منگل : 11 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بریگزٹ پلان پر ووٹنگ اکیس جنوری سے قبل ہو گی[/pullquote]

برطانوی پارلیمان میں وزیرا عظم ٹریزا مے کے بریگزٹ پلان پر ووٹنگ اکیس جنوری سے قبل کر لی جائے گی۔ برطانوی وزیر اعظم کے ایک ترجمان نے منگل کے دن بتایا کہ رائے شماری کے اس عمل سے قبل وہ اپنے یورپی ساتھیوں کی اضافی حمایت حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ اسی مقصد کی خاطر وہ آج برلن میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے ملاقات کر رہی ہیں۔ قبل ازیں انہوں نے ہالینڈ میں ڈچ وزیر اعظم مارک رٹے سے بھی ملاقات کی۔ جرمنی سے واپسی کے بعد مے بدھ کو اپنی کابینہ سے ایک خصوصی ملاقات کریں گی جبکہ جمعرات کو وہ برسلز میں یورپی یونین کے رکن ممالک کے رہنماؤں سے ملیں گی۔

[pullquote]اسرائیلی عسکری وفد کی روسی دفاعی ماہرین سے میٹنگ[/pullquote]

روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ وہ شام کی صورتحال پر اسرائیلی عسکری وفد سے ملاقات کا اہتمام کر رہی ہے۔ یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب گزشتہ ہفتے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی۔ حال ہی میں شام میں ایک روسی طیارے کی تباہی کے بعد ان دونوں ممالک میں تناؤ نظر آیا تھا۔ اسرائیلی حکومت نے البتہ واضح کر دیا ہے کہ مستقبل میں شام میں کسی کارروائی سے قبل ہی روسی حکام کو معلومات فراہم کر دی جائیں گی۔

[pullquote]مہاجرین کا بحران، 5.5 بلین ڈالر کی ضرورت[/pullquote]

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ ایسے ممالک کی مدد کرنے کی خاطر 5.5 بلین ڈالر کی ضرورت ہے، جنہوں نے شامی مہاجرین کو پناہ دے رکھی ہے۔ عالمی ادارے کے اس فنڈ سے آئندہ برسوں کے دوران مصر، اردن، لبنان، عراق اور ترکی کی مدد کی جائے گی تاکہ وہ شامی مہاجرین کو بہتر سہولیات فراہم کر سکیں۔ شامی خانہ جنگی کے باعث سن دو ہزار گیارہ سے اب تک کم از کم تین لاکھ ساٹھ ہزار افراد ہلاک جبکہ دیگر لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔

[pullquote]فرانس میں حکومت مخالف مظاہرے، حکومت فعال ہو گئی[/pullquote]

فرانسیسی حکومت نے کہا ہے کہ وہ قانون سازوں کو قائل کرنے کی کوشش کرے گی کہ صدر ایمانوئل ماکروں کی طرف سے تجویز کردہ اقدامات ’زرد جیکٹوں‘ میں ملبوس مظاہرین کے مطالبات کو پورا کرتے ہیں۔ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے بعد فرانس میں شروع ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ پرتشدد رنگ اختیار کر چکا ہے۔ گزشتہ روز ہی ماکروں نے کہا تھا کہ وہ مظاہرین کے مطالبات تسلیم کرتے ہیں۔ تاہم اس بارے میں زیادہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ آج ملکی وزیرا عظم اپنی کابینہ اور دیگر قانون سازوں کو اس بارے میں تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

[pullquote]بیلسٹیک میزائل تجربہ کیا گیا، ایران نے تصدیق کر دی[/pullquote]

ایران نے آج منگل کے دن تصدیق کر دی کہ حال ہی میں بیلسٹک میزائل کا ایک کامیاب تجربہ کیا گیا۔ ایران کی طرف سے یکم دسمبر کو درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے اس میزائل تجربے پر عالمی طاقتوں نے شدید ردعمل ظاہر کیا تھا۔ ایک حکومتی بیان کے مطابق ایران اپنے میزائلوں کے تجربات کے پروگرام پر عمل پیرا ہے اور حال ہی میں کیا گیا ایک تجربہ اسی سلسلے کی ایک کڑی تھا۔

[pullquote]وانژو کی گرفتاری پر چین کے ردعمل میں سختی[/pullquote]

چینی حکومت نے ہواوے کمپنی کی ایک اعلیٰ اہلکار مینگ وانژو کی گرفتاری پر احتجاج میں شدت پیدا کر دی ہے۔ اس چینی کمپنی کی چیف فنانشل آفیسر کو یکم دسمبر کو امریکی وارنٹ پر کینیڈا سے حراست میں لیا گیا تھا۔ ایک تازہ بیان میں چینی وزیر خارجہ نے اصرار کیا ہے کہ وانژو کو گرفتار کر کے کینیڈا نے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس پیش رفت کے باعث چین اور کینیڈا کے باہمی اور تجارتی تعلقات میں تناؤ پیدا ہو سکتا ہے۔ واشنگٹن حکومت کا کہنا ہے کہ وانژو کو امریکا کے حوالے کیا جائے۔

[pullquote]تھائی لینڈ میں الیکشن کی راہ ہموار ہو گئی[/pullquote]

طویل انتظار کے بعد تھائی لینڈ میں عام انتخابات کا انعقاد کرانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ منگل کے دن ملکی الیکشن کمیشن نے کہا کہ آئندہ الیکشن چوبیس فروری کو ہوں گے۔ سن دو ہزار چودہ میں اقتدار سنبھالنے کے بعد ملکی فوجی اسٹیبشلمںٹ نے سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔ اس کی وجہ وزیر اعظم ینگ لک شناواترا کی معزولی کے بعد شروع ہونے والے عوامی مظاہرے بنے تھے۔

[pullquote]روس یوکرائنی فوجیوں کو رہا کرے، جرمن چانسلر کا مطالبہ[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے روس پر زور دیا ہے کہ وہ چوبیس یوکرائنی فوجیوں کو رہا کر دے۔ میرکل نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہا کہ صورتحال میں بہتری کی خاطر فوری اقدامات لینے کی ضرورت ہے۔ جرمن حکومت کے ایک ترجمان نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے اپنی گفتگو میں آبنائے کیرچ پر توجہ مرکوز رکھی۔ گزشتہ ماہ اسی مقام سے روسی فوجیوں نے تین یوکرائنی بحری جہازوں اور اس میں سوار عملے کے چوبیس افراد کو اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔ ماسکو کے مطابق یہ کارروائی یوکرائنی فوج کی طرف سے اشتعال اںگیزی کے باعث کی گئی تھی۔

[pullquote]پانچ امریکی فوج ہلاک ہو گئے، امریکی فوج[/pullquote]

پینٹا گون نے تصدیق کر دی کہ پانچ لاپتہ امریکی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ گزشتے ہفتے شمالی جاپانی ساحلی علاقے میں ایک جہاز تباہ ہونے کے نتیجے میں ان امریکیوں کو لاپتہ قرار دیا گیا تھا۔ یہ حادثہ اس وقت رونما ہوا تھا، جب معمول کی تربیت کے دوران دو طیارے آپس میں ٹکرا گئے تھے۔ امریکی حکام نے کہا ہے کہ اس حادثے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت جلد ہی کر دی جائے گی۔ تباہ شدہ جہاز کا ملبہ مل چکا ہے جبکہ امریکی فوج نے سرچ اور ریسکیو مشن ختم کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]روس نے جوہری ہتھیار لے جانے والے دو بمبار جہاز وینزویلا پہنچا دیے[/pullquote]

روس نے جوہری ہتھیار پھینکنے کی صلاحیت رکھنے والے دو بمبار طیارے وینزویلا پہنچا دیے ہیں۔ یہ پیشرفت ایک ایسے وقت پر ہوئی ہے جب روس اور امریکا کے تعلقات میں کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق دو ٹی یو 160 طیارے 10 ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے پیر کی صبح کاراکس کے قریب واقع ایک فوجی اڈے پر پہنچے۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ ان طیاروں میں جوہری ہتھیار بھی موجود ہیں یا نہیں اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ یہ طیارے کب تک وینزویلا میں موجود رہیں گے۔

[pullquote]افغان انٹیلیجنس کی ٹیم پر حملہ، چار ہلاک[/pullquote]

افغانستان کی مرکزی انٹیلیجنس ایجنسی کے ارکان کو دارالحکومت کابل کے قریب ایک حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایک سینیئر سکیورٹی اہلکار کے مطابق اس حملے کے نتیجے میں چار افراد ہلاک جبکہ چھ دیگر زخمی ہوئے۔ اس اہلکار نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ افغان انٹیلیجنس ایجنسی اور نیشنل ڈائریکٹوریٹ فار سکیورٹی کی ایک آپریشنل ٹیم کو خودکش حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ اس اہلکار نے اس بارے میں مزید تفصیل نہیں بتائی۔

[pullquote]ٹریزا مے، میرکل کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش میں[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے بریگزٹ منصوبے میں تبدیلی کی خاطر جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی حمایت حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ مے آج برلن میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے ملاقات کر رہی ہیں۔ اس دوران دونوں رہنما بریگزٹ معاہدے پر گفتگو کریں گے۔ برطانوی پارلیمان میں بریگزٹ ڈیل پر ووٹنگ مؤخر کرنے کے بعد مے کے دورہ یورپ کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ وہ آج ہی ہالینڈ میں ڈچ وزیر اعظم مارک رُٹے سے ملاقات کے بعد برلن پہنچیں گی۔ مے کو اپنے بریگزٹ معاہدے پر اپنی ہی قدامت پسند جماعت میں مخالفت کا سامنا ہے۔ یورپی یونین کے رکن ممالک اسی ہفتے برطانوی وزیر اعظم کے ساتھ ایک اہم میٹنگ بھی کر رہے ہیں۔

[pullquote]طالبان کے لیے لڑنے والے جرمن شخص کو قید کی سزا[/pullquote]

افغان طالبان کے لیے لڑنے والے ایک جرمن شخص کو چھ برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ افغانستان جا کر طالبان میں شامل ہونے والے اس 37 سالہ جرمن شہری کو ایک دہشت گرد تنظیم کی رکنیت اختیار کرنے پر یہ سزا سنائی گئی ہے۔ استغاثہ کے مطابق تھامس کے نے 2013ء میں طالبان کے ساتھ مل کر حملوں میں حصہ لیا۔ اسے رواں برس فروری میں گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد اپریل میں اسے جرمنی منتقل کر دیا گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے