جمعرات : 13 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بریگزٹ ڈیل بچانے کی کوشش، برطانوی وزیر اعظم برسلز پہنچ گئیں[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے یورپی یونین کی سربراہی سمٹ میں شرکت کی خاطر برسلز پہنچ گئی ہیں۔ رواں ہفتے کے دوران ان کا یہ دوسرا دورہ برسلز ہے۔ مے اس سمٹ میں بریگزٹ ڈیل اور اپنے سیاسی کیریئر کو بچانے کی کوشش کریں گی۔ یورپی رہنما اس ڈیل پر دوبارہ مذاکراتی عمل کو رد کر چکے ہیں تاہم ان کے مطابق اس کی تشریح کے راستے کھلے ہیں۔ اس دو روزہ سمٹ میں بریگزٹ کا معاملہ حاوی رہنے کی توقع ہے۔ یورپی رہنما اس دوران دیگر یورپی اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال بھی کریں گے۔

[pullquote]مقبوضہ مغربی اردن، فلسطینی دو اسرائیلیوں کو ہلاک کرکے فرار[/pullquote]

مقبوضہ مغربی اردن کے علاقے میں آج ایک فلسطینی نے دو اسرائیلیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ اسرائیلی حکام کے مطابق حملہ آور کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے اور کئی راستوں کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ یہ پرتشدد واقعہ ایک ایسے وقت میں رونما ہوا ہے، جب اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے مغربی اردن میں ایک کارروائی کرتے ہوئے دو مشتبہ قاتلوں کو ہلاک کیا ہے۔ ان دو واقعات کے نتیجے میں مغربی اردن میں بڑے پیمانے پر تشدد کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

[pullquote]مالی میں حملہ، کئی درجن شہری مارے گئے[/pullquote]

شمال مشرقی مالی میں نامعلوم افراد نے حملہ کرتے درجنوں شہریوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے جمعرات کے دن بتایا کہ نائجر کی سرحد سے متصل مالی کے علاقوں میں یہ کارروائی بدھ کو کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ حملہ آور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور انہوں نے میناکا ریجن میں شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ مقامی حکام نے کہا ہے کہ اس حملے میں طوراق کمیونٹی کے افراد کو نشانہ بنایا گیا۔ ہلاکتوں کی درست تعداد معلوم نہیں ہو سکی لیکن کہا گیا ہے کہ اس کارروائی میں کئی درجن افراد لقمہ اجل بنے۔

[pullquote]امریکی حمایت یافتہ جنگجوؤں کو نشانہ بنایا جائے گا، ترک صدر[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں شمالی شام میں ایک نیا فوجی آپریشن شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس فوجی کارروائی میں ایسے کُرد ملیشیا گروہوں کے خلاف آپریشن کیا جائے گا، جنہیں امریکی حمایت حاصل ہے۔ ایردوآن کے اس بیان کے فوری بعد پینٹا گون کی طرف سے کہا گیا ہے کہ شمالی شام میں ترک فورسز کا کوئی بھی یکطرفہ فوجی ایکشن ’ناقابل قبول‘ ہو گا اور اس کے سخت نتائج برآمد ہوں گے۔ انقرہ حکومت ان جنگجوؤں کو ممنوعہ کردستان ورکرز پارٹی کا حامی قرار دیتی ہے، جو ترکی میں حملے کرتے رہتے ہیں۔

[pullquote]فرانس، مفرور حملہ آور کی تلاش جاری[/pullquote]

فرانسیسی شہر اسٹراس برگ میں منگل کے دن ایک کرسمس مارکیٹ پر حملہ کرنے والا مشتبہ شخص ابھی تک مفرور ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جرمنی کی سرحد سے متصل فرانس کے مشرقی حصے میں پولیس کے ہزاروں اہلکار تعینات ہیں اور انتیس سالہ مفرور شریف سی کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس نے مشتبہ حملہ آور کی تصویر جاری کرتے ہوئے لوگوں سے مدد بھی طلب کی ہے۔ کرسمس مارکیٹ پر ہوئے حملے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جبکہ بارہ زخمی ہوئے تھے۔

[pullquote]ٹریزا مے کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گئی ہے۔ بدھ کی شب برطانوی پارلیمان میں ہوئی ووٹنگ میں انہیں دو سو ووٹ ملے جبکہ 117 ارکان نے ان کی مخالفت کی۔ اس رائے شماری سے قبل مے نے کہا تھا کہ وہ سن دو ہزار بائیس کے الیکشن سے قبل ہی پارٹی کی قیادت سے الگ ہو جائیں گی تاہم انہیں موقع دیا جائے کہ وہ بریگزٹ تک وزارت عظمٰی کے عہدے پر فائز رہیں۔ اگر قدامت پسند سیاستدان مے کو مسترد کر دیتے تو مے کو وزیرا عظم کے عہدے سے مستعفی ہو جانا پڑتا۔

[pullquote]دو کینیڈین شہریوں کے خلاف کارروائی کی جا ری ہے، چین[/pullquote]

چین نے جمعرات کے دن تصدیق کر دی کہ دو کینیڈین شہریوں کے خلاف ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے الزامات کے تحت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق سابق کینیڈین سفارتکار مائیکل کوورِگ Michael Kovrig اور بزنس کنسلٹنٹ مائیکل سپاوَور Michael Spavor کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ چین کی قومی سلامتی کے لیے خطرات کا باعث بننے والی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ تاہم اس حوالے سے تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ کینیڈا میں چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے کی ایک اعلیٰ اہلکار کی گرفتاری کے بعد ان دونوں ممالک میں کشیدگی دیکھی جا رہی ہے۔

[pullquote]’اندھی وفاداری‘ کی وجہ سے سزا ہوئی، ٹرمپ کے سابق وکیل[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق وکیل مائیکل کوہن نے کہا ہے کہ ٹرمپ کے ’غلط کاموں‘ کی وجہ سے انہیں 36 ماہ کی سزائے قید ہوئی ہے۔ کوہن امریکی صدر کے قریبی حلقے میں شامل ایسے پہلے شخص ہیں، جنہیں سن دو ہزار سولہ کے امریکی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کے حوالے سے جاری کارروائی کے تحت سزا ہوئی ہے۔ کوہن نے کہا کہ ’اندھی وفاداری‘ میں انہوں نے ٹرمپ کے ’غلط کاموں‘ کو چھپانے کی کوشش کی۔ ٹرمپ ایسے الزامات مسترد کرتے ہیں کہ روس نے امریکی انتخابات میں مداخلت کی تھی۔

[pullquote]ترکی میں ٹرین حادثہ، نو افراد ہلاک[/pullquote]

ترکی میں ایک تیز رفتار ٹرین کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں نو افراد ہلاک جبکہ 47 زخمی ہو گئے ہیں۔ انقرہ کے گورنر کے مطابق یہ حادثہ جمعرات کی صبح ملکی دارالحکومت میں اس وقت رونما ہوا، جب قونیہ جانے والی ایک ٹرین اسی ٹریک پر موجود ایک انجن سے ٹکرا گئی۔ ہلاک شدگان میں تین انجن ڈرائیورز اور چھ مسافر شامل ہیں۔ ابھی تک اس حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں تاہم تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]اقوام متحدہ کے سربراہ کی یمن امن مذاکرات میں شرکت[/pullquote]

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش سویڈن میں جاری یمن امن مذاکرات میں آج جمعرات کو شریک ہو رہے ہیں۔ یمن میں قیام امن کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں سے ہونے والے ان مذاکرات کا آج آخری دن ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے سے جاری ان مذاکرات میں یمنی حکومت اور حوثی باغی صنعاء کے ایئرپورٹ کو کھولنے اور تیل کی برآمدات شروع کرنے پر تو رضا مند ہو گئے ہیں تاہم بندرگارہی شہر الحدیدہ کے معاملے پر کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی۔ گزشتہ روز فریقین قریب 16 ہزار قیدیوں کے تبادلے پر بھی رضامند ہوئے تھے۔ یمن میں گزشتہ چار برس سے جاری جنگ میں 10 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]یورپی یونین کی دو روزہ سربراہی سمٹ شروع[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ یورپی سربراہی سمٹ میں وہ روس پر عائد پابندیوں کی مدت میں توسیع کی وکالت کریں گی۔ ملکی پارلیمان سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ماسکو حکومت کی طرف سے یوکرائنی بحری جہازوں پر قبضے اور اس پر سوار عملے کی گرفتاری کی وجہ سے روس پر پابندیاں قائم رہنا چاہییں۔ یورپی یونین کی دور روزہ سربراہی سمٹ آج جمعرات سے برسلز میں شروع ہو رہی ہے۔ یورپی رہنماؤں کی اس ملاقات میں بریگزٹ کا معاملہ زیادہ توجہ کا باعث رہے گا۔

[pullquote]جنسی و جسمانی زیادتی کے الزامات، افغان فٹ بال چیف معطل[/pullquote]

فٹ بال کے عالمی منتظم ادارے فیفا نے افغانستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر کریم الدین کریم کو نوے دن کے لیے معطل کر دیا ہے۔ افغان خواتین کی قومی فٹ بال ٹیم کی متعدد کھلاڑیوں کی طرف سے جنسی اور جسمانی زیادتی کے الزامات کے بعد فیفا نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کریم کے خلاف مکمل انکوائری تک وہ معطل رہیں گے۔ ان الزامات کے بعد افغان صدر اشرف غنی نے کریم کے خلاف باقاعدہ انکوائری کا حکم جاری کیا تھا۔ تاہم کریم ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔

[pullquote]ایران پر پابندیاں عائد کی جائیں، پومپیو[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیکل پومپیو نے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ ایران کے میزائل پروگرام کے باعث اس ملک پر پابندیاں مزید سخت کی جائیں۔ پومپیو کے مطابق ایران کا جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگرام نہ صرف امریکا بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ ہے۔ ایران نے حال ہی میں ایک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا، جس پر عالمی سطح پر مذمت کی گئی تھی۔ ایران اپنے میزائل پروگرام کو دفاعی نوعیت کا مںصوبہ قرار دیتا ہے۔

[pullquote]اسرائیلی فورسز کی کارروائی، مغربی اردن میں فلسطینی ہلاک[/pullquote]

اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے مغربی کنارے میں ایک فلسطینی حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ اس فلسطینی پر الزام تھا کہ اس نے دو ماہ قبل دو اسرائیلی پولیس اہلکاروں کو ہلاک کیا تھا۔ پولیس اکتوبر سے ہی اس مفرور ملزم کا تعاقب کر رہی تھی۔ اسرائیلی پولیس نے بتایا ہے کہ بدھ کی رات ملزم اشرف اے گرفتاری کے لیے کی جانے والی کارروائی کے دوران ہلاک ہو گیا۔

[pullquote]ترکی میں ٹرین حادثہ، چار افراد ہلاک[/pullquote]

ترکی میں ایک تیز رفتار ٹرین کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں چار افراد ہلاک جبکہ 43 زخمی ہو گئے ہیں۔ انقرہ کے گورنر کے مطابق یہ حادثہ دارالحکومت انقرہ میں اس وقت رونما ہوا، جب کونیا جانے والی ٹرین اسی ٹریک پر موجود ایک انجن سے ٹکرا گئی۔ ابھی تک اس حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہیں تاہم تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے