یو اے ای کے ولی عہد کاشاندار استقبال

اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان پاکستان پہنچ گئے۔

شیخ محمد بن زید النہیان کے طیارے نے نور خان ائیربیس پر لینڈ کیا جہاں معزز مہمان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا اور استقبال کرنے وزیراعظم عمران خان خود ائیرپورٹ پر موجود تھے، انہوں نے مہمان کو خوش آمدید کہا جب کہ اس موقع پر دیگر اعلیٰ حکام بھی ائیرپورٹ پر موجود تھے۔

[pullquote]وزیراعظم نے خود گاڑی ڈرائیو کی[/pullquote]

وزیراعظم عمران خان نور خان ائیربیس سے مہمان کو لے کر روانہ ہوئے اور مہمان کو وزیراعظم ہاؤس لے جانے کے لیے مہمان کی گاڑی میں خود ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے اور گاڑی چلاکر وزیراعظم ہاؤس روانہ ہوئے۔

وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، پہلے متحدہ عرب امارات پھر پاکستانی قومی ترانے دھنیں بجائی گئیں جب کہ معزز مہمان کو فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور ولی عہد نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔

[pullquote]مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا[/pullquote]

اس موقع پر پاک فضائیہ کے دستے نے بھی معزز مہمان کو سلامی دی۔

وزیراعظم عمران خان نےمہمان کا کابینہ ارکان اور دیگر سے تعارف کرایا جب کہ ولی عہد متحدہ عرب امارات نے بھی اپنے وفد کے ارکان سے وزیراعظم کا تعارف کرایا۔

متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کی پاکستان آمد کے موقع پر اسلام آباد کو پاکستانی اور یو اے ای کے پرچموں سے سجایا گیا ہے۔

[pullquote]وزیراعظم سے ون آن ون ملاقات[/pullquote]

وزیراعظم عمران خان اور شیخ محمد بن زید النہیان کی ون آن ون ملاقات جاری ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔

امارات کے ولی عہد کا دورہ ایک روزہ ہو گا اور وہ اس ایک روزہ دورے کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور اعلیٰ سیاسی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کا یہ 12 سال بعد پاکستان کا دورہ ہے اور تحریک انصاف کی حکومت میں پاکستان اور امارات کی اعلیٰ قیادت کے درمیان 3 ماہ میں ہونے والی یہ تیسری ملاقات ہے۔

[pullquote]12 ارب ڈالرز کا پیکج متوقع[/pullquote]

ذرائع کا کہنا ہے کہ ولی عہد کے دورۂ پاکستان کے موقع پر متحدہ عرب امارات پاکستان کیلئے تقریباً 12 ارب ڈالرز کے پیکج کا اعلان کرے گا۔

ذرائع کے مطابق 3 سال میں پاکستان کو لگ بھگ ساڑھے 9 ارب ڈالر کا ادھار تیل،3 ارب ڈالر کا آسان شرائط پر قرضہ اور 3 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں رکھوائے جائیں گے جبکہ مختلف شعبوں میں ہونے والی سرمایہ کاری اس کےعلاوہ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر تیل کی فراہمی کیلئے 1 سال کا معاہدہ ہوگا، بعد میں دوسال کی مزید توسیع ہوگی، امارات پاکستان کو 3 ارب ڈالر کا آسان شرائط پر قرض بھی فراہم کرے گا، یواے ای کی طرف سے 3 ارب ڈالر کے قرض کی منتقلی کا طریقہ کارطے ہونا باقی ہے۔

امارات سے مختلف شعبوں میں ہونے والی سرمایہ کاری اس کے علاوہ ہوگی۔ متحدہ عرب امارات کو جنوری کے پہلے ہفتے میں تین ارب ڈالر پاکستان کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنا تھے، جس میں تاخیر ہوئی تاہم اب ولی عہد کے دورہ پاکستان میں اس رقم کی منتقلی کا اعلان ہوگا۔

یو اے ای پاکستان کو تیل کے علاوہ سعودی عرب کے برابر مالیاتی پیکج فراہم کرے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے