نیب نے چوہدری شجاعت، پرویز الٰہی کے خلاف پلاٹوں کی تقسیم کا کیس بند کردیا

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) میں پلاٹوں کی بندر بانٹ کا کیس بند کردیا۔

نیب ذرائع کے مطابق چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی کے خلاف کیس بند کرنے کی منظوری نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے دی۔

چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الٰہی پر الزام تھا کہ انہوں نے ایل ڈی اے سٹی میں 28 پلاٹس غیر قانونی طور پر فروخت کیے تھے، تاہم تحقیقات کے بعد یہ سامنے آیا کہ یہ پلاٹ ان کے ملازم اسلم بیگ کے تھے، جنہوں نے پلاٹ کی فروخت کے وقت چوہدری برادران کے گھر کا پتہ استعمال کیا تھا۔

واضح رہے کہ نیب میں چوہدری برادران کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بدستور موجود ہے اور اس سلسلے میں پیش رفت کی جا رہی ہے۔

نیب لاہور نے چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی کے 1985 سے اب تک کے اثاثوں کی تفصیلات جمع کی تھیں، جس کے بعد ان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے مقدمات یکم نومبر 2017 کو کھولے گئے تھے۔

چوہدری برادران اس کیس کے سلسلے میں نیب میں پیش ہوکر اپنا بیان بھی ریکارڈ کروا چکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے