حیدرآباد: مبینہ طور پر زہریلے چپس کھانے سے 4 سالہ بچہ ہلاک، جڑواں بہن زیرعلاج

حیدرآباد: صوبہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کے علاقے چاندنی میں ایک فوڈ پوائنٹ سے مبینہ طور پر خراب فرنچ فرائز کھانے سے ایک چار سال بچہ دم توڑ گیا جبکہ اس کی جڑواں بہن اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔

پولیس کے مطابق اتوار کو حیدرآباد کے علاقے چاندنی کے ایک فوڈ پوائنٹ سے 4 سالہ ہمایوں اور اس کی جڑواں بہن علیزہ نے چپس کھائے، جس کے بعد ان کی حالت غیر ہوگئی، بچوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ہمایوں دوران علاج دم توڑ گیا۔

والد کے مطابق ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچوں کی حالت کسی زہریلی چیز کے کھانے سے خراب ہوئی۔

بچوں کے والد نے نجی اسپتال کی انتظامیہ پر بھی الزام عائد کیا کہ اسپتال کے عملے نے غفلت برتی اور بیٹےکا پیٹ واش نہیں کیا۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کلیم امام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) اور سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) حیدرآباد کو واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

دوسری جانب واقعے کے بعد پولیس نے چاندنی کے علاقے میں واقع چار فوڈ پوائنٹس بند کرادیئے جبکہ چاروں پوائنٹس کے مینیجرز کو بھی حراست میں لے لیا۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) کینٹ عبداللہ لُک کے مطابق چاروں فوڈ پوائنٹس سے نمونے لیے جائیں گے اور جس کے نمونے غیر معیاری ہوئے اسے سیل کردیا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے