منگل : 04 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]تنازعات، خانہ جنگی اور قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے، اقوام متحدہ[/pullquote]

دنیا میں تنازعات، خانہ جنگی اور قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ اقوام متحدہ کے ہنگامی امداد کے ادارے کے رابطہ کار مارک لوکوک کے مطابق دنیا میں ہر سترہواں انسان ان بحرانوں کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے۔ اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق 132 ملین متاثرہ شہریوں میں سے دو تہائی کو اگلے برسوں کے دوران ہنگامی امداد کی ضرورت ہو گی۔ مارک لوکوک نے مزید بتایا کہ اس صورتحال میں کم از کم بائیس ارب یورو کے برابر کی رقم کی ضرورت پڑے گی۔

[pullquote]یمنی حوثی باغیوں کا وفد مذاکرات کے لیے سویڈن روانہ[/pullquote]

سویڈن میں یمنی امن مذاکرات کے لیے آج بروز منگل حوثی باغیوں کے وفد کے روانہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حوثی باغیوں کے ترجمان محمد عبدالسلام نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ وفد صنعاء سے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مارٹن گرفتھس کے ہمراہ روانہ ہوا ہے۔ سویڈن میں مجوزہ مذاکرات کے لیے ابھی تک کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ ممکن ہے کہ مذاکرات کے سلسلے کا آغاز رواں ہفتے ہوجائے گا۔

[pullquote]یورو زون میں اصلاحات پر اتفاق کر لیا گیا[/pullquote]

برسلز میں یورو زون ممالک کے وزرائے خزانہ نے مالی اصلاحات پر اتفاق کر لیا ہے۔ اس طرح یہ ممالک اقتصادی بحران کی صورت میں بہتر طریقے سے نمٹنا چاہتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سب سے پہلے ای ایس ایم نامی مالیاتی فنڈ کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایک یورو زون بجٹ یا بچتی نظام تشکیل دینے کے حوالے سے بھی اصلاحات کیے جائیں گے۔ یورو زون میں یورپ کے وہ ممالک شامل ہیں، جہاں مشترکہ کرنسی یورو استعمال کی جاتی ہے۔

[pullquote]لیبیا میں 15 مہاجرین ڈوب کر ہلاک[/pullquote]

لیبیا میں کم از کم پندرہ مہاجرین پانی میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ زندہ بچ جانے والے ایک مہاجر کا نیوز ایجنسی روئٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کشتی پر پچیس افراد سوار تھے اور ان میں سے پندرہ افراد بارہ دن تک بھوکے پیاسے رہنے کی وجہ سے ہلاک ہو گئے۔ لیبیا کے شہر صبراتہ سے یہ مہاجرین یورپ تک پہنچنا چاہتے تھے۔ لیبیا میں متعدد ایسے گروپ سرگرم ہیں، جو مہاجرین کو غیرقانونی طریقے سے یورپ بھیجتے ہیں۔

[pullquote]یوکرائنی جہاز اب بحیرہ ازوف تک جا سکتے ہیں[/pullquote]

یوکرائنی حکومت کے مطابق روس نے ان کے بحری جہازوں کو بحیرہ ازوف کی بندرگاہ تک جانے کی اجازت فراہم کر دی ہے۔ یوکرائنی وزیر برائے بنیادی ڈھانچہ ولودومیر اومیلی جان کا کہنا تھا کہ ان کے جہاز ایک مرتبہ پھر آبنائے کرچ میں آزادی سے گھوم پھر سکیں گے۔ ایک ہفتہ قبل روس نے اس وقت یوکرائن کے جہازوں پر قبضہ کر لیا تھا، جب وہ بحیرہ ازوف کے راستے پر تھے۔ یوکرائن نے الزام عائد کیا تھا کہ روس نے آبنائے کرچ کا راستہ بلاک کر دیا ہے، جس کی وجہ سے وہ اپنی اہم بندرگاہوں تک نہیں پہنچ سکتے۔

[pullquote]فرانس، پیٹرول پر ٹیکس کا منصوبہ منسوخ[/pullquote]

پیرس میں پرتشدد احتجاج کے بعد فرانس حکومت نے پیٹرول پر مزید ٹیکس عائد کرنے کا منصوبہ منسوخ کر دیا ہے۔ فرانسیسی میڈیا اور حکومتی ذرائع کے مطابق آج بروز منگل سرکاری سطح پر بھی اس منسوخی کا باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا۔ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے ساتھ ہی پیرس میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔ اس دوران متعدد عمارتوں اور سینکڑوں گاڑیوں کو بھی نذر آتش کر دیا گیا تھا۔ مظاہرین نے صدر ایمانویل ماکروں کے استعفے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

[pullquote]اگر ایران تیل برآمد نہیں کر سکتا تو خلیج سے بھی کوئی تیل برآمد نہیں کرےگا، روحانی[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کے ملک کو تیل برآمد کرنے کی اجازت نہ دی گئی تو پھر خلیج سے کوئی بھی تیل برآمد نہیں کر سکے گا۔ ایرانی صدر نے یہ دھمکی منگل کے روز ایک خطاب کے دوران دی ہے، جسے سرکاری ٹیلی وژن پر براہ راست نشر کیا گیا تھا۔ امریکی حکام ایرانی تیل کی درآمد کو صفر کی سطح پر لانا چاہتے ہیں۔ اس کا مقصد ایران کی اقتصادیات کو کمزور کرتے ہوئے خطے کے ممالک میں اس کے اثرو رسوخ کو کم کرنا ہے۔

[pullquote]چین اور پاناما کے مابین شراکت داری معاہدے[/pullquote]

چینی صدر شی جن پنگ نے پیر کے روز پاناما کے ساتھ شراکت داری اور تعاون کے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ اس طرح چین وسطی امریکا میں بھی اپنا اثرو رسوخ بڑھانا چاہتا ہے۔ چین نے اس ملک کے ساتھ سفارتی روابط کا آغاز گزشتہ برس کیا تھا۔ پاناما ان نئے معاہدوں کے ساتھ چین کے ’بیلٹ اینڈ روڈ‘ منصوبے میں شامل ہونے والا پہلا لاطینی امریکی ملک بن گیا ہے۔ چینی صدر اور ان کے ہم منصب خوان کارلوس واریلا نے مجموعی طور پر انیس معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

[pullquote]افغانستان میں زخمی ہونے والا امریکی فوجی جرمنی میں انتقال کر گیا[/pullquote]

افغانستان میں ایک بم دھماکے میں زخمی ہونے والا امریکی فوجی جیسن مِچل مک کلیے جرمنی میں انتقال کر گیا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے پیر کی رات گئے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پینسلوینیا سے تعلق رکھنے والا 24 سالہ فوجی گزشتہ ہفتے افغان صوبے غزنی میں ایک بم دھماکے میں زخمی ہونے کے بعد جرمنی کے ایک ہسپتال میں پہنچایا گیا تھا۔ گزشتہ منگل کو ہونے والے اس بم دھماکے میں دیگر تین امریکی فوجی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے تھے۔ مک کلیے رواں برس افغانستان میں ہلاک ہونے والا 13واں امریکی فوجی تھا۔

[pullquote]وینیزویلا کے صدر پوٹن سے ملنے کے لیے روس کے دورے پر[/pullquote]

لاطینی امریکی ملک وینیزویلا کے صدر نکولس مادورو نے کہا ہے کہ وہ اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کے لیے روس جا رہے ہیں۔ پیر کے روز ان کے دفتر کے ایک ٹوئٹر صفحے پر بتایا گیا ہے کہ وہ ایک انتہائی اہم ملاقات کے لیے روس کے سفر پر ہیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات بدھ کو ہو گی۔ منگل کے روز ماسکو حکومت کے ترجمان دیمتری پیسکوف کے حوالے سے روسی خبر رساں ادارے انٹرفیکس نے اس ملاقات کی تصدیق کی تھی۔

[pullquote]ڈی ایل آر سیٹلائٹ گرین ہاؤسز لے کر روانہ[/pullquote]

جرمنی کا ڈی ایل آر سیٹلائٹ گرین ہاؤسز لے کر خلاء کی طرف روانہ ہو گیا ہے۔ ان گرین ہاؤسز کے ذریعے خلاء میں ٹماٹر اگانے جیسے تجربات کیے جائیں گے۔ فالکن نائن نامی راکٹوں کی مدد سے یہ سیٹلائٹ امریکا میں کیلی فورنیا کے ایک فوجی اڈے سے روانہ کیا گیا۔ اس سیٹلائیٹ پر حیاتیاتی زندگی کو ممکن بنانے والے دو نظام نصب کیے گئے ہیں۔ اس مشن کا مقصد خلابازوں کے لیے خلا میں ہی خوراک تیار کرنا ہے تاکہ ان کے چاند یا پھر مریخ کے طویل سفر میں آسانی پیدا ہو۔

[pullquote]تقریبا 500 نیو نازی بھیس بدل کر چھپ چکے ہیں[/pullquote]

جرمنی میں دائیں بازو کے تقریبا چار سو ستر انتہاپسندوں کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔ حکومتی اداروں کے مطابق یہ افراد بھیس بدل کر چھپ چکے ہیں۔ یہ نیو نازی مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔ جرمن اخبار اوسنا بروکر کے مطابق مطلوب نازیوں میں سے ہر چوتھا شخص تشدد کی طرف مائل ہے۔ حالیہ چار برسوں میں دائیں بازو کے مطلوب ملزمان کی تعداد بھی دو گنا ہوئی ہے۔ جرمنی میں مہاجرین کے بحران کے بعد سے ایسے کارکنوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

[pullquote]عراق: نیم خودمختار علاقے کردستان میں طاقت کی تبدیلی[/pullquote]

عراق کے شمال میں واقع نیم خودمختار علاقے کردستان میں سیاسی طاقت کی تبدیلی واقع ہوئی ہے۔ برسراقتدار کرد ڈیموکریٹک پارٹی نے باون سالہ نيجيرفان بارزانی کو منصب صدارت کے لیے نامزد کر دیا ہے۔ نيجيرفان بارزانی ابھی تک کے کرد صدر مسعود بارزانی کے بھتیجے ہیں۔ نيجيرفان بارزانی ابھی تک اس خود مختار علاقے کے وزیراعظم کے عہدے پر فائز تھے۔ اب وزیراعظم کا عہدہ نيجيرفان بارزانی کے بیٹے مسرور بارزانی کو دیا جائے گا۔ کرد سیاست میں بارزانی خاندان ایک طویل عرصے سے حکومت میں ہے۔

[pullquote]قبرص: تارکین وطن کے لیے مستقل رہائش نامہ جاری[/pullquote]

قبرص میں برطانوی فوجی اڈے میں گزشتہ بیس برس سے پھنسے تارکین وطن کے ایک گروپ کو برطانیہ میں مستقل رہائش کا اجازت نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔ پیر کے روز اس گروپ کی وکالت کرنے والے ایک قانونی ادارے نے بتایا کہ چھ خاندانوں سے تعلق رکھنے والے ان 31 افراد کو برطانیہ میں میں مستقل سکونت کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ان افراد کا تعلق ایتھوپیا، عراق، سوڈان اور شام سے ہے اور انہیں سن 1998ء میں اسمگلرز کی جانب سے ایک کشتی میں لاوارث چھوڑ دیا گیا تھا۔ برطانوی محکمہ داخلہ کے مطابق ان افراد کو مستقل سکونت کی اجازت دینے کا فیصلہ نہایت غیرمعمولی حالات میں کیا گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے