خان صاحب ایسا نیا پاکستان آپ کو ہی مبارک ہو

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈالا گیا اور 100 دنوں میں صرف غریبوں پر مہنگائی کا بوجھ ڈالا گیا لہٰذا خان صاحب ایسا نیا پاکستان آپ کو ہی مبارک ہو۔

لاہور کے حلقے پی پی 168 میں ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم کے دوران حمزہ شہباز کا کارکنوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈالا گیا لیکن ہمیں پاکستان کے عوام پر بھروسہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘ایک شخص میٹروبس کو جنگلا بس کہا کرتا تھا لیکن پشاور میں 75 ارب روپے کا میٹروبس کا منصوبہ چل رہا ہے جس سے نیازی نے پشاور کو کھنڈر بنا دیا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو گرفتار ہوئے دو ماہ ہوگئے ہیں لیکن ان کیخلاف کرپشن ثابت نہیں ہوئی اور احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ نیب کاغذی کارروائی کرتا رہا، شہباز شریف کیخلاف کِک بیکس ثابت نہ کرسکا۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ‘ایک شخص کنٹینر پر چڑھ کر کہتا تھا کہ مجھے قرض لینا پڑا تو خودکشی کرلوں گا، نیازی صاحب عزت اللہ کی ذات دیتی ہے اور کبھی کبھی کرسی پر بٹھا کر بھی اللہ بے نقاب کرتا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘نیازی صاحب قوم آپ سے 100 دنوں کا حساب مانگتی ہے، ڈالر اوپر چلا گیا، بجلی اور گیس مہنگی ہوگئی، اسٹاک مارکیٹ آئے دن کریش ہورہی ہے اور لوگوں کے اربوں روپے ڈوب جاتے ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘قوم جانتی ہے آئی جی کو چپڑاسی کی طرح تبدیل کردیا جاتا ہے اور انضمام پلس بزدار صاحب کو پھر سپریم کورٹ میں معافی مانگنا پڑتی ہے’۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ‘100 پیشیوں کے باوجود جج کو لکھنا پڑا کہ نواز شریف کیخلاف کرپشن ثابت نہیں ہوئی لیکن لوگ پوچھتے ہیں مسٹر کلین پہلے اپنی بہن کی صفائی دے اس کی بھی آف شور کمپنیاں ہیں’۔

وزیر اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ نیازی صاحب اخلاقی جرات ہے تو بتائیں آپ نےخیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر میں کتنے سیر سپاٹے کیے، نیازی صاحب نے ایک کام اچھا کیا ہے اور وہ وزیراعظم ہاؤس کی بھینسوں کی نیلامی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس صاحب خود کہتے ہیں کہ ‘کیا یہ نیا پاکستان ہے جہاں اسپتالوں میں بستر تک نہیں، نیازی صاحب آپ کو کام کرنا پڑے گا یا قوم سے معافی مانگنی پڑے گی’۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھاکہ جو بھی گرفتار ہوتا ہے وہ مسلم لیگ ن کا ایم این اے یا ایم پی اے ہوتا ہے، آپ کی اپنی کابینہ میں ایسے لوگ بیٹھے ہیں، انصاف کرنا ہے تو پورا کرو۔

x

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے