اتوار : 09 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان: صوبہ فراہ ميں طالبان کے حملے ميں آٹھ فوجی ہلاک[/pullquote]
افغان طالبان نے مغربی صوبہ فراہ ميں ايک فوجی چيک پوائنٹ پر حملہ کرتے ہوئے کم از کم آٹھ فوجيوں کو ہلاک کر ديا ہے۔ صوبائی کونسل کے رکن عبدالصمد صالحی نے اتوار کے دن بتايا کہ يہ کارروائی ہفتے کی شب کی گئی۔ ان کے بقول جنگجو کم از کم دس فوجيوں کو يرغمال بنا کر اپنے ساتھ بھی لے گئے ہيں۔ صوبائی پوليس کے ترجمان محب اللہ محب کے مطابق جوابی کارروائی ميں تين شدت پسند مارے گئے جبکہ چار ديگر کو زخمی کر ديا گيا۔

[pullquote]ايران: چابہار ميں حملے کے دس ملزمان گرفتار[/pullquote]

ايرانی پوليس نے دس افراد کی حراست کی اطلاع دی ہے، جن پر شبہ ہے کہ وہ جنوب مشرقی ايران ميں حملے اور دو پوليس اہلکاروں کی ہلاکت ميں ملوث تھے۔ گرفتاريوں کی اطلاع پوليس چيف حسين عشطری نے اتوار کو دی ہے۔ گزشتہ جمعرات کو چابہار ميں بارود سے لدی ايک گاڑی کی مدد سے ايک پوليس چيک پوائنٹ کو نشانہ بنايا گيا تھا۔ اس حملے کی ذمہ داری عليحدگی پسند جہادی گروہ انصار الفرقان نے تسليم کر لی تھی تاہم تہران حکومت نے يہ دعویٰ مسترد کر ديا تھا۔ ايرانی صوبہ سیستان بلوچستان ميں پاکستان سے تعلق رکھنے والے بلوچ عليحدگی پسند اور سنی انتہا پسند گروہ سرگرم ہيں۔ ايران ايسے حملوں کا الزام سعودی عرب، اسرائيل اور امريکا پر عائد کرتا ہے۔

[pullquote]’پيلی جيکٹوں‘ والوں کا احتجاج: فرانسيسی صدر کا اہم اعلان متوقع[/pullquote]

فرانسيسی صدر امانوئل ماکروں ملک ميں جاری احتجاج مظاہروں کے تناظر ميں آئندہ ہفتے کوئی اہم اعلان کرنے والے ہيں۔ يہ اطلاع حکومتی ترجمان نے آج بروز اتوار دی۔ پيرس اور ملک کے ديگر بڑے شہروں ميں ’پيلی جيکٹوں‘ والوں کے احتجاجی مظاہروں کے دوران مجموعی طور پر سترہ سو تئیس افراد کو حراست ميں ليا گيا۔ اعداد و شمار کے مطابق اس ہفتے ملک گير مظاہروں ميں کُل ایک لاکھ چھتیس ہزار افراد نے حصہ ليا۔ فرانس ميں ايندھن کی قيمتوں ميں اضافے کے خلاف يہ مظاہرے ہر ہفتے کے روز نکالے جاتے ہيں اور يہ اس سلسلے کا تيسرا بڑا احتجاجی مظاہرہ تھا۔ وزير خزانہ برُونو لی ميئر نے ان مظاہروں کو ملکی معيشت کے ليے تباہ کن قرار ديا ہے۔

[pullquote]مسجد کے مقام پر مندر تعمير کيا جائے، قوم پرست ہندو مظاہرین[/pullquote]

بھارتی وزير اعظم نريندر مودی کی بھارتيہ جنتا پارٹی کے ہزارہا کارکن اور ہندو پنڈت آج بروز اتوار دارالحکومت نئی دہلی ميں جمع ہوئے۔ ان افراد نے حکومت سے مطالبہ کيا ہے کہ شمالی شہر ايودھيا ميں تاريخی بابری مسجد کے مقام پر اب ايک مندر تعمير کيا جائے۔ مظاہرين نے حکومت سے ايسی قانون سازی کا مطالبہ بھی کيا، جس سے متعلقہ مقام پر مندر کی تعمير کی راہ ہموار ہو سکے۔ سن 1992 ميں انتہا پسند ہندوؤں کے ايک گروہ نے ايودھيا ميں تاريخی بابری مسجد مسمار کر دی تھی، جس کے بعد ہندو مسلم فسادات ميں دو ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]سعودی عرب ميں جی سی سی کا سالانہ اجلاس[/pullquote]

خلیجی تعاون کونسل کا سالانہ سربراہی اجلاس آج سعودی دارالحکومت ميں جاری ہے۔ اس ايک روزہ اجلاس ميں چھ خليجی ممالک کے سربراہان سلامتی سے متعلق امور کے علاوہ يمنی جنگ، قطر کے سفارتی تنازعے اور خطے ميں ايران کے اثر و رسوخ جيسے معاملات پر تبادلہ خيال کر رہے ہيں۔ بحرين کے وزير خارجہ شيخ خالد بن احمد الخليفہ نے اس سمٹ ميں شرکت نہ کرنے پر قطر کے امير پر تنقيد کی ہے۔ سعودی شاہ سلمان نے اس اجلاس ميں قطر کے امير کو بھی دعوت دی تھی تاہم وہ اس ميں خود شريک نہ ہوئے بلکہ اپنی جگہ وزير خارجہ کو رياض بھيجا۔

[pullquote]ٹرمپ کے چيف آف اسٹاف کيلی جلد اپنی ذمے دارياں چھوڑ ديں گے[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتايا ہے کہ ان کے چيف آف اسٹاف جان کيلی اس سال کے اختتام پر اپنی ذمے دارياں چھوڑ ديں گے۔ نائب صدر مائيک پينس کے چيف آف اسٹاف نک آئرز امکاناً ٹرمپ کے چيف آف اسٹاف کے ليے اميدوار ہيں۔ اس تبديلی کی وجہ سن 2020 ميں آئندہ صدارتی اليکشن کے ليے تياری بتائی جا رہی ہے۔ کيلی نے جون سن 2017 ميں يہ ذمہ داری سنبھالنے کے بعد وائٹ ہاؤس کے ويسٹ ونگ ميں معاملات کو منظم بنانے ميں مدد دی، جس کے ليے ٹرمپ نے ان کی تعريف بھی کی۔

[pullquote]کشمير میں تين مشتبہ باغی ہلاک، بھارتی فوج[/pullquote]

بھارتی زير انتظام کشمير ميں ہفتے اور اتوار کی درميانی شب کم از کم تين مشتبہ عليحدگی پسند باغيوں کو ہلاک کر ديا گيا۔ بھارتی پولیس کے مطابق سری نگر کے مضافات ميں سکيورٹی فورسز اور باغيوں کے درميان اٹھارہ گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ اس کارروائی ميں ايک فوجی، ايک نيم فوجی اور تين پوليس اہلکاروں کے زخمی ہونے کا بھی بتایا گیا ہے۔ ان ہلاکتوں کی خبريں پھيلنے کے بعد علاقے کے لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے بھارتی سکيورٹی دستوں پر پتھراؤ کيا۔ رواں برس بھارتی زير انتظام کشمير ميں ايسی کارروائیوں کے دوران 223 مشتبہ باغيوں کو ہلاک کيا جا چکا ہے۔

[pullquote]بنگلہ ديش: اپوزيشن پارٹی کے ارکان کی گرفتارياں جاری[/pullquote]

حزب اختلاف کی بنگلہ ديش نيشنلسٹ پارٹی نے آج بروز اتوار دعویٰ کيا ہے کہ اس کے قريب دو ہزار ارکان کو حراست ميں لے ليا گيا ہے۔ پارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد پارٹی کی انتخابی مہم کو متاثر کرنا ہے۔ بی اين پی تيس دسمبر کو ہونے والے عام انتخابات ميں موجودہ وزير اعظم شيخ حسينہ اور ان کی عوامی ليگ پارٹی کی حکومت کا خاتمہ چاہتی ہے۔ بی اين پی کے ترجمان رضوی احمد کے بقول گرفتاريوں کا سلسلہ نومبر کے اواخر سے جاری ہے اور ان کے کارکنان اب تک جيلوں ميں ہيں۔ بی اين پی کے ايک اور رکن نے کہا ہے کہ پارٹی کے گيارہ اميدوار بھی زير حراست ہيں۔ اليکشن کے ليے انتخابی مہم کا دورانيہ کل پير سے شروع ہو رہا ہے۔

[pullquote]ہُوآوے کی اہلکار کی کينيڈا ميں حراست، چين کی کينيڈا کو دھمکی[/pullquote]

چين نے کينيڈا کو خبردار کيا ہے کہ اگر ہُوآوے ٹيکنالوجيز کمپنی لميٹڈ کی چيف فنانشل آفيسر کو فوری طور پر رہا نہ کيا گيا، تو کينيڈا کو اس کے نتائج بھگتنا پڑيں گے۔ مينگ وانزُو يکم دسمبر سے کينيڈا ميں زير حراست ہيں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے امريکی پابنديوں کے باوجود ايران کے ساتھ خريد و فروخت کی اور پھر ان معاہدوں کو چھپايا۔ مينگ کو امريکا کے حوالے کيا جا سکتا ہے، جہاں انہيں تيس برس تک کی قيد ہو سکتی ہے۔ جمعے کو ان کی کينيڈا ميں پہلی پيشی تھی اور کل پير کو وہ دوبارہ عدالت ميں پيش ہوں گی۔ چين نے اس پورے معاملے پر شديد رد عمل ظاہر کيا ہے۔

[pullquote]يمنی جنگ ميں سعودی عرب کی حمايت جاری رہے گی، امريکا[/pullquote]

امريکی محکمہ خارجہ نے يمنی جنگ ميں سعودی عرب کی حمايت ترک کرنے کی سختی سے مخالفت کی ہے۔ خليجی عرب ممالک سے متعلق امور کے نائب اسسٹنٹ سکیرٹری ٹموتھی لينڈرکنگ نے ہفتے کے روز کہا کہ مستقبل کے يمن ميں سعودی عرب کے ليے ايرانی حمايت يافتہ قوتوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں چھوڑی جائے گی۔ ان کے بقول يمن ميں انتہا پسندی اور ايران کے اثر و رسوخ کو ختم کرنے کے ليے سعودی قيادت ميں عسکری اتحاد کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔ يہ امر اہم ہے کہ امريکا ميں داخلی سطح پر يمنی جنگ کی حمايت ترک کرنے کے ليے حکومت پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے