ایشا امبانی کی ‘مہنگی ترین’ شادی میں نامور شخصیات نے چار چاند لگا دیئے

بھارت کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی کی صاحبزادی ایشا امبانی شادی کے بندھن میں بندھ گئیں، اس مہنگی ترین شادی میں عزیز و اقارب سمیت نامور ارب پتی شخصیات، سیاستدانوں، کھلاڑیوں اور بالی وڈ اسٹارز نے بھی شرکت کی اور چار چاند لگا دیئے۔

ایشا امبانی ایک اور ارب پتی تاجر کے بیٹے آنند پیرامل کے ساتھ گزشتہ روز بھارتی شہر ممبئی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں، جبکہ اس سے قبل سنگیت اور دیگر تقریبات بھارتی شہر ادھے پور میں منعقد کی گئی تھیں۔

اُدھے پور میں ہونے والی شادی سے پہلے کی تقریبات میں ملکی اور غیر ملکی مہمانوں کو پہنچانےکے لیے 100 چارٹرڈ طیاروں کی خدمات حاصل کی گئیں جبکہ کئی فائیو اسٹار ہوٹلز بھی بُک کروائے گئے تھے۔

اس شادی کو گذشتہ 35 برسوں میں ہونے والی مہنگی ترین شادی قرار دیا جارہا ہے، جس میں پیسا پانی کی طرح بہایا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی پر آنے والے اخراجات کا تخمینہ تقریباً دس کروڑ ڈالر (14 ارب پاکستانی روپے) لگایا گیا ہے۔

ایشا امبانی کی شادی میں دنیا بھر سے مہمان شرکت کے لیے بھارت پہنچے، جن میں امریکا کی سابق خاتونِ اول ہیلری کلنٹن اور مشہور امریکی گلوکارہ بیونسے بھی شامل تھیں۔

علاوہ ازیں امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، عامر خان، انیل کپور، ریکھا، مادھوری ڈکشت، روینہ ٹنڈن، عالیہ بھٹ، کرن جوہر اور دیگر بالائی ستارے بھی شریک تھے۔

شادی میں بالی وڈ کے نوبیاہتا جوڑے پریانکا نک جونس اور دپیکا رنویر بھی سب کی توجہ کا مرکز بنے۔

شادی کی تمام رسمیں ہندو رسم رواج سے نبھائی گئیں اور دلہن دلہا بھی روایتی عروسی ملبوسات میں دکھائی دیے۔

بالی وڈ ستاروں نے بھی جھل مل کردہ عروسی ملبوسات کا انتخاب کیا، جہاں کسی نے ساڑھی تو کسی نے لہنگا چولی کو ترجیح دی۔

شادی کی تقریبات میں بالی وڈ ستاروں کے علاوہ بھارتی کرکٹ کھلاڑیوں نے بھی اپنے اہل خانہ کے ساتھ شرکت کی۔

شادی میں بے شمار سیلفیز، تصاویر اور ویڈیوز بنائی گئیں جو سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔

ایشا امبانی کی مہنگی ترین شادی جہاں دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، وہیں متعدد صارفین کی جانب سے سوشل میڈیا پر تنقید بھی کی جارہی ہے۔

بھارتی صارفین کا کہنا ہے کہ بھارت میں بے انتہا غربت ہے لیکن تاجروں اور ستاروں کو مہنگی ترین شادی کرنے کی زیادہ فکر ہے۔

واضح رہے کہ کاروباری شخصیت مکیش امبانی کا شمار جنوبی ایشیا کے امیر ترین افراد ہوتا ہے، کاروباری جریدے ‘فوربس’ کے مطابق وہ 47 ارب ڈالرز کے مالک ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے