پاکستان میں کاروبار اورسرمایہ کاری کو منافع بخش بنانا حکومت کا عزم ہے،عمران خان

انقرہ: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کو منافع بخش بنانے کے حوالے سے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

دورہ ترکی کے دوان پاک ترک بزنس کونسل سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ‘کرپشن کی وجہ سے سرمایہ کاری میں کمی اور انڈسٹری تباہ ہوتی ہے ، لیکن اب ہم سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور ملک میں کاروبار کی لاگت میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ اس حوالے سے آسانیاں پیدا کی جارہی ہیں’۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ‘ترک سرمایہ کاروں سے پاکستان میں سرمایہ کاری پر بات چیت ہوئی ہے اور میں یقین دلاتا ہوں کہ آپ پاکستان میں سرمایہ کاری کوفروغ دینے والی حکومت پائیں گے’۔

عمران خان نے بزنس کونسل سے خطاب میں کہا کہ ‘خطے کی بڑی منڈیوں کے سنگم پر واقع ملک پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت کے وسیع مواقع ہیں’۔

ساتھ ہی انہوں نے یقین دلایا کہ ‘پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا، موجودہ حکومت تجارت و سرمایہ کاری کو منافع بخش بنانے کے لئے پرعزم ہے اور گورننس کے نظام میں بہتری لاتے ہوئے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرے گی’۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان میں معدنیات اور بالخصوص تیل و گیس کے ذخائر کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز قائم کیے جارہے ہیں، جس سے کاروبار کے لیے بڑے مواقع پیدا ہوں گے’۔

عمران خان نے مزید بتایا کہ ‘حکومت کا عزم ہے کہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کو منافع بخش بنایا جائے، یہی وجہ ہے کہ ملک میں کاروبار کی لاگت میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ اس حوالے سے آسانیاں پیدا کی جارہی ہیں’۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے