منی لانڈرنگ کیس: زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 21 دسمبر تک توسیع

کراچی: بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 21 دسمبر تک توسیع کردی۔

سابق صدر آصف زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت کا آج آخری روز تھا۔

آصف زرداری، فریال تالپور، نمر مجید، اے جی مجید اور مصطفیٰ ذوالقرنین سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

اس موقع پر کمرہ عدالت میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں کا رش لگ گیا جس پر عدالتی اسٹاف نے غیر متعلقہ افراد کو پیچھے جانے کا حکم دیا۔

زرداری اور اے جی مجید کی ملاقات

کمرہ عدالت میں آصف زرداری اور عبدالغنی مجید نے ایک نشست پر بیٹھ کر ملاقات کی، اس دوران سابق صدر کے نجی گارڈز نے چاروں طرف حصار بنالیا اور دوسرے رہنماؤں سمیت جیالوں کو پیچھے دھکیل دیا۔

دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو کیس میں پیشرفت سے متعلق آگاہ کیا جب کہ سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ کے وکلاء کی جانب سے عبوری ضمانت میں توسیع کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے دونوں کی عبوری ضمانت میں 21 دسمبر تک توسیع کردی جب کہ عدالت نے کیس کی سماعت بھی اسی روز تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ ملزمان کے خلاف بوگس اکاؤنٹ کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔

کیس میں آصف زرداری، فریال تالپور، اومنی گروپ کے مالک انور مجید کے صاحبزادے نمر مجید، ذوالقرنین اور علی مجید عبوری ضمانت پر ہیں جب کہ انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی اور طحہ رضا گرفتار ہیں۔

مذکورہ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سے بھی تفتیش کی جارہی ہے، انور مجید سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی بھی سمجھے جاتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے