شہری کی اراضی پر قبضہ:افضل ندیم کھوکھر گرفتار

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی افضل ندیم کھوکھر کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری سے گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق افضل ندیم کھوکھر کے خلاف ایک شہری کی اراضی پر قبضے کا مقدمہ درج ہے۔

شہری کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر کے متن کے مطابق ‘کئی سال قبل طارق محمود سے 34 مرلہ زمین خریدی تھی، اب اس جگہ پر افضل کھوکھر کی رہائشگاہ کھوکھر پیلس بن چکا ہے’۔

ایف آئی آر میں مذکورہ شہری نے موقف اختیار کیا کہ ‘لندن میں مقیم ہونے کی وجہ سے کیس لڑنے کے لیے مختار عام فیض احمد کو دے رہا ہوں’۔

[pullquote]سپریم کورٹ میں ایل ڈی اے سٹی کیس کی سماعت[/pullquote]

اس سے قبل سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر اور ان کے بھائی رکن صوبائی اسمبلی سیف الملوک کھوکھر کے خلاف لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) سٹی از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے خصوصی بنچ نے سماعت کی۔

مذکورہ کیس کی گذشتہ سماعت پر عدالت عظمیٰ نے افضل کھوکھر اور ان کے بھائی سیف الملوک کھوکھر کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے اور کھوکھر برادران کو اپنے اور اہلخانہ کے نام تمام جائیداد کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

آج سماعت کے دوران عدالت نے افضل اور سیف الملوک کھوکھر کے تیسرے بھائی شفیع کھوکھر کو ڈی جی اینٹی کرپشن کے حوالے کرتے ہوئے حکم دیا کہ دو گھنٹے میں ان کا بائیو ڈیٹا تیار کرکے پیش کیا جائے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کھوکھر برادران کے رقبے کا اشتمال کرنے والے افسران اب کہاں تعینات ہیں؟

ایل ڈی اے افسر نے عدالت عظمیٰ کو آگاہ کیا کہ کھوکھر برادران کی ایل ڈی اے اراضی پر تعمیر مارکیٹ کا آپریشن کرنے والے تمام افسران معطل کر دیئے گئے ہیں۔

جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سب ملے ہوئے تھے، غریب اور مسکینوں کو جائیدادوں سے محروم کیا گیا۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ جب 1977 میں اشتمال کردیا گیا تو پھر اسے تبدیل نہیں کیا جاسکتا، یہ طاقتور لوگ تھے اس لیے 2013 میں دوبارہ غیر قانونی اشتمال کرایا۔

جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ یہ اتنے طاقتور لوگ ہیں کہ جو ان کے خلاف بات کرے انہیں مروا دیتے ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ مسکین اور غریب لوگوں کو جائیداد سے محروم کرنے والے افسران کو نہیں چھوڑیں گے۔

ساتھ ہی جسٹس ثاقب نثار نے ان تمام افسران ، پٹواریوں اور قانون گو اور تحصیلدار کی رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے