کراچی: کے ایم سی کی جانب سے پورے شہر میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں تو جاری ہیں، لیکن ملبہ اٹھانے پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی، جو ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے سمیت متعدد حادثات کا سبب بن رہا ہے، ایسا ہی ایک واقعہ کورنگی نمبر 6 میں پیش آیا، جہاں مکان کے ملبے تک دب کر کچرا چُننے والا ایک 6 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق کچرہ چننے والا ایک بچہ گرائے گئے مکانوں کے ملبے سے سریا نکالنے کی کوشش کر رہا تھا کہ ملبے کا ایک بڑا حصہ اُس کے اوپر آگرا، جس سے اس کی ہلاکت ہوئی۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے بچے کی شناخت اسامہ کے نام سے ہوئی ہے۔
بچے کے لواحقین نے کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی کروانے سے انکار کردیا، تاہم اس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واضح رہے کہ کورنگی نمبر 6 میں چند دن قبل تجاوزات کے خلاف ایک آپریشن کیا گیا، لیکن ملبہ جوں کا توں موجود ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق کچرہ چننے والے بچے اکثر یہاں ملبے سے سریا نکالتے ہوئے نظر آتے ہیں۔