جمعہ : 21 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]لاکربی بم دھماکے کے تيس برس، امريکا اور برطانيہ ميں دعائیہ تقاريب[/pullquote]

آج امريکا اور برطانيہ ميں تيس برس قبل اسکاٹ لينڈ کے قصبے لاکربی کے مقام پر دھماکے سے تباہ ہونے والی امريکی طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والے 270 افراد کی ياد ميں دعائیہ تقريب کا انعقاد ہو رہا ہے۔ ملکہ الزبتھہ نے اس موقع پر اس تقریب کے شرکاء کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھیجا ہے۔ سن 1988 ميں لندن سے نيو يارک جاتے وقت پين ايم فلائٹ 103 اکيس دسمبر کے روز تباہ ہو گئی تھی۔ يہ دھماکہ سامان ميں چھپے ايک بم کی وجہ سے ہوا تھا۔ اس سلسلے ميں ليبيا کے علی عبدل الباسط المغرابی کو مجرم قرار ديا گيا تھا، جو سن 2012 ميں انتقال کر چکا ہے۔

[pullquote]بی بی سی روسی ريگوليٹر کے نشانے پر[/pullquote]

روسی ميڈيا ريگوليٹر نے برطانوی نشرياتی ادارے بی بی سی کے خلاف تحقيقات شروع کر دی ہيں۔ ريگوليٹر کے مطابق بی بی سی کے روس ميں آپريشنز کو جرمانے يا لائسنس کی منسوخی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس سے اس ادارے کی روسی اور ورلڈ سروس متاثر ہو سکتی ہے۔کريملن کے ترجمان ديميتری پيشکوف کے بقول ماضی ميں کئی ايجنسياں روس کے حوالے سے بی بی سی کی مبينہ يکطرفہ يا غير جانبدارانہ کوريج کی شکايت کر چکی ہيں۔ ايک روز قبل برطانوی ريگوليٹر اوفکوم نے کہا تھا کہ کريلمن کی فنڈنگ سے چلنے والا چينل ’آر ٹی‘ نے سابق روسی جاسوس کو زہر ديے جانے کے معاملے ميں غير جانبداری کا مظاہرہ نہیں کیا تھا۔

[pullquote]يورپی يونين کے مشن صوفيا ميں توسيع[/pullquote]

يورپی يونين نے بحيرہ روم ميں اپنے بحری سکيورٹی مشن کی مدت میں مارچ کے آخر تک کی توسيع کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اٹلی کے تحفظات کے باوجود توسيع کا يہ فيصلہ کيا گيا ہے۔ آپريشن صوفيا کو تين برس قبل جون ميں شروع کيا گيا۔ اس کا مقصد انسانوں کے اسمگلروں کے خلاف کارروائی اور مہاجرين کی یورپ آمد ميں کمی ہے۔ ذرائع کے مطابق يہ توسيع اس ليے کی گئی ہے تاکہ مذاکرات کار اس مسئلے کے کسی مستقل حل تک پہنچ سکيں۔

[pullquote]امريکی فوجيوں کے انخلاء سے افغان دستوں پر کوئی اثر نہيں پڑے گا[/pullquote]

افغان حکومت کے مطابق افغانستان ميں تعينات چودہ ہزار امريکی فوجيوں ميں سے نصف تعداد کے انخلاء سے افغان افواج کی صلاحيت اور حوصلے پر کوئی اثر نہيں پڑے گا۔ صدارتی ترجمان ہارون چاکان صوری نے يہ بيان آج جمعے کے روز ديا۔ ان کا مزيد کہنا تھا کہ افغان دستے سن 2014 سے ملک کی سلامتی کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہيں۔ امريکی صدر آئندہ برس موسم گرما تک افغانستان سے سات ہزار امريکی فوجيوں کے انخلاء کا ارادہ رکھتے ہيں۔

[pullquote]کوليشن افواج کو شام ميں کام ختم کرنا ہے، فرانسيسی وزير دفاع[/pullquote]

فرانسيسی وزير دفاع فلورنس پارلی نے کہا ہے کہ امريکی افواج کے انخلاء کے باوجود بين الاقوامی عسکری اتحاد کو شام میں اسلامک اسٹيٹ کو مکمل طور پر شکست دينی ہے۔ انہوں نے يہ بات آر ٹی ايل ريڈيو سے بات چيت ميں آج بروز جمعہ کہی۔ پارلی نے امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کی نفی کی کہ داعش شام ميں اب ختم ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق اگر يہ کام ختم نہ کيا گيا، تو يہ گروپ دوبارہ زور پکڑ سکتا ہے۔ پارلی کے بقول شام سے دو ہزار امريکی فوجيوں کے انخلاء کے معاملے پر اتحادی ممالک کے مابين بات چيت ہونی چاہيے۔

[pullquote]گيٹ وک ايئر پورٹ کے بحالی آج متوقع، انتظاميہ[/pullquote]

لندن کے گيٹ وک ايئر پورٹ سے آج کسی وقت محدود تعداد ميں پروازيں بحال ہو سکيں گی۔ انتظاميہ کے مطابق رن وے پروازوں کے ليے دستياب ہے اور چند پروازوں کی آمد و رفت متوقع ہے۔ حکام نے البتہ مسافروں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ايئر پورٹ آنے سے قبل شيڈول ضرو دیکھیں۔ برطانيہ کا دوسرا سب سے مصروف ہوائی اڈا بدھ کی شب ڈرون طيارے دکھائی دينے کے بعد سے بند ہے۔ اس طرح اب تک ايک لاکھ بيس ہزار سے زائد مسافر متاثر ہو چکے ہيں۔ ڈرونز اور انہيں چلانے والوں کی تلاش ميں پوليس کے ساتھ فوج کے ماہرين بھی کام کر رہے ہيں۔

[pullquote]جیمز میٹس امریکی وزارت دفاع کے قلمدان سے مستعفی[/pullquote]

جیمز میٹس امریکی وزير دفاع کے عہدے سے مستفی ہو گئے ہیں۔ جیمز میٹس کے مطابق وہ صدر ٹرمپ کے ساتھ متعدد موضوعات پر اختلاف رائے کی وجہ سے مستعفی ہو رہے ہیں۔ پینٹاگون کے سابق سربراہ نے یہ عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ ٹرمپ کی جانب سے شام سے امریکی افواج واپس بلانے کے اعلان کے اگلے ہی روز کیا ہے۔ میٹس اس اقدام کے شدید مخالف تھے۔ میٹس نے اپنے استعفی میں لکھا ہے کہ روایتی اتحادیوں کے ساتھ قریبی تعاون امریکا کے لیے کافی اہمیت رکھتا ہے۔ ٹرمپ نے ٹویٹ کیا ہے کہ میٹس کو اگلے برس فروری میں اعزاز کے ساتھ رخصت کیا جائے گا۔

[pullquote]جاپان نے ريکارڈ دفاعی بجٹ کی منظوری دے دی[/pullquote]

چين اور شمالی کوريا کے ساتھ جاری کشيدگی کے پس منظر ميں جاپان نے آئندہ سال کے ليے ريکارڈ دفاعی بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔ يکم اپريل 2019ء سے شروع ہونے والے سال کے ليے منظور ہونے والے اس بجٹ کی ماليت سينتاليس بلين ڈالر ہے۔ اضافی بجٹ سے امريکی جنگی طيارے اور ميزائل دفاعی نظام خريدے جائيں گے۔ يہ ساتواں مسلسل سال ہے جب جاپان نے اپنے دفاعی بجٹ ميں اضافہ کيا ہے۔

[pullquote]جرمنی ميں دائيں بازو کی قوتوں کی نگرانی بڑھائے جانے کا امکان[/pullquote]

جرمنی ميں داخلی سلامتی کی نگران ايجنسی کے نئے سربراہ تھوماس ہالڈن وانگ نے کہا ہے کہ وہ انتہائی دائيں بازو کی قوتوں کی نگرانی بڑھانے کا منصوبہ رکھتے ہيں۔ زوڈ ڈوئچے زائٹنگ ميں اکيس دسمبر کے روز چھپنے والے اپنے ايک انٹرويو ميں انہوں نے کہا ہے کہ آئندہ برس اس سلسلے ميں متعلقہ محکمے ميں توسیع کی جائے گی۔ ہالڈن وانگ ملک ميں دائيں بازو کی انتہا پسند قوتوں کی نگرانی کرنے والے محکمے ميں کم از کم پچاس فيصد کی توسيع چاہتے ہيں تاکہ وہ اسلامی انتہا پسندی پر نگاہ رکھنے والے محکمے جتنا وسيع ہو جائے۔

[pullquote]جرمن ہوائی اڈوں پر اضافی سکيورٹی[/pullquote]

دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کے پيش نظر جرمنی کے جنوب مغربی حصے کے ہوائی اڈوں پر حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ جرمنی کے ايک مقامی نشرياتی ادارے کے مطابق مراکشی حکام نے خطے کے ايک ايئر پورٹ پر ممکنہ حملے کی اطلاع دی تھی۔ اس کے بعد اشٹٹ گارٹ، فريڈرش ہافن، کارلس روہے، باڈن اور مان ہائم کے ايئر پورٹس پر سکیورٹی بڑھا دی گئی۔ اس سلسلے ميں چار مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ دريں اثناء پوليس نے معاملے کو زيادہ طول دينے کی کوشش نہيں کی اور کہا ہے کہ سال کے اس وقت اس قسم کی سکيورٹی اور انتباہ عام سی بات ہے۔

[pullquote]چيک جمہوريہ: کان ميں دھماکے سے تيرہ کان کن ہلاک[/pullquote]

چيک جمہوريہ کے شمال مشرقی حصے ميں کوئلے کی ايک کان ميں ميتھين گيس کے دھماکے کے سبب ہلاک ہونے والوں کی تعداد تيرہ ہو گئی ہے۔ ہلاک ہونے والے گيارہ کان کن پولينڈ کے شہری تھے جبکہ دو چيک جمہوريہ کے تھے۔ اس دھماکے ميں دس کان کن زخمی بھی ہوئے ہيں۔ دھماکہ جمعرات کی سہ پہر کاروينا نامی شہر کے قريب ايک کان ميں ہوا تھا۔

[pullquote]جرمنی ميں کوئلے کی آخری کان کی بندش آج[/pullquote]

جرمنی ميں کوئلے کی آخری کان آج بروز جمعہ بند ہو رہی ہے۔ تقريباً پندرہ سو کان کن بوٹروم کی ’پراسپر ہانيئل‘ نامی کان ميں آخری مرتبہ اتريں گے۔ اس سلسلے ميں ايک باقاعدہ تقريب کا انعقاد کيا گيا ہے جس ميں جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر اور يورپی کميشن کے صدر ژاں کلود ينکر بھی شريک ہوں گے۔ جرمنی ميں سن 2018 تک کوئلے کی کان کنی کی صنعت کو ختم کرنے کا فيصلہ چانسلر انگيلا ميرکل کی حکومت نے سن 2007 ميں ليا تھا۔ جرمنی اپنی ضرورت کے ليے کوئلہ اب ديگر ملکوں سے خريدتا ہے۔ جرمنی ميں اس صنعت کی تاريخ دو سو سال پر مشتمل ہے اور ملک کی اقتصادی ترقی ميں اس کا کافی اہم کردار ہے تاہم وقت کے ساتھ سستے متبادل اس صنعت کی بندش کا سبب بنے۔

[pullquote]الحديدہ ميں جنگ بندی کی نگرانی کے ليے معائنہ کاروں کی تعيناتی ممکن[/pullquote]

جنگ زدہ ملک يمن کے بندرگاہی شہر الحديدہ ميں جنگ بندی کی نگرانی کے ليے اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کی تعيناتی کے سلسلے ميں آج اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ميں رائے دہی ہونی ہے۔ يمن کے ليے اقوام متحدہ کے خصوی مندوب مارٹن گرفتھ نے تيرہ دسمبر کو طے پانے والے جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد يقينی بنانے کے ليے معائنہ کاروں کی فوری تعيناتی کا مطالبہ کيا ہے۔ اس سلسلے ميں برطانيہ کی جانب سے پيش کردہ ايک قرارداد پر آج ووٹنگ ہو رہی ہے، جو اس عمل کی راہ ہموار کر سکے گی۔

[pullquote]امریکی محکمہ انصاف کے دو چینی ہیکرز پر الزامات[/pullquote]

امریکی محکمہ انصاف نے دو چینی ہیکرز پر خفیہ اداروں کے ساتھ مبینہ روابط کے الزامات عائد کیے ہیں۔ نائب امریکی وزیر انصاف روڈ روسنسٹائن کے مطابق ان ہیکرز نے حکومتی ایماء پر بارہ مختلف ممالک میں 45 کمپنیوں اور سرکاری اداروں کی جاسوسی کی۔ انہوں نے اس موقع پر چین سے تمام تر غیر قانونی سائبر کارروائیوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ بھی کیا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ہیکنگ کی یہ کارروائیاں 2006ء سے 2018ء کے درمیان کی گئی تھیں۔ روسنسٹائن کے مطابق ہیکرز نے نقصان پہنچانے والے سافٹ ویئر استعمال کرتے ہوئے ڈیٹا چرایا ہے۔

[pullquote]افغانستان سے پانچ ہزار امريکی فوجيوں کے انخلاء کا منصوبہ[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ افغانستان سے پانچ ہزار امريکی فوجيوں کے انخلاء کا منصوبہ بنا رہے ہيں۔ يہ خبر ايک اعلی امريکی اہلکار نے اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتائی ہے۔ اس اہلکار کے مطابق اس بارے ميں فيصلہ کر ليا گيا ہے اور بس احکامات جاری کيے جانے کی دير ہے۔ انخلاء کا عمل آئندہ چند ہفتوں ميں شروع ہو سکتا ہے۔ افغانستان ميں اس وقت مجموعی طور پر چودہ ہزار امريکی فوجی تعينات ہيں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے