فضل الرحمان کی 24 گھنٹوں میں زرداری سے دوسری ملاقات

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے صدر آصف علی زرداری سے دوسری ملاقات کی ہے۔

مولانا فضل الرحمان پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی قیادت کو قریب لانے کے مشن پر ہیں اور اسی مقصد کیلئے انہوں نے آصف زرداری سے چوبیس گھنٹے میں دوسری ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اپوزیشن جماعتوں کے خلاف کارروائیوں پر اظہار تشویش کیا گیا۔

مولانا فضل الرحمان ملاقات کے دوران مؤقف اپنایا کہ موجودہ صورتحال میں اپوزیشن جماعتوں کو تمام گلے شکوے ختم کردینے چاہئیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آصف علی زرداری اور مولانافضل الرحمان نے اپوزیشن جماعتوں کے خلاف جاری کارروائیوں پراظہارتشویش کیا اور مستقبل میں اپوزیشن جماعتوں کی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی۔

مولانا فضل الرحمان کی آصف زرداری اور نواز شریف کے درمیان دوریاں ختم کرنے کی بھی کوشش جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں تمام گلے شکوے ختم کر دینے چاہئیں اور تمام اپوزیشن جماعتوں کو مل بیٹھ کرحکمت عملی طے کرنی چاہیے۔

دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات میں نواز شریف کا کوئی ذکر نہیں آیا، صرف سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت نے بھی بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں مولانا فضل الرحمان بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور پر جعلی بینک اکاؤنٹس کیس چل رہا ہے جبکہ شریف برادران کیخلاف کیسز بھی نیب میں ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کی خواہش ہے کہ متحد ہوکر حکومت کا مقابلہ کیا جائے جس میں اب تک وہ ناکام ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے