پچاس کیس بناؤ، بیوقوفوں اور جاہلوں کے ہتھکنڈوں سے نہیں ڈریں گے: آصف زرداری

بدین: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وہ بیوقوفوں، جاہلوں کے ہتھکنڈوں سے نہیں ڈریں گے اور پچاس کیس بنیں انہوں نے پہلے بھی منہ دیا اور اب بھی دیں گے۔

بدین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے ایک بار پھر کہا کہ چاہتا ہوں مادری زبان کا استعمال کروں لیکن اسلام آباد والے گونگے بہرے ہیں اس لیے اردو میں بتا کرتا ہوں تاکہ وہ کچھ سمجھ سکیں۔

انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہتے ہیں چھ مہینے میں کچھ نہیں ہوسکتا یہ بہت کم ہیں، میں نے ایک ہفتے سب اسٹاک والوں کو بلایا اور ٹیکس نہیں لگنے دیا، اسحاق ڈار نے ٹیکس لگائے، جب کپتان آیا تو 90 بلین ڈالر کا اسٹاک تھا جو اب 40 بلین پر آگیا ہے۔

سابق صدر کا وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس نے کشکول لیا ہوا ہے، کہیں سے دو، کہیں سے تین ارب ڈالر کی بات کرتے ہیں لیکن اپنے 50 بلین ڈالرز اڑ گئے ہیں جو غریب کا پیسہ تھا، جب آپ کو یہ باتیں سمجھ نہیں آتیں تو یہ نوکری کیوں کرتے ہو، مجھے کرکٹ نہیں آتی تو میں نے کبھی کھیلنے کی کوشش نہیں کی۔

آصف زرداری نے کہا کہ پانچ سال کا منصوبہ نہیں بنانا چاہیے، بیوروکریٹس اور حق پسند لوگ اپنی سوچ پر چلتے ہیں اور پانچ سالہ منصوبہ بنتا ہے، اس میں تو آم کا باغ تیار نہیں ہوتا تو ملک کیسے تیار کروگے۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ یہ ڈرامے لوگوں کو گمراہ کرنے کی باتیں ہیں، جو دوست غیر سیاسی مقامات پر بیٹھے ہیں ان کو سمجھانا چاہتا ہوں، جنہوں نے جمہوری اداروں پر قبضے نہیں کیے انہیں سوچنا چاہیے کہ کل کیا ہوگا، یہ کس طرح ہم ملک کو لے کر جارہے ہیں، ہمارا خسارہ بڑھ رہا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اب خیال آیا ملک کو خطرہ ہے، ہم تو پہلے دن سے کہہ رہے ہیں اور الیکشن سے پہلے بھی آگاہ کیا تھا اس کے بعد بھی کہا اس سے کام نہیں چلے گا، فائل دیکھ کر سائن کرنے سے کام نہیں چلے گا، بیوروکریٹ کو نہیں پتا، یہ لوگ آگے کی گائیڈ لائن نہیں دیں گے، لوگ آپ کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتے، کام ہم کریں گے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارا مقابلہ جاری ہے، یہ حق و باطل کی جنگ ہے جو ہمیشہ جاری رہے گی، ان طوفانوں کو آنے دو، ہم انہیں دیکھ کر خوش ہوتے ہیں، یہ ڈرامیے کیے جائیں، میں اس سے اور مشہور ہوتا رہوں گا،میں نے جیل سے الیکشن جیتے ہیں، ہمارے شرجیل میمن نے بھی جیل سے الیکشن جیتا۔

انہوں نے کہاکہ جس نے اپنی منزل خود طے کی اسے کیوں ڈراتے ہو، بیوقوفوں، جاہلوں تمہارے ہتھکنڈوں سے نہیں ڈریں گے، پچاس کیس بناؤ، ان کو پہلے بھی منہ دیا اور اب بھی دوں گا، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، آپ شہید رانی کی سوچ اور لوگوں کے دلوں سے ڈرا نہیں سکتے، آپ کوشش جاری رکھیں، ہم مقابلہ جاری رکھیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے