علی رضا عابدی پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے تھے، سعید غنی

کراچی: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ عام انتخابات سے قبل علی رضا عابدی پیپلز پارٹی جوائن کرنے والے تھے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے اپنے ٹوئٹ میں علی رضا عابدی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات سے قبل علی رضا عابدی پیپلز پارٹی جوائن کرنے والے تھے اور اس سلسلے میں علی رضا عابدی سے کئی ملاقاتیں بھی ہوئی تھیں۔

آج ایم کیو ایم کے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کو خیابان غازی میں واقع اُن کی رہائش گاہ کے باہر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

[pullquote]علی رضا عابدی کے قتل کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کی جائیں، خالد مقبول صدیقی[/pullquote]

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ علی رضاعابدی کے ساتھ ایک طویل وقت گزرا، یقین کرنا مشکل ہے کہ اب وہ ہم میں نہیں رہے۔

ایم کیو ایم کے سابق رہنما مرحوم علی رضا عابدی کے قتل پر ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ علی رضا عابدی اور ان کا پورا خاندان برسوں سے ایم کیو ایم سے وابستہ رہا اور سب لوگ عوام خدمت میں مصروف رہے، علی رضا عابدی کے ساتھ ایک طویل اور خوشگوار رفاقت رہی، یقین کرنا مشکل ہے کہ وہ اب ہم میں نہیں رہے۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ علی رضا عابدی کا قتل شہرِ قائد کا امن سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش ہے، ان کی شہادت کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرائی جائے اور قتل میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے۔

میئر کراچی اور رہنما ایم کیو ایم پاکستان وسیم اختر کا کہنا تھا کہ علی رضاعابدی کی شہادت پر انتہاٸی صدمہ ہوا، ان کا قتل افسوس ناک واقعہ ہے، دکھ کی اس گھڑی میں ایم کیو ایم کے تمام کارکنان علی رضا عابدی کے لواحقین کے غم میں شریک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگوں کو سیکیورٹی تھریٹس ہیں، شہر میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے حکومت سیاسی کارکنوں کا تحفظ یقینی بنائے۔

[pullquote]’علی رضا عابدی کا قتل امن خراب کرنے کی سازش ہے‘[/pullquote]

سیاسی و مذہبی جماعتوں کی قیادت نے سابق رکن قومی اسمبلی اور ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما علی رضا عابدی کے قتل کی شدید مذمت کی اور اسے کراچی، صوبے اور ملک کا امن و امان خراب کرنے کی سازش قرار دیا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے علی رضا عابدی کے قتل کی مذمت کی اور سوگوار خاندان سے تعزیت اور ہمدردری کا اظہار کیا ۔

انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ سابق رکن قومی اسمبلی کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائےگا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے علی رضا عابدی کے قتل کی مذمت کی اور کہا کہ شہر میں اس قسم کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں۔

انہوں نے آئی جی پولیس کو شہر میں امن و امان کی بحالی کی ہدایت کی۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے علی رضا عابدی کے قتل کی شدید مذمت کی اور کہا کہ وہ خوش گفتار اور اپنا نکتہ نظر دلیل و تہذیب سے پیش کرنے والے فرد تھے ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سابق رکن قومی اسمبلی کے قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لائے۔

میئر کراچی وسیم اختر نے علی رضا عابدی کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ان کی سیاسی خدمات کو سراہا۔

جماعت اسلامی کراچی کے رہنما نعیم الرحمٰن نے علی رضا عابدی کے قتل کی مذمت کی اور قاتلوں کی گرفتاری کی مطالبہ کیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے