منگل:18 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]برٹش ایئرویز جون میں پاکستان کے لیے اپنی پروازیں بحال کر دے گی[/pullquote]

برٹش ایئرویز آئندہ برس جون سے پاکستان کے لیے اپنی پروازیں بحال کر دے گی۔ اس کا اعلان برطانوی ایئرلائن کے ایشیا پیسیفک اور مڈل ایسٹ سیلز کے سربراہ رابرٹ ولیمز نے کیا۔ ولیمز کے مطابق اسلام آباد اور لندن ہیتھرو کے درمیان ہفتے میں تین بار پروازیں اڑیں گی۔ پاکستان میں برطانیہ کے سفیر تھومس ڈریو کے مطابق پروازوں کی بحالی ایک زبردست خبر ہے اور اس سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات میں بہتری آئے گی۔ برٹش ایئرویز نے ایک دہائی قبل اُس وقت پاکستان کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کر دی تھیں جب اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل میں بم دھماکے کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]دہشت گردی کے لیے رقوم کی فراہمی کے شبے میں برلن کی مسجد پر چھاپہ[/pullquote]

جرمن پولیس اور اسپیشل فورسز نے شام میں دہشت گردی کے لیے رقوم فراہم کرنے کے شبے میں برلن کی ایک مسجد پر چھاپہ مارا ہے۔ آج منگل کو علی الصبح یہ چھاپہ جرمن دارالحکومت برلن کے مغربی علاقے وَیڈِنگ کی الصحابہ مسجد پر مارا گیا۔ جرمن دفتر استغاثہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک ٹوئیٹ کے مطابق 45 سالہ امام احمد اے عرف ابو براہ پر شبہ ہے کہ اس نے شامی جنگجوؤں کو رقم فراہم کی ہیں، جس کا مقصد دہشت گردی جیسے جرائم میں استعمال ہونے والا ساز وسامان خریدنا تھا۔ اس بارے میں تاہم مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی۔

[pullquote]جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے لیے امریکی فُل برائٹ پرائز[/pullquote]

واشنگٹن میں قائم فُل برائٹ ایسوسی ایشن نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو سال 2018ء کے لیے اپنا بین الاقوامی انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس تنظیم کی طرف سے آج منگل کے روز اعلان کیا گیا ہے کہ اس نے میرکل کو یہ معتبر انعام ان کی شاندار قائدانہ صلاحیتوں، بین الاقوامی تعاون اور امن کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ میرکل سن 2005ء سے جرمنی کی حکومتی سربراہ ہیں اور عالمی سفارت کاری کے علاوہ یورپ میں بحرانوں کے حل تلاش کرنے میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہیں۔

[pullquote]افغان حکومتی ٹیم طالبان کے ساتھ مذاکرات میں شرکت کے لیے ابوظہبی پہنچ گئی[/pullquote]

افغان حکومت کی اعلیٰ سطحی امن مذاکراتی ٹیم ابوظہبی پہنچ گئی ہے۔ افغان صدر کے ترجمان کے مطابق اس ٹیم کی قیادت عبدالسلام رحیمی کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ٹیم طالبان کے وفد کے ساتھ مذاکرات میں شرکت کرے گی اور فریقین کے درمیان براہ راست ملاقات کی راہ ہموار کرے گی۔ ان مذاکرات کا مقصد افغانستان میں گزشتہ 17 برس سے جاری جنگ کا خاتمہ ہے۔ ابوظہبی میں ہونے والے ان مذاکرات میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے نمائندے بھی شریک ہیں۔

[pullquote]ممبئی کے ایک ہسپتال میں آگ لگنے سے ایک بچے سمیت آٹھ افراد ہلاک[/pullquote]

بھارتی شہر ممبئی کے ایک ہسپتال میں آگ لگنے کے سبب کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق گزشتہ روز آگ لگنے کا یہ واقعہ ممبئی کے علاقے اندھیری میں واقع ایک حکومتی ہسپتال میں پیش آیا۔ ممبئی کے ڈیزاسٹر منیجمنٹ سیل کے ایک ترجمان کے مطابق منگل کی شب ہلاکتوں کی تعداد چھ سے بڑھ کر آٹھ ہو گئی۔ ہسپتال کی چوتھی منزل پر لگنے والی اس آگ کے بعد وہاں موجود 140 افراد کو بچا لیا گیا جن میں مریضوں کے علاوہ ڈاکٹرز اور دیگر افراد بھی شامل تھے۔

[pullquote]یہ حکم کوئی نہیں چلا سکتا کہ چین کو کیا کرنا چاہیے، شی جِن پنگ[/pullquote]

چینی صدر شی جِن پِنگ نے کہا ہے کہ چین ’اصلاحات اور آسانیاں پیدا کرنے‘ کے اپنے پروگرام کو آگے بڑھاتا رہے گا۔ چین میں وسیع تر اقتصادی اصلاحات کے چالیس برس مکمل ہونے کے موقع پر چینی صدر نے ایک تقریب سے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ چین کے لوگوں کو یہ بتائے کہ کیا کیا جانا چاہیے اور کیا نہیں۔ چینی صدر کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب امریکا اور چین کے درمیان تجارت اور سفارتی معاملات پر شدید اختلافات موجود ہیں۔

[pullquote]2018ء کے دوران صحافیوں پر تشدد میں اضافہ[/pullquote]

رواں برس کے دوران دنیا بھر میں صحافیوں کے خلاف تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔ صحافیوں کے لیے کام کرنے والی تنظیم رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کی سالانہ رپورٹ کے مطابق 2018ء میں ذرائع ابلاغ سے تعلق رکھنے والے 80 افراد مختلف واقعات میں مارے گئے۔ 2017ء میں یہ تعداد 65 کے قریب تھی۔ اس رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ صرف افغانستان، شام اور یمن میں 32 صحافی مارے گئے ہیں۔ رپورٹ میں تاہم اس رجحان پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ تنازعات کے شکار ممالک سے باہر بھی ذرائع ابلاغ کے 36 نمائندے ہلاک ہوئے۔ دنیا بھر میں آج کل 346 صحافی اپنی ذمہ داریوں کی وجہ سے جیلوں میں ہیں۔

[pullquote]بریگزٹ معاہدے پر برطانوی پارلیمان میں ووٹنگ وسط جنوری میں ہو گی، ٹیریزا مے[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم ٹیریزا مے نے کہا ہے کہ بریگزٹ معاہدے پر برطانوی پارلیمان میں ووٹنگ وسط جنوری میں ہو گی۔ ان کا کہنا تھا اس معاہدے پر پارلیمان میں با معنی بات چیت کا آغاز سات جنوری سے ہو گا اور اس کے اگلے ہفتے اس پر ووٹنگ۔ برطانوی وزیراعظم نے یورپی یونین کو چھوڑنے کے معاملے پر ایک اور ریفرنڈم کرانے کے امکان کو بھی رد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے برطانیہ کو ناقابل تلافی نقصان ہو گا اور ایسا کرانا قومی مفاد میں نہیں ہو گا۔

[pullquote]کام کی جگہ پر صنفی مساوات کے لیے 200 سے زائد برس لگ سکتے ہیں، عالمی اقتصادی فورم[/pullquote]

دنیا بھر میں کام کی جگہ پر صنفی مساوات کے حصول میں دو صدیاں لگ سکتی ہیں۔ یہ بات عالمی اقتصادی فورم کی طرف سے جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں 2018ء کے دوران خواتین اور مرد کارکنوں کی تنخواہوں میں موجود فرق میں کمی واقع ہوئی ہے۔ دوسری طرف سیاست میں خواتین کی نمائندگی میں کمی دیکھی گئی ہے۔ اس رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عالمی سطح پر مختلف اداروں میں خواتین کی سربراہی 34 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

[pullquote]گاڑیوں سے کاربن کے اخراج کی حد، یورپی یونین اور یورپی پارلیمان متفق[/pullquote]

یورپی یونین اور یورپی پارلیمان کے مابین گاڑیوں سے ضرر رساں گیسوں کے اخراج کی حد مقرر کرنے کے حوالے سے مفاہمت ہو گئی ہے۔ یورپی کمیشن کے مطابق 2021ء کے مقابلے میں نئی گاڑیوں سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج 2030ء تک 37.5 فیصد تک کم ہونا چاہیے۔ مقرر کی جانے والی یہ حد کار ساز ادارے اور جرمن حکومت کی پیش کردہ تجاویز سے بہت زیادہ سخت ہے۔

[pullquote]یورپی یونین اور اور افریقی یونین کے سربراہوں کی ملاقات[/pullquote]

یورپی یونین اور افریقی یونین کے پچاس سے زائد ممالک کے سینیئر حکومتی رہنما اور شخصیات آج منگل کے روز ویانا میں ملاقات کر رہی ہیں۔ اس ملاقات کا مقصد یورپی اور افریقی براعظموں کے درمیان معاشی تعاون کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ یہ ملاقات ایک ایسے وقت پر ہو رہی ہے جب افریقی براعظم سے یورپ کی طرف ہجرت کی وجوہات کے خاتمے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔ اس میٹنگ میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر بھی بات ہو گی جبکہ افریقہ میں نئے شروع ہونے والے کاروباروں کی نمائندے بھی اس ملاقات میں موجود ہوں گے۔

[pullquote]اسٹراس برگ فائرنگ، مزید دو افراد گرفتار[/pullquote]

فرانسیسی شہر اسٹراس برگ کی کرسمس مارکیٹ کے قریب حملے میں ملوث ہونے کے شبے میں مزید دو افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ملکی دفتر استغاثہ کو شبہ ہے کہ ان افراد نےحملے میں استعمال ہونے والے ہتھیار کی فراہمی کو ممکن بنایا تھا۔ اسی طرح ایک تیسرے مشتبہ شخص کے خلاف جمعرات کو ابتدائی تحقیقات شروع کر دی گئی تھیں۔ اس پر ایک دہشت گرد تنظیم کا رکن ہونے، اسلحہ رکھنے اور اسے آگے مہیا کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ اسٹراس برگ میں فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد پانچ تک پہنچ گئی ہے۔

[pullquote]یمن: الحدیدہ میں فائر بندی شروع[/pullquote]

یمن کے اہم ترین بندرگاہی شہر الحدیدہ میں مقامی وقت کے مطابق نصف شب سے فائر بندی پر عمل درآمد شروع ہو گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ جنگ بندی پر عمل درآمد کے فوری بعد ہی اس کی خلاف ورزی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ نشریاتی ادارے العربیہ کے مطابق شہر میں تناؤ سے بھرپور خاموشی چھائی ہوئی ہے۔ یمن کی حکومت اور حوثی باغیوں کے مابین حال ہی میں سویڈن میں ہونے والے مذاکرات میں الحدیدہ میں فائر بندی پر اتفاق ہوا تھا۔ اس معاہدے پر جمعے کی شب سے ہی عمل درآمد ہونا تھا جو تاخیر کا شکار ہوا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے