کراچی تجاوزات آپریشن: میئر کو آپریشن سے روکنے کی سندھ حکومت کی استدعا مسترد

کراچی: سپریم کورٹ نے شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پر میئر کراچی کو روکنے کی سندھ حکومت کی استدعا مسترد کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور شہری انتظامیہ کو مل بیٹھ کر معاملات طے کرنے کی ہدایت کردی۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

دورانِ سماعت چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے ایمپریس مارکیٹ کو ماڈل بنانے کے لیے کہا تھا، ہم نے اس وقت حکم نہیں دیا تھا، یہ کام میئر نے خود شروع کیا۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ فٹ پاتھ اور سڑکیں کلیئر کرانے کا حکم واضح تھا، ہم نے خالی کرانے کاحکم دیا تو یہاں ہنگامہ شروع ہوگیا، لوگ احتجاج شروع کردیں اور ہم ریاست کی رٹ ختم کردیں، کیا اس طرح غیر قانونی قابضین کو چھوڑدیں؟ یہاں سرکاری مکانوں پر لوگوں نے قبضہ کیا ہوا ہے۔

جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ ہم کراچی کو بہتر بنانا چاہتے ہیں مگر آپ لوگوں کی مصلحت آڑے آرہی ہے۔

اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت سے استدعا کی کہ آپ میئر کراچی کو چار ہفتوں کے لیےآپریشن سے روکیں، میئر بہت تیزی سے تجاوزات گرا رہے ہیں۔

ایڈووکیٹ جنرل کی استدعا پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہم کیوں روکیں آپ مل بیٹھیں خود طے کریں۔

عدالت نے تجاوزات کے خلاف آپریشن سے متعلق میئر کراچی وسیم اختر سے کل رپورٹ طلب کرلی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے