بدھ : 05 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ڈالر کی بالادستی ختم کرنے کے لیے یورپی یونین کا منصوبہ[/pullquote]

یورپی کمیشن نے دنیا بھرسے امریکی ڈالر کے اثر کو کسی حد تک کم کرنے کا ایک منصوبہ پیش کیا ہے۔ اقتصادی امور کے یورپی کمشنر پیئر ماسکوویسی نے بدھ پانچ دسمبر کو برسلز میں پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ تجارتی تنازعات میں جغرافیائی حدود سے باہر امریکی پابندیاں اب تقاضا کرتی ہیں کہ اس کا متبادل ہونا ضروری ہے۔ یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ حکومتیں، مالیاتی ادارے اور کثیرالقومی کمپنیاں امریکی پابندیوں کے تناظر میں واشنگٹن حکومت کے رحم و کرم پر ہوتے ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ کئی یورپی اقوام عالمی تجارت پرامریکی ڈالر کے غیرمعمولی اثر سےنالاں ہیں۔

[pullquote]اوپیک ممالک تیل کی پیداوار کم نہ کریں، امریکی صدر[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک سے کہا ہے کہ تیل کی پیداوار میں کمی کے مجوزے منصوبے کو ترک کر دیا جائے تا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان قائم رہے۔ ٹرمپ نے واضح کیا کہ انہیں یقین ہے کہ اوپیک ممالک اپنے اجلاس میں تیل کی موجودہ فراہمی کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کریں گے کیونکہ دنیا تیل کی قیمتوں میں اضافے کی متمنی نہیں ہے۔ اوپیک ممالک نے اپنی اگلی میٹنگ کے ایجنڈے میں تیل کی پیداوار کم کرنے کو شامل کر رکھا ہے۔ یہ میٹنگ جمعرات چھ دسمبر کو تنظیم کے صدر دفتر ویانا میں ہو گی۔

[pullquote]کوسووو پر فوج کشی کر سکتے ہیں، سربین وزیراعظم[/pullquote]

سیربیا کی وزیراعظم انا برنابِچ نے کوسووو حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اُس نے اپنی فوج کھڑی کرنے کی کوشش کی تو فوج کشی کا امکان موجود ہے۔ کوسووین پارلیمنٹ رواں مہینے کی چودہ تاریخ کو اس بات کا تعین کرے گی کہ ملکی سلامتی کے اہلکاروں کو باضابطہ طور پر فوج کی شکل دے دی جائے۔ سربیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ کوسووو کی فوج انجام کار سربین اقلیت کو نشانہ بنانے کی کوشش کرے گی۔ اُدھر مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ نے بھی کوسووو حکومت سے کہا ہے کہ وہ فوج کھڑی کرنے کے ارادے کو عملی جامہ پہنانے سے اجتناب کرے کیونکہ ایسا کرنے کا ابھی وقت سازگار نہیں ہے۔

[pullquote]ترکی نے خاشقجی قتل میں شریک دو سعودی شہریوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے[/pullquote]

ترک شہر استنبول کی ایک عدالت نے صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث ہونے کے شبے میں ایسے دو سعودی شہریوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں، جو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے قریبی مشیر تصور کیے جاتے تھے۔ یہ وارنٹ گرفتاری استنبول کے دفترِ استغاثہ کی درخواست پر جاری کیے گئے ہیں۔ ان سعودی شہریوں کے نام احمد العسیری اور سعود القحطانی ہیں۔ عدالت میں پیش کی گئی درخواست میں بیان کیا گیا کہ یہ دونوں افراد خاشقجی کے قتل کی سازش میں ملوث رہے ہیں۔ احمد العسیری سعودی خفیہ ادارے کے سابق نائب سربراہ ہیں جبکہ سعود القحطانی سعودی ولی عہد کے خصوصی مشیر تھے۔ ان کو خاشقجی کے قتل کے بعد ملازمتوں سے فارغ کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]بلغاریہ نے مہاجرین کے بین الاقوامی معاہدے میں شامل ہونے سے انکار کر دیا[/pullquote]

مشرقی یورپی ملک بلغاریہ نے اقوام متحدہ کے مہاجرین سے متعلق طے پانے والے سمجھوتے میں شامل ہونے سے انکار کر دیا ہے۔ صوفیہ حکومت کے مطابق وہ اپنا کوئی بھی نمائندہ اس سمجھوتے پر دستخط کی تقریب میں روانہ نہیں کرے گی۔ یہ اجلاس دس اور گیارہ دسمبر کومراکش میں منعقد ہو رہا ہے۔ اس سمجھوتے کے مذاکراتی عمل سے امریکا گزشتہ برس یکم دسمبر سے علیحدگی اختیار کر چکا ہے۔ آسٹریلیا سمیت آسٹریا، پولینڈ، چیک جمہوریہ اور ہنگری اس معاہدے کو تسلیم کرنے سے انکار کر چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اس معاہدے کی منظوری دے چکی ہے۔

[pullquote]جرمنی میں روز گار کی منڈی میں غیر ملکی کارکنوں کا استحصال، رپورٹ[/pullquote]

جرمنی میں انسانی حقوق کے ادارے نے غیر ملکی مزدوروں کے تحفظ کے لیے اقدامات کے ناکامی ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق موجودہ صورتحال میں غیر ملکی کارکنوں کا استحصال ہو رہا ہے۔ مزید یہ کہ مہاجرین اورغیر یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کو اکثر اجرت کم دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ بلغاریہ اور رومانیہ کے شہریوں کو بھی کم پیسے دیے جاتے ہیں۔ اس رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ غیر ملکیوں کو اضافی گھنٹوں کے پیسے بھی نہیں دیے جاتے اور انہیں رہنے کے لیے انتہائی غیر معیاری رہائشی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

[pullquote]لبنانی اور اسرائیلی فوجی نمائندوں کی ملاقات[/pullquote]

اسرائیل اور لبنان کے فوجی نمائندوں نے اقوام متحدہ کے امن دستوں کی موجودگی میں بدھ پانچ دسمبر کو ایک ملاقات کی ہے۔ ذرائع کے مطابق جنوبی سرحدی قصبے ناقورہ میں ہوئی اس ملاقات میں دونوں ممالک کی مشترکہ سرحد پر اسرائیلی فوجی آپریشن پر توجہ مرکوز کی گئی۔ یہ آپریشن چار دسمبر کو شروع کیا گیا اور اس کا مقصد لبنانی سرحدی علاقوں میں بنائی گئی سرنگوں کی نشاندہی اور صفایا ہے۔ اسرائیل کا الزام ہے کہ ایسی خفیہ سرنگیں لبنان کی شیعہ عسکری تنظیم حزب اللہ نے تعمیر کر رکھی ہیں۔

[pullquote]بھارت: ایڈز وائرس کی موجودگی کا شبہ، جھیل کو خشک کرنا شروع کر دیا[/pullquote]

بھارتی ریاست کرناٹک کے ایک گاؤں موراب میں واقع ایک بڑی جھیل میں سے ایڈز مرض میں مبتلا خاتون کی نعش برآمد ہونے کے بعد حکام نے اس جھیل کے پانی کو ضائع کر کے خشک کرنا شروع کر دیا ہے۔ جھیل سے پانی نکالنے کا عمل گزشتہ چار دن سے جاری ہے۔ یہ جھیل بتیس ایکڑ پر پھیلی ہوئی ہے۔ ریاستی حکام نے قریبی دیہات کے باسیوں کو بتایا کہ جھیل کے پانی میں ایڈز وائرس کی نشاندہی نہیں ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود انہوں نےجھیل کا پانی پینے سے انکار کردیا ہے۔

[pullquote]مافیا گروہ ’اندرانگیتا‘ کے خلاف بین الاقوامی چھاپے[/pullquote]

اطالوی مافیا گروہ ’اندرانگیتا‘ کے خلاف بین الاقوامی سطح پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ جن میں ممالک میں اس گروہ کے اراکین کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں، ان میں جرمنی، اٹلی، ہالینڈ، بیلجیم اور کئی جنوبی امریکی ممالک شامل ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق مجموعی طور پر اس گروہ کے نوے مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اندرانگیتا کو اٹلی کی سب سے طاقتور مافیا تنظیم قرار دیا جاتا ہے۔ یہ یورپ میں منشیات کی اسمگلنگ کی وجہ سے بھی مشہور ہے۔

[pullquote]جوہری ہتھیاروں سے متعلق امریکی الزامات بے بنیاد ہیں، روس[/pullquote]

روس نے نیٹو اور امریکا کے اُن الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے، جن میں کہا گیا تھا کہ روس درمیانی رینج کے ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق ’آئی این ایف‘ معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ ماسکو میں صدارتی دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ایسے بیانات سے امریکا اور روس کے تعلقات مزید خراب ہوں گے۔ قبل ازیں روس کو دھمکی دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اگر اس نے معاہدے کی پاسداری نہ کی تو امریکا بھی اس معاہدے سے دستبردار ہو جائے گا۔ روس کو اس کے سیاسی نتائج سے بھی آگاہ کیا گیا تھا۔

[pullquote]ایران کی سست ہوتی اقتصادی حالت، افغان مہاجرین کی واپسی[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے مطابق رواں برس یکم دسمبر تک سات لاکھ سے زائد افغان مہاجرین نے ایران سے واپسی اختیار کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان افغان شہریوں کی اپنے وطن واپسی کی ایک بنیادی وجہ ایران کی مشکل اقتصادی صورتحال ہے۔ ایرانی اقتصادیات امریکا کی جانب سے رواں برس مئی سے عائد کی جانے والی پابندیوں کے بعد سے مسلسل سست روی کا شکار ہو چکی ہے۔ اس ادارے کے مطابق پہلی دسمبر تک پاکستان اور ایران سے واپس جانے والے افغان مہاجرین کی کل تعداد سات لاکھ باون ہزار تین سو پچیس رہی۔

[pullquote]پاناما پیپرز، امریکا میں دو جرمنوں سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ[/pullquote]

امریکی محکمہ انصاف نے پاناما پیپرز اسکینڈل میں ملوث ہونے کے الزام میں دو جرمن شہریوں سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ ان افراد میں ایک امریکی اکاؤنٹنٹ اور وسطی امریکی ملک پاناما کے ایک وکیل بھی شامل ہیں۔ ان چار افراد پر متنازعہ فرم موساک فونسکا کے ساتھ مل کر کام کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اِس فرم کو منی لانڈرنگ اور ٹیکس فراڈ کے الزامات کا سامنا ہے۔ موساک فونسکا کو رواں برس کے دوران بند کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]دنیا بھر میں دہشت گردی کے متاثرین میں کمی[/pullquote]

دنیا بھر میں دہشت گردی کے متاثرین میں کمی واقع ہوئی ہے۔ سن 2017 میں دہشت گردی کے واقعات میں مجموعی طور پر تقریبا انیس ہزار افراد ہلاک ہوئے۔ ’ادارہ برائے اقتصادی امور اور امن‘ کے دہشت گردی کے عالمی انڈیکس کے مطابق رواں برس کے متاثرین کی تعداد سن 2016 کے مقابلے میں ستائیس فیصد اور سن 2014 کے مقابلے میں چوالیس فیصد کم ہوئی ہے۔ لندن سے جاری ہونے والی اس رپورٹ کے مطابق عراق، شام اور پاکستان میں صورتحال قدرے بہتر ہوئی ہے۔ اسی طرح یورپ میں بھی دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے۔

[pullquote]چانسلر میرکل رواں برس بھی دنیا کی طاقتور ترین خاتون قرار[/pullquote]

امریکی میگزین فوربز نے رواں برس مسلسل آٹھویں مرتبہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو دنیا کی طاقتور ترین خاتون قرار دیا ہے۔ دوسرے مقام پر گزشتہ برس کی طرح برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے اور تیسری پوزیشن عالمی مالیاتی فنڈ کی فرانسیسی خاتون سربراہ کرسٹین لیگارڈ کو دی گئی ہے۔ عالمی سطح پر طاقتور ترین خواتین کی فہرست کی تیاری میں خواتین کی جائیداد کے ساتھ ساتھ ان کی میڈیا میں موجودگی اور اثر و رسوخ کو بھی مدِنظر رکھا جاتا ہے۔ میگزین کے مطابق عوام میں اب یہ سوال گردش کر رہا ہے کہ جرمن چانسلر کے بعد یہ جگہ دنیا کی کس خاتون کو حاصل ہو سکتی ہے۔

[pullquote]سعودی حمایت یافتہ یمنی وفد امن مذاکرات کے لیے سویڈن روانہ[/pullquote]

سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومت کا ايک وفد امن مذاکرات کے لیے سویڈن روانہ ہو گیا ہے۔ دوسری جانب ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کا ایک وفد پہلے ہی اقوام متحدہ کی ثالثی میں ہونے والے ان مذاکرات میں شرکت کے لیے سویڈن پہنچ چکا ہے۔ قبل ازیں ایران نے بھی ان مذاکرات کی حمایت کا اعلان کیا تھا جبکہ سعودی عرب نے بھی حوثی باغیوں کی شرط مانتے ہوئے یمن میں اپنے زیر قبضہ علاقے سے زخمی حوثی باغیوں کے انخلاء کی اجازت دے دی تھی۔ یہ امن مذاکرات ممکنہ طور پر آج بدھ کے روز شروع ہو سکتے ہیں۔

[pullquote]حزب اللہ کی ایک سرنگ تباہ کر دی، اسرائیل[/pullquote]

اسرائیلی فوج کے مطابق انہوں نے حزب اللہ کی ایک ایسی سرنگ تباہ کر دی ہے، جو ان پر حملہ کرنے کی نیت سے بنائی گئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ یہ سرنگ لبنان کی شیعہ تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل لبنان سرحد کے نیچے بنا رکھی تھی اور یہ اسرائيل کی سرحد کے اندر چالیس میٹر تک پہنچ چکی تھی۔ اسرائیلی حکام کے مطابق ایسی مزید سرنگیں بھی مل سکتی ہیں۔ ماضی میں اسرائیلی ایسی ہی سرنگیں غزہ میں بھی تباہ کر چکا ہے۔ حزب اللہ نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

[pullquote]اسرائیل، خواتین پر تشدد کے خلاف احتجاجی مظاہرے[/pullquote]

دو نوجوان لڑکیوں کی موت کے بعد اسرائیل میں خواتین پر تشدد کے خلاف بڑے احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں۔ صرف تل ابیب میں ہونے والے مظاہرے میں تقریباً بیس ہزار افراد شامل تھے۔ خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے خواتین کی حفاظت کے لیے نئے منصوبے شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اسرائیل بھر میں ہونے والے ان مظاہروں کو تقریباً تین سو اداروں اور کمپنیوں کی حمایت بھی حاصل تھی۔ ایک ہفتہ قبل ایک بارہ اور ایک سولہ سالہ اسرائیلی لڑکیوں کو تل ابیب اور شمالی اسرائیل میں تشدد کے بعد ہلاک کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]روس جوہری ہتھیاروں سے متعلق معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے، نیٹو[/pullquote]

انتیس رکنی مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے پہلی مرتبہ یہ الزام عائد کیا ہے کہ روس درمیانی رینج کے ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق ’آئی این ایف‘ معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ برسلز میں نیٹو کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں روس سے فوری طور پر اس معاہدے کی مکمل پاسداری کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ روس کو دھمکی دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر اس نے نیٹو کی تجویز پر عمل نہ کیا تو امریکا بھی اس معاہدے سے دستبردار ہو جائے گا۔ روس کو اس کے سیاسی نتائج سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

[pullquote]افغانستان: ہرات اور ننگرہار ميں پرتشدد واقعات[/pullquote]

افغان حکام نے دعویٰ کيا ہے کہ طالبان باغيوں نے صوبہ ہرات ميں ايک پوليس چيک پوائنٹ پر حملہ کرتے ہوئے کم از کم تين شہريوں اور ايک پوليس اہلکار کو ہلاک کر ديا ہے۔ پوليس ترجمان عبدالاحد ولی زادہ نے بتايا کہ منگل اور بدھ کی درميانی شب کيے جانے والے اس حملے ميں چھ جنگجو بھی مارے گئے۔ دريں اثناء صوبہ ننگرہار ميں ايک مقامی ٹيلی وژن اسٹيشن کے ڈائریکٹر کو بھی اغواء کر ليا گيا۔ صوبائی گورنر کے ترجمان کے بقول يہ واردات بھی منگل کی شب ہوئی اور اس ميں ڈائریکٹر کے ڈرائيور کو قتل کر ديا گيا۔

[pullquote]جرمن صدر کا چھ روزہ دورہ چين[/pullquote]

جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر چين کے چھ روزہ دورے پر آج بروز بدھ روانہ ہو رہے ہيں۔ اس دورے میں مصنوعی ذہانت، چين ميں انسانی حقوق کی صورت حال اور اقتصادی روابط جيسے معاملات پر بات چيت متوقع ہے۔ جرمن صدر کا يہ کسی بھی ملک کا سب سے طويل دورہ ہو گا۔ اس سرکاری دورے سے قبل صدر دفتر سے جاری کردہ بيان ميں چين کے ساتھ باہمی روابط کو متنوع لیکن پیچیدہ بھی قرار دیا گیا ہے۔ اس دورے میں جرمنی کے کمشنر برائے انسانی حقوق باربل کوفلر بھی بھی اشٹائن مائر کے ہمراہ ہيں۔

[pullquote]داعش کی مدد کرنے پر امريکی فوجی کو پچيس برس قيد[/pullquote]

جہادی تنظیم داعش کی معاونت پر ايک امريکی فوجی کو پچيس برس قيد کی سزا سنائی گئی ہے۔ پينتيس سالہ اکائيکا ايرک کانگ سن 2016 کے اوائل سے داعش کے ليے ہمدردی رکھتے ہيں اور وہ باقاعدگی سے اس گروہ کی ويڈيوز ديکھا کرتے تھے۔ ان پر يہ جرم ثابت ہوا ہے کہ وہ داعش کی مدد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ وہ عوامی مقامات پر حملوں کے علاوہ ايک فوجی پريڈ کو بھی نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ کانگ کو ايک تقريب اور داعش ميں باقاعدہ شموليت اختيار کرنے کے بعد گرفتار کيا گيا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے