وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھ دیا

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

گوردوارہ کرتار صاحب پر کرتارپور کوریڈور کے سنگ بنیاد کی تقریب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، بھارتی وفد، مختلف ممالک کے سفارتکار اور عالمی مبصرین بھی شریک ہیں۔

تقریب میں بھارتی وزیر ہرسمرت کور، ایچ ایس پوری، نوجوت سنگھ سدھو بھی شریک ہیں۔

مختلف ممالک کے سفارتکار اور عالمی مبصرین بھی کرتارپور پہنچنا شروع ہوگئے، گورنر پنجاب چوہدری سرور اور نجوت سنگھ سدھو کرتارپور روانہ ہوگئے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی لاہور سے نارووال کے لیے روانہ ہوگئے۔

واہگہ بارڈ پہنچنے والی بھارتی وزیر ہرسمرت کور بادل کا کہنا تھا کہ آج وہاں جارہی ہوں جہاں بابا گرونانک نے 18 برس گزارے، آج بہت جذباتی ہوں، خوابوں میں بھی نہ سوچا تھا کہ کرتار پور جاسکوں گی، میرے جیسے لاکھوں لوگوں کی دعائیں رنگ لارہی ہیں۔

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اسداللہ اور چناب رینجرز کے ونگ کمانڈر عدیل یوسف نے گوردوارہ کرتار صاحب میں انتظامات کا جائزہ لیا اور سکھ یاتریوں میں مٹھائی تقسیم کی۔

کرتارپور کوریڈور ڈیزائن سے متعلق معلوماتی بورڈ کے مطابق کرتارپور کوریڈور فیز1 میں ساڑھے چار کلو میٹر سڑک تعمیر کی جائے گی جبکہ بارڈر ٹرمینل کمپلیکس بھی تعمیر ہوگا۔

اس کے علاوہ کرتار پور کوریڈور میں دریائے راوی پر 800 میٹر پل، پارکنگ ایریا اور سیلاب سے بچاؤ کے لیے فلڈ پروٹیکشن بند بھی تعمیر ہوگا اور دوسرے فیز میں ہوٹل اورگوردوارہ کرتار صاحب کی توسیع کی جائے گی۔

اس حووالے سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی گوردوارہ کرتارپور صاحب آمد باعث فخر ہے، وزیراعظم کے کرتارپور راہداری کھولنے کے اعلان پر پوری سکھ قوم بلکہ دیگر مذاہب کے لوگ بھی پرمسرت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہمسایہ ملک بھارت سمیت دنیا بھر کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان اور مسلمان امن پسند ہیں اور بھائی چارے کی فضاء کو قائم رکھنے کے لیے پرعزم ہیں، کرتار پور راہداری کھولنے پر بھارت میں بھی حکومت پاکستان اور عمران خان کے اس اقدام کی تعریف ہورہی ہے اور اس عمل سے دنیا بھر میں پاکستان کی نیک نامی اور صلاح پسند ہونے میں اضافہ ہوا ہے۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے آئے سکھ رہنماﺅں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

پیر نور الحق قادری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کرتار پور صاحب آمد اور بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں سے خطاب کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے