گرانڈی اس کانفرنس کے دوران ہونے والے ایک مباحثے کی نظامت کریں گے، جس میں افغان مہاجرین کے مسائل پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اس کانفرنس میں جرمنی اور روس کے وزرائے خارجہ سمیت بیس ملکوں کے سفارت کار شریک ہوں گے۔

[pullquote]سعودی ولی عہد نے ترک صدر سے ملنے کی خواہش کی ہے، ترک وزارت خارجہ[/pullquote]

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جی ٹوئنٹی سمٹ کے موقع پر ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے ساتھ ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ ایک جرمن اخبار زُوڈ ڈوئچے سائٹنگ نے ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش آولُو کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی ولی عہد نے ٹیلیفون کے ذریعے اپنی اس خواہش کا اظہار کیا۔ چاؤش آولُو کے مطابق بظاہر اس ملاقات میں کوئی ہرج نہیں ہے۔ ترک صدر اور سعودی ولی عہد ارجنٹائنی دارالحکومت بیونس آئرس میں منعقدہ جی ٹوئنٹی سمٹ میں بقیہ عالمی رہنماؤں کے ہمراہ شریک ہوں گے۔ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد اس ملاقات کو خاص اہمیت دی گئی ہے۔

[pullquote]روس یوکرائنی سیلرز کو رہا کرے، جرمن وزیر دفاع[/pullquote]

جرمنی کی وزیر دفاع ارُوزلا فان ڈیئر لائن نے روس سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر یوکرائنی نیوی کے سیلرز کو رہا کرے۔ جرمن وزیر دفاع نے روس اور یوکرائن سے کہا ہے کہ وہ کشیدہ صورت حال میں کمی لانے کے لیے مثبت اقدامات کریں۔ روسی بحریہ نے ان سیلرز کو گزشتہ ویک اینڈ پر حراست میں لیا تھا۔ اس کے بعد یوکرائن نے پیر چھبیس نومبر سے اپنے سرحدی علاقوں میں تیس ایام کے لیے مارشل لا نافذ کرتے ہوئے اپنی افواج کو چوکس کر دیا ہے۔ دوسری جانب یوکرائنی صدر پیٹرو پوروشینکو نے ملکی دفاع کو مزید مضبوط کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا کے لیے جاسوسی کے شبے میں اعلیٰ فرانسیسی اہلکار گرفتار[/pullquote]

فرانس کے داخلی خفیہ ادارے DGSI کی نشاندہی پر پولیس نے ایک ایسے اعلیٰ سرکاری ملازم کو حراست میں لیا ہے، جس پر الزام ہے کہ وہ شمالی کوریا کے لیے جاسوسی کا مرتکب ہوا ہے۔ پیرس کا دفتر استغاثہ اس تناظر میں تفتیش کر رہا ہے کہ اس سرکاری اہلکار نے کس نوعیت کی معلومات جمع کر کے شمالی کوریائی حکام کو بتائی ہیں۔ یہ سرکاری ملازم فرانسیسی سینیٹ میں تعینات ہے اور اُس کے دفتر پر بھی چھاپہ مارا گیا۔ فرانسیسی عدالتی ذرائع نے گرفتار ہونے والے اہلکار کا نام بینوا کوینڈی (Benoit Quennedey) بتایا ہے اور وہ فرانسیسی کورین فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں۔ انہوں نے جزیرہ نما کوریا کے کئی دورے کر رکھے ہیں۔

[pullquote]ناسا کا بغیر انسان کے خلائی جہاز مریخ پر اتر گیا[/pullquote]

امریکی خلائی ادارے ناسا کا بغیر انسان کے تحقیقی خلائی جہاز نظام شمسی کے سرخ سیارے مریخ پر اتر گیا ہے۔ جہاز کے مریخ کی سطح پر اترنے پر ناسا کی تجربہ گاہ میں موجود سائنسدانوں اور تحقیقی ورکروں نے پرزور انداز میں تالیاں بجائیں۔ اس جہاز کو تشکیل سے اترنے تک سات برس کا عرصہ لگا۔ یہ چھ ماہ کے مسلسل طویل سفر کے بعد مریخ کی سطح پر اترنے میں کامیاب ہوا ہے۔ ناسا کے کنٹرول ٹاور نے بھی خلائی جہاز ’اِن سائٹ‘ کے سرخ سیارے پر اترنے کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ اس پیشرفت کو صدر ٹرمپ اور نائب صدر پینس نے بھی ٹیلی وژن پر دیکھا۔ اس خلائی جہاز کے مریخ پر اترنے کے مشن پر 993 ملین امریکی ڈالر کی لاگت آئی ہے۔

[pullquote]چین: کار فٹ پاتھ پر چڑھنے سے سات ہلاک[/pullquote]

چینی حکام کے مطابق ملک کے جنوب مشرقی صوبے سیچوان کے شہر لیشان میں ایک کار فٹ پاتھ پر چڑھنے سے کم از کم سات افراد ہلاک اور چار زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نے کار کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس نے اپنا تفتیشی عمل شروع کر دیا ہے۔ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا ڈرائیور نے فٹ پاتھ پر کار دانستہ چڑھائی۔ ابھی پانچ روز قبل ہی ایک ایسا ہی حادثہ شمال مشرقی چینی صوبے لیاؤننگ کے ساحلی شہر ہُولوڈاؤ میں بھی پیش آیا تھا۔ اس واقعے میں پانچ بچوں کی ہلاکت کے علاوہ اٹھارہ دیگر افراد زخمی ہوئے تھے۔

[pullquote]یوکرائنی مارشل لا پر روسی صدر کی تشویش[/pullquote]

روسی حکام نے بتایا ہے کہ صدر ولادیمیر پوٹن نے یوکرائنی حکومت کی جانب سے سرحدی علاقوں میں مارشل لا لگانے کے فیصلے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس صورت حال پر پوٹن نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے ٹیلیفون پر گفتگو بھی کی ہے۔ اس بات چیت کے دوران روسی صدر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جرمن چانسلر اس صورت حال پر کییف حکومت کے ساتھ بات کریں گی۔ جرمن چانسلر کے ساتھ بات چیت کے دوران پوٹن نے یہ بھی کہا کہ جرمنی یوکرائن کو مزید ایسے سخت اقدامات سے گریز کرنے کی بھی تلقین کرے گا۔ یوکرائنی حکومت نے مارشل لا کے نفاذ کے فیصلے کے علاوہ اپنی فوج کو چوکس رہنے کا حکم بھی دیا ہے۔

[pullquote]ملائیشیا کا مسیحی مبلغین کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

ملائیشیائی حکومت نے فن لینڈ کے اُن چار باشندوں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جنہیں مسیحیت کی تبلیغ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان چاروں مقید فِنش باشندوں میں دو مرد اور دو عورتیں ہیں۔ ان کی عمریں ستائیس سے ساٹھ برس کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ ان افراد کو رواں مہینے کی بیس تاریخ کو لنگکاوی جزیرے پر مسیحی مذہب کے پمفلٹ بانٹنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ مقامی پولیس نے ان چاروں باشندوں کو ملک بدری کے لیے امیگریشن حکام کی تحویل میں دے دیا ہے۔ ملائیشیا کے اٹارنی جنرل نے ان افراد کے فعل کے خلاف ناپسندیدگی کا خط میں فِنش حکومت کو ارسال کیا ہے۔

[pullquote]افغانستان میں ملیشیا کمانڈر گرفتار اور مظاہروں کے تناظر میں رہائی[/pullquote]

افغان حکومت نے ایک مقامی ملیشیا کے کمانڈر کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ارتکاب کرنے کے الزام میں گزشتہ ویک اینڈ پر گرفتار کیا لیکن اُس کی گرفتاری کے خلاف شدید مظاہروں کی وجہ سے اب اُسے رہا کر دیا گیا ہے۔ اس کمانڈر کا نام علی پور بتایا گیا ہے اور اس کا تعلق ہزارہ شیعہ اقلیتی کمیونٹی سے ہے۔ یہ کمانڈر طالبان مخالف ہے۔ اس کو مغربی صوبے غور میں بھی گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن ایسا ممکن نہیں ہو سکا تھا۔ اس گرفتاری کو کوشش میں ہونے والی جھڑپ میں کم از کم ایک درجن افراد ہلاک ہوئے تھے۔ کابل میں علی پور کی گرفتاری کے بعد لوگوں نے پولیس دستوں پر شدید پتھراؤ کر کے کئی کو زخمی بھی کر دیا تھا۔

[pullquote]جاپان نے شمالی کوریائی وزیر کو اپنے ملک کے دورے کی اجازت دے دی[/pullquote]

جاپانی حکومت نے شمالی کوریائی اولمپک کمیٹی کے صدر اور وزیر کھیل کِم اِل گُک کو کو اولمپک گیمز کی میٹنگ میں شرکت کی اجازت دی ہے۔ یہ میٹنگ رواں ہفتے کے دوران جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں ہو گی۔ یہ امر اہم ہے کہ شمالی کوریا پر عائد پابندیوں کے تناظر میں جاپان نے اس ملک کے باشندوں کی اپنے ملک داخل ہونے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ اجازت دینے کا اعلان کرتے ہوئے جاپانی حکومتی کابینہ کے چیف سیکرٹری نے واضح کیا کہ یہ اجازت اولمپک چارٹر کے تحت دی گئی ہے جو ہر قسم کے امتیازی رویوں کی ممانعت کرتا ہے۔ شمالی کوریا سن 2020 کے اولمپک گیمز میں شرکت کا ارادہ رکھتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے