پیر : 24 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کینیڈا کی طرف سے اپنے شہریوں کی رہائی کی درخواست چین نے مسترد کر دی[/pullquote]

چین نے اوٹاوا حکومت کی جانب سے اپنے دو شہریوں کی رہائی کی درخواست قطعی طور پر مسترد کر دی ہے۔ بیجنگ میں وزارت خارجہ کے مطابق چین میں کینیڈا اور امریکا کی جانب سے رہائی کے مطالبات کی شدید مخالفت کی گئی ہے۔ وزارت خارجہ نے کینیڈا کے شہریوں کی گرفتاری پر یورپی یونین کے بیان پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔ چینی حکام نے گزشتہ دنوں سابق سفارتی اہلکار مائیکل کوورگ اور بزنس مین مائیکل سپاوور کو حراست میں لیا تھا۔ ان پر چین کی قومی سلامتی کے خلاف کارروائیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

[pullquote]ترکی نے شامی سرحد پر اپنے دستوں کی تعداد میں اضافہ شروع کر دیا[/pullquote]

ترکی نے شامی سرحد پر اپنے دستوں کی تعداد میں اضافہ شروع کر دیا ہے۔ خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق کِلیس کی سرحد پر ٹینکوں اور گرینیڈ لانچروں سے لیس ایک دستہ پہنچ گیا ہے۔ سرحد کی دوسری جانب ترک نواز دستے کردوں کے زیر انتظام شہر منبج کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو رات گئے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں کہا کہ شام میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کی بچی کھچی طاقت کا خاتمہ اب ترک صدر رجب طیب ایردوآن کریں گے۔ ٹرمپ نے ابھی گزشتہ ہفتے ہی شام سے امریکی دستوں کو واپس بلانے کا اعلان کیا تھا۔

[pullquote]شام سے امریکی فوجی انخلاء کی دستاویز پر دستخط[/pullquote]

شام سے امریکی فوجیوں کے انخلاء کی دستاویز پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ پینٹاگون کے ایک ترجمان نے تاہم اس دستاویز میں درج تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے بدھ کے روز اچانک شام میں تعینات دو ہزار امریکی فوجیوں کے وہاں سے انخلاء کا اعلان کر دیا تھا۔ ان کے اس فیصلے کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ گزشتہ ہفتے ملکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے بھی اپنے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔ اب یکم جنوری سے وزارت دفاع کا قلمدان عارضی طور پر پینٹاگون کے نائب سربراہ پیٹرک شاناہان کے پاس ہو گا۔

[pullquote]مے کے کرسمس پیغام میں یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے اپنے کرسمس پیغام میں عوام سے یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مے نے تاہم اس پیغام میں معاشرے میں مزید تقسیم اور انتشار سے خبردار بھی کیا۔ برطانوی وزیراعظم نے ارکان پارلیمان سے بریگزٹ یعنی یورپی یونین سے انخلاء کے معاہدے کو تسلیم کرنے کی درخواست بھی کی۔ ملکہ الزبتھ نے بھی کرسمس کے اپنے پیغام میں کہا کہ معاشرے میں موجود اختلافات کا خاتمہ کیا جانا بہت ضروری ہے۔ ملکہ نے تاہم اس دوران بریگزٹ کا ذکر نہیں کیا۔

[pullquote]انڈونیشیا میں سونامی کے باعث ہلاکتوں کی تعداد اب کم از کم 280[/pullquote]

انڈونیشیا میں آنے والی سونامی لہروں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر اب 280 سے تجاوز کر گئی ہے۔ ہنگامی امدادی مرکز کے مطابق ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں کئی سو عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئی ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ہفتے کو خلیج سنڈا میں آنے والی اس قدرتی آفت سے سماٹرا کا جنوبی اور جاوا کا مغربی حصہ سب سے زیادہ متاثر ہوئے تھے۔ یہ علاقے اپنے خوبصورت ساحلوں کی وجہ سے مشہور ہیں۔ انڈونیشی صدر جوکو ودودو نے آج پیر کے روز متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا۔

[pullquote]میانمار میں روئٹرز کے صحافیوں کی رہائی کے لیے عدالت میں درخواست[/pullquote]

میانمار میں خبر رساں ادارے روئٹرز کے دو مقید صحافیوں کی رہائی کے لیے آج پیر کو عدالت میں ایک درخواست جمع کرائی گئی ہے۔ ان صحافیوں کے وکیل ایل کھن رنگ نے آج عدالتی بینچ کو بتایا کہ سات سال کی سزا غلط ہے۔ اس موقع پر عدالتی کارروائی میں سفارت کار، آزادی اظہار کے لیے سرگرم تنظیموں کے نمائندے اور ان صحافیوں کی شریک حیات بھی موجود تھیں۔ اٹھائیس سالہ کیاؤ سوئے اُو اور بتیس سالہ والون، روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے ظلم ستم پر رپورٹنگ میں مصروف تھے، جب انہیں دسمبر 2017ء میں ملکی راز فاش کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

[pullquote]یوکرائن میں امن کا قیام ابھی دور ہے، او ای سی ڈی[/pullquote]

یورپی سلامتی اور تعاون کی تنظیم (او ای سی ڈی) نے یوکرائن اور روس کے مابین پر تشدد تنازعے میں شدت کے خلاف خبردار کیا ہے۔ او ای سی ڈی کے سیکرٹری جنرل تھوماس گریمنگر کے مطابق ایسے بہت سے نازک مقامات ہیں، جہاں آگ بھڑک سکتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے روس سے مطالبہ کیا کہ وہ خیر سگالی کے طور پر یوکرائنی بحریہ کے جہازوں اور سیلرز کو رہا کر دے۔ روس نے کچھ ہفتے قبل ان تین جہازوں اور چوبیس فوجیوں کو اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔ تب روس نے یوکرائن پر عسکری اشتعال انگیزی کا الزام بھی عائد کیا تھا۔

[pullquote]مکالمت کے ذریعے جمہوریت مضبوط بنائیں، جرمن صدر کا پیغام[/pullquote]

وفاقی جرمن صدر فرانک والٹر شٹائن مائر نے کرسمس کے مسیحی تہوار کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جرمن عوام کو اپنے ملک میں جمہوریت کو مکالمت کے ذریعے مزید مضبوط بنانا چاہیے۔ جرمن سربراہ مملکت نے کہا کہ جرمن باشندے مصالحت پر آمادگی کے ساتھ اس سماجی تقسیم کا راستہ روک سکتے ہیں، جس کا اس وقت جرمن معاشرے کو سامنا ہے۔ شٹائن مائر نے کہا کہ اس وقت کئی ممالک میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اگر معاشرے کے مختلف طبقات آپس میں مکالمت کا راستہ ترک کر دیں، تو نتائج کیا نکلتے ہیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں فرانس میں ہونے والے عوامی مظاہروں، امریکا میں سیاسی تقسیم اور برطانیہ میں بریگزٹ کے باعث پائی جانے والی عوامی دھڑے بندی کا بھی خاص طور پر ذکر کیا۔

[pullquote]لبنان میں ہزاروں شہریوں کا بدعنوانی کا خلاف احتجاج[/pullquote]

لبنان میں ہزاروں شہریوں نے ملک میں بدعنوانی اور شہری سہولیات کی فراہمی کی خراب تر صورت حال کے خلاف احتجاج کیا۔ یہ مظاہرین فرانس میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کی طرز پر پیلی جیکٹیں پہنے ہوئے تھے۔ ان مظاہرین نے ملکی دارالحکومت بیروت میں وزیر اعظم سعد الحریری کی سرکاری رہائش گاہ تک مارچ کیا۔ وہ مطالبہ کر رہے تھے کہ عام شہریوں کے لیے صحت کی مفت سہولیات کی فراہمی کے علاوہ انہیں پینے کا صاف پانی اور بجلی بھی فراہم کی جائے۔ بیروت حکومت کے مطابق لبنان کی چھ اعشاریہ تین ملین کی آبادی میں قریب ایک اعشاریہ سات ملین شامی مہاجرین بھی شامل ہیں۔

[pullquote]سوڈان میں مہنگائی کے خلاف ہڑتال[/pullquote]

سوڈان کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر مہنگائی کے خلاف مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ روابا نامی شہر میں مظاہرین نے ایک سرکاری عمارت پر دھاوا بولنے کی کوشش بھی کی۔ پولیس نے مختلف علاقوں میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال بھی کیا۔ آج پیر سے سوڈانی ڈاکٹر بھی غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال شروع کر رہے ہیں۔ سوڈان میں گزشتہ پانچ روز سے قیمتوں میں اضافے، بنیادی سہولیات کے فقدان اور نقد رقوم کی کمی کی وجہ سے عوامی احتجاج جاری ہے۔

[pullquote]شام میں بچی کھچی داعش کا خاتمہ اب ترکی کرے گا، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شام سے امریکی دستوں کے انخلاء کے بعد ترک صدر ایردوآن مشرق وسطیٰ کی اس جنگ شدہ ریاست میں دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف جنگ تیز تر کر دیں گے۔ ٹرمپ نے اتوار کو رات گئے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ شام میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کی بچی کھچی طاقت کا خاتمہ اب رجب طیب ایردوآن کریں گے۔ ٹرمپ کے مطابق ترک صدر ایردوآن نے انہیں واضح طور پر بتایا ہے کہ شام میں داعش کا خاتمہ اب ترکی کرے گا۔ اس ٹویٹ سے قبل امریکی اور ترک صدور نے آپس میں ٹیلی فون پر گفتگو بھی کی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے