جمعرات : 03 جنوری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران خلائی مشن شروع کرنے سے باز رہے، امریکا[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے ایک بیان میں ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ خلا میں اپنا مشن روانہ کرنے کے عمل سے اجتناب کرے۔ انہوں نے اپنے اس بیان میں ایران کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بیلسٹک میزائل سازی کے پروگرام سے بھی دستبرداری اختیار کرے۔ پومپیو نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا اس صورت حال پر خاموشی اختیار نہیں کرے گا اور نہ ہی یہ چاہے گا کہ تہران حکومت بین الاقوامی عدم استحکام کے لیے اپنی تخریبی سرگرمیوں کو جاری رکھے۔ امریکی وزیر خارجہ نے تہران حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ اشتعال انگیزی کا خلائی پروگرام اور بیلسٹک میزائل سازی کی سرگرمیوں کو بھی ترک کر دے۔

[pullquote]ترکی اور عراق انسدادِ دہشت گردی کے سلسلے میں تعاون بڑھائیں گے، ایردوآن[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ اُن کی حکومت انسدادِ دہشت گردی کے سلسلے میں عراق کے ساتھ تعاون میں اضافہ کرے گی۔ ایردوآن نے یہ بات اپنے عراقی ہم منصب برہم صالح کے ساتھ ملکی دارالحکومت انقرہ میں ملاقات کے بعد کہی۔ ترک صدر کے مطابق شام سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد انقرہ حکومت کا کردار بڑھ گیا ہے اور ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ داعش ترکی یا عراق کے لیے خطرہ نہ بن سکے۔ اس موقع پر ایردوآن نے کالعدم کردستان ورکرز پارٹی کے خلاف اپنے عسکری آپریشن کو جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ گزشتہ برس اکتوبر میں عراق کی منصب صدارت سنبھالنے والے برہم صالح جمعرات تین جنوری کو ترک دارالحکومت پہنچے ہیں۔

[pullquote]بھارتی مندر کا تنازعہ، درجنوں گرفتار اور جھڑپیں جاری[/pullquote]

جنوبی بھارتی ریاست کیرالا کے مختلف مقامات پر سخت گیر ہندووں کے مظاہرے اور پولیس کے ساتھ جھڑپوں کا سلسلہ دوسرے دن بھی جاری رہا۔ مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کو آنسو گیس اور پانی کی تیز دھار کا بھی استعمال کرنا پڑا۔ گزشتہ روز کی جھڑپوں کے دوران ایک شخص کی ہلاکت بھی ہوئی تھی۔ جمعرات کی جھڑپوں میں کم از کم پندرہ مظاہرین زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نے 266 مظاہرین کو گرفتار کرنے کا بھی بتایا ہے۔ یہ مظاہرے ایک مندر میں پہلی مرتبہ دو خواتین کے داخل ہونے اور پوجا کرنے کے خلاف کیے جا رہے ہیں۔

[pullquote]جمال خاشقجی قتل کے ملزمان سعودی عدالت میں[/pullquote]

سعودی ریاستی میڈیا کے مطابق صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے ملزمان پر مقدمے کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق جمعرات کے روز سعودی استغاثہ نےجمال خاشقی قتل کے مقدمے میں عدالت کا سامنا کرنے والے گیارہ زیرحراست ملزمان میں سے پانچ کے لیے سزائے موت کا مطالبہ کیا۔ سعودی حکام نے ان ملزمان کے نام نہیں بتائے ہیں۔ واضح رہے کہ جلاوطن سعودی صحافی جمال خاشقجی گزشتہ برس اکتوبر میں استنبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل کر دیے گئے تھے۔

[pullquote]ٹیریزا مے یورپی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گی[/pullquote]

برطانوی وزیراعظم ٹیریزا مے رواں ہفتے مختلف یورپی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گی۔ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق مے ڈچ وزیراعظم مارک رُٹے، جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک سے ملاقاتوں کا ارادہ رکھتی ہیں۔ ٹیریزا مےبریگزٹ کے بعد یورپی یونین کے رکن ملک آئرلینڈ اور برطانیہ کے زیرانتظام شمالی آئرلینڈ کے درمیان سخت سرحدی جانچ سے اجتناب چاہتی ہیں۔ مے کا خیال ہے کہ یورپی رہنماؤں کی اس حوالے سے یقین دہانی برطانوی پارلیمان سے بریگزٹ ڈیل کی منظوری میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔

[pullquote]روس میں گیس دھماکا، 37 افراد کی ہلاکت[/pullquote]

روسی شہر ماگنیٹوگورسک میں گیس دھماکے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 37 سے ہو گئی ہے۔ پیر کے روز گیس دھماکے کے بعد ایک عمارت منہدم ہو گئی تھی۔ ریسکیو ورکرز منہدم عمارت کے ملبے تلے دفن افراد کو بچانے کی کوششوں میں ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ سوویت دور کی اس دس منزلہ عمارت میں پیر کے روز گیس کی وجہ سے ایک بڑا دھماکا ہوا تھا، جب کہ اس واقعے کے بعد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ حکام کے مطابق ممکنہ طور پر مزید چار افراد اس عمارت کے ملبے تلے دفن مل سکتے ہیں۔

[pullquote]جرمنی ایک مرتبہ پھر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں[/pullquote]

جرمنی نے بدھ کے روز سے ایک مرتبہ پھر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیرمستقبل رکن کے بہ طور ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ جرمنی گزشتہ چھ برس سے سلامتی کونسل سے باہر تھا۔ اس حوالے سے نئے غیرمستقبل ارکان کے یہ ذمہ داریاں سنبھالنے کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کے علاوہ جنوری کے لیے سلامتی کونسل کا ایجنڈا بھی طے کیا جائے گا۔ جرمنی اگلے دو برس تک انڈونیشیا، جنوبی افریقہ، بیلجیم اور ڈومینک ریپبلک کے ہم راہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیرمستقل رکن کے طور پر خدمات انجام دے گا۔ بتایا گیا ہے کہ جنوری میں سلامتی کونسل میں صومالیہ، کانگو، شام، مالی، لیبیا، قبرص اور وسطی افریقی جمہوریہ سے متعلق بات چیت ہو گی۔

[pullquote]گزشتہ برس بحیرہ روم میں ڈوب کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد ڈھائی ہزار سے زائد تھی، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین UNHCR کا کہنا ہے کہ سن 2018ء میں بحیرہ روم میں ڈوب کر ہلاک ہونے والے تارکین وطن کی تعداد 2262 رہی۔ سن 2017 کے مقابلے میں یہ تعداد کم ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برس اس راستے سے یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے مہاجرین کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے۔ عالمی ادارے کے مطابق سن 2018 میں ایک لاکھ تیرہ ہزار چار سو بیاسی افراد بحیرہ روم عبور کر کے یورپ پہنچے جب کہ سن 2017ء میں یہ تعداد ایک لاکھ بہتر ہزار تین سو ایک تھی۔

[pullquote]مٹ رومنی کی صدر ٹرمپ پر تنقید[/pullquote]

امریکی ریاست یوٹا سے سینیٹ کے رکن منتخب ہونے والے ریپبلکن رہنما مِٹ رومنی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ منصب صدارت کے لیے موزوں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ صدارتی انتخابات میں صدر ٹرمپ کی حمایت کرنے کی بابت بے یقینی کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ انتخابات میں ٹرمپ کی بجائے متبادل رہنماؤں پر غور کریں گے۔ مِٹ رومنی نے سن 2012ء کے صدارتی انتخابات میں صدر باراک اوباما کے خلاف ریپبلکن پارٹی کی نومینیشن حاصل کی تھی، تاہم انہیں ان انتخابات میں شکست ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ صدارتی انتخابات میں اپنے ضمیر کی آواز پر ووٹ دیں گے، چاہے یہ ووٹ ٹرمپ اور ریپبلکن جماعت کے خلاف ہی کیوں نہ جاتا ہو۔

[pullquote]ٹیریزا مے بریگزٹ ڈیل پر ووٹنگ ملتوی کر دیں، ڈیوس[/pullquote]

برطانیہ کے سابق بریگزٹ وزیر ڈیوڈ ڈیوس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ٹیرزا مے کو بریگزٹ ڈیل کے حوالے سے پارلیمان میں ووٹنگ ملتوی کر دینا چاہیے۔ برطانوی اخبار ٹیلی گراف میں اپنے ایک مضمون میں ڈیوس نے کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ بغیر کسی معاہدے کے اخراج کی تیاری، ایک بہتر ڈیل تک پہنچنے میں مدد دے گی۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کو پریشانی ہے کہ یہ ڈیل منظور نہ ہوئی، تو وہ اس ڈیل کے ساتھ ملنے والی 39 ارب پاؤنڈز کی رقم سے محروم ہو سکتی ہے۔

[pullquote]تین ہفتوں سے کان میں پھنسے مزدوروں کے لیے ایک ایک سیکنڈ اہم ہے، بھارتی عدالت[/pullquote]

بھارت کی سپریم کورٹ نے حکومت سے کہا ہے کہ حکومت گزشتہ تین ہفتوں سے کوئلے کی کان میں پھنسے کان کنوں کی رہائی کا مکمل منصوبہ پیش کرے۔ عدالتی بیان میں کہا گیا ہے کہ کان میں پھنسے مزدوروں کے لیے ایک ایک لمحہ اہم ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی ریاست میگھالیا میں 13 دسمبر کو کوئلے کی ایک غیرقانونی کان میں پانی بھر جانے کی وجہ سے 15 کان کن پھنس گئے تھے۔

[pullquote]شمالی کوریائی سفارت کار کی سیاسی پناہ کی درخواست کا علم نہیں، اٹلی[/pullquote]

اٹلی کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے روم میں تعینات سفیر کی جانب سے سیاسی پناہ کی درخواست دائر کیے جانے سے متعلق حکومت لاعلم ہے۔ آج جمعرات کے روز ایسی خبریں سامنے آئی ہیں، جن میں کہا گیا تھا کہ اٹلی میں تعینات شمالی کوریا کے ایک اعلیٰ سفارت کار نے سیاسی پناہ کی درخواست جمع کرائی ہے۔ روم حکومت کا تاہم کہنا ہے کہ اس سفیر کی تبدیلی سے متعلق ایک درخواست اٹلی کو موصول ہوئی ہے۔ جنوبی کوریائی میڈیا نے اس سفارت کار کا نام جو سونگ گِل بتایا ہے۔

[pullquote]صومالیہ نے اقوام متحدہ کے مندوب کو ملک چھوڑنے کی ہدایات دے دیں[/pullquote]

صومالی حکومت نے اقوام متحدہ کے مندوب کو ملک سے نکل جانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ عالمی مندوب برائے صومالیہ نیکولاس ہیسوم نے صومالیہ میں شدت پسند تنظیم الشباب کے سابق نائب سربراہ کی گرفتاری سے متعلق قانونی جواز پر سوالات اٹھائے تھے۔ صومالی وزارت خارجہ نے الزام عائد کیا ہے کہ عالمی مندوب کا بیان صومالیہ کی خودمختاری اور سفارتی آداب کی خلاف ورزی ہے۔ گزشتہ ماہ عالمی مندوب نے سن 2017ء میں الشباب سے علیحدگی اختیار کرنے والے مختار ربو کی گرفتاری کی قانونی بنیادوں پر سوالات اٹھائے تھے۔

[pullquote]انسانی حقوق کے مصری کارکن کی السیسی سے اہلیہ کی معافی کی اپیل[/pullquote]

انسانی حقوق کے معروف مصری کارکن محمد لطفی نے صدر عبدالفتاح السیسی سے اپنی اہلیہ کی معافی کی اپیل کی ہے۔ محمد لطفی کی اہلیہ کو سوشل میڈیا پر جنسی ہراسانی کے خلاف ایک ویڈیو پوسٹ کرنے پر دو برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ غیرسرکاری تنظیم مصری کمیشن فار رائٹس اینڈ فریڈم کے سربراہ محمد لطفی کی اہلیہ عمل فتحی سابقہ اداکارہ اور ماڈل ہیں۔ انہوں نے گزشتہ برس مئی میں اپنی ایک ویڈیو پوسٹ میں مصر میں خواتین پر جنسی حملوں پر تنقید کی تھی۔

[pullquote]تھائی لینڈ میں ٹریفک حادثات، ایک ہفتے میں ساڑھے چار سو سے زائد ہلاکتیں[/pullquote]

تھائی لینڈ میں 27 دسمبر سے دو جنوری تک مختلف ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 463 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جمعرات کے روز آفات سے تحفظ کے تھائی محکمے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نئے سال کے موقع پر ہونے والے مختلف ٹریفک حادثات میں ہلاکتوں کی یہ تعداد ماضی کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ گزشتہ برس نئے سال کے موقع پر چھٹیوں کے دنوں میں ٹریفک حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 423 تھی۔ بتایا گیا ہے کہ صرف یکم جنوری کو مختلف ٹریفک حادثات میں تھائی لینڈ میں نواسی افراد ہلاک جب کہ قریب سات سو زخمی ہوئے۔

[pullquote]افغانستان میں کتب خانہ، ٹرمپ مودی کا مذاق اڑاتے ہوئے[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے افغانستان میں ایک کتب خانہ میں سرمایہ کاری کا مذاق اڑایا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ یہ منصوبہ بے کار ہے۔ واشنگٹن میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ بھارتی رہنما انہیں کہہ رہے ہیں کہ وہ افغانستان میں لائبریری قائم کر رہے ہیں، مگر وہاں اس کا کیا فائدہ؟۔ یہ واضح نہیں کہ ٹرمپ بھارت کے کس منصوبے کا ذکر کر رہے ہیں تاہم نئی دہلی نے افغانستان کے لیے تین ارب ڈالر کی معاونت کا اعلان کر رکھا ہے۔ افغانستان میں بھارتی معاونت سے شروع کیے جانے والے منصوبوں میں اسکول اور سالانہ بنیادوں پر ایک ہزار افغان طلبہ کے لیے اسکالرشپس شامل ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے