جمعہ: 11 جنوری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمن چانسلر کا دورہ يونان، نازی دور کے مظالم کا ذکر[/pullquote]

جرمن چانسلر انگيلا ميرکل نے کہا ہے کہ ان کا ملک سابقہ نازی دور ميں يونان ميں کيے گئے جرائم کی تاريخی ذمہ داری کا احساس کرتا ہے۔ ميرکل نے يہ بات جمعہ گیارہ جنوری کو يونانی دارالحکومت ايتھنز ميں کہی۔ وہ سن 2014 کے بعد یونان کے دورے پر ہیں۔ جرمن چانسلر کے بقول وہ اس سے واقف ہيں کہ نازی جرمنی نے يونان کو کتنی تکاليف پہنچائی تھیں اور اس تناظر میں دونوں ممالک مثالی روابط قائم کريں۔ گزشتہ روز ايتھنز آمد کے بعد وزير اعظم اليکسس سپراس کے ساتھ اپنی ملاقات ميں ميرکل نے سن 2010 تا سن 2014 مالی بحران کے دوران يونانی شہريوں کی قربانيوں کی بھی تعريف کی۔

[pullquote]پولينڈ ميں اپنے شہری کی حراست پر بيجنگ حکومت کی تشويش[/pullquote]

چين نے پولينڈ ميں ايک چينی بزنس مين کی جاسوسی کے الزام کے تحت گرفتار کیے جانے پر تشويش ظاہر کی ہے۔ جمعے کی صبح پولينڈ میں ايک ایسے شخص کی گرفتاری کو رپورٹ کیا گیا، جس کی شناخت چينی ٹيلی کام کمپنی ہواوے کے ايک ڈائريکٹر کے طور پر کی گئی ہے۔ اس کے ہمراہ ايک پولش شخص کو بھی حراست ميں ليا گيا ہے۔ ان دونوں پر شبہ ہے کہ وہ پولينڈ کی جاسوسی ميں ملوث تھے۔

[pullquote]سمندروں کے درجہ حرارت ميں تيزی سے اضافہ جاری، اسٹڈی[/pullquote]

دنيا بھر کے سمندروں کے درجہ حرارت ميں تيزی کے ساتھ اضافہ جاری ہے۔ يہ انکشاف يو ايس جرنل سائنس نامی جريدے ميں کيا گيا ہے۔ اس سے ايسی افواہيں غلط ثابت ہو گئی ہيں کہ عالمی درجہ حرارت يا گلوبل وارمنگ کے عمل ميں کمی آئی ہے۔ تازہ ترين رپورٹ سن 2014 سے سن 2017 کے درميان کيے گئے چار مختلف مطالعات پر مبنی ہے۔ اس کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ گلوبل وارمنگ زير سمندر بھی اسی رفتار سے جاری ہے، جس طرح يہ زمينی سطح پر محسوس کی جا رہی ہے۔ رپورٹ ميں خبردار کيا گيا ہے کہ سمندروں کے درجہ حرارت ميں اضافے سے مختلف اقسام کی آبی حيات کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

[pullquote]بلقان ممالک شديد برفباری کی لپيٹ ميں[/pullquote]

بلقان خطے کے ملکوں ميں شديد برفباری سے روز مرہ کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ کئی ديہات تک رسائی بند ہے جبکہ متعدد ممالک ميں اسکول بھی بند ہيں۔ سربيا ميں کم از کم چھ بلديات ميں ہنگامی حالت نافذ کی جا چکی ہے۔ مونٹی نیگرو ميں بھی تين ديہات تک بجلی کی ترسيل معطل ہے۔ اسی طرح بوسنيا کے دارالحکومت کے کئی علاقے بھی بجلی کی سپلائی سے محروم ہیں۔ دريں اثناء آسٹريا اور جنوبی جرمنی ميں بھی برفباری کی وجہ سے مٹی کے تودے گرنے اور شاہراہيں بند ہونے کے واقعات جاری ہيں۔

[pullquote]مشرقی شام سے پچيس ہزار افراد نقل مکانی پر مجبور، اقوام متحدہ[/pullquote]

پچھلے چھ ماہ کے دوران مشرقی شام سے تقريباً پچيس ہزار افراد نقل مکانی کر چکے ہيں۔ اقوام متحدہ کے مطابق شام ميں سرگرم جہادی اپنی آخری پناہ گاہوں کا دفاع جاری رکھے ہوئے ہيں اور دير الزور جيسے مشرقی صوبے ميں اب بھی تشدد جاری ہے۔ پناہ کے ليے ان علاقوں سے فرار ہونے والے پچيس ہزار افراد خوراک کی قلت کا سامنا ہے اور يہ غير سرکاری کيمپوں ميں گزر بسر کر رہے ہيں۔ عالمی ادارے نے خبردار کيا ہے کہ يہ صورتحال بھی تيزی سے بگڑ رہی ہے۔

[pullquote]مائيک پومپيو متحدہ عرب امارات اور بحرين ميں[/pullquote]

امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو آج متحدہ عرب امارات اور بحرين کا دورہ کر رہے ہيں۔ امید ہے کہ پومپیو اپنے اس دورے کے دوران ايران کے خلاف دباؤ بڑھانے پر زور ديں گے۔ ايسی اطلاع بھی ہے کہ امريکی وزير خارجہ نو ممالک کے اپنے اس دورے کے دوران خليجی رياستوں کے ليے کسی ايسی تجويز کے ليے حمايت حاصل کرنے کی کوششوں ميں ہيں، جس ميں ’عرب نيٹو‘ کے طرز کی کوئی چيز عمل ميں آ سکتی ہے۔ اس کوشش کا مقصد ايران کے مقابلے ميں کسی مشترکہ عسکری قوت کا قيام ہو سکتا ہے۔ پومپيو متحدہ عرب امارات اور بحرين کے بعد سعودی عرب، قطر، عمان اور کويت بھی جائيں گے۔

[pullquote]يمن ميں تشدد کی تازہ لہر پر تشويش ہے، مارٹن گرفتھس[/pullquote]

يمن کے ليے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب مارٹن گرفتھس نے باغيوں کی جانب سے کيے گئے ايک ڈرون حملے کے بعد تشدد ميں اضافے پر تشويش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے اس بارے ميں اپنے ایک ٹوئٹر پيغام میں فريقين پر تشدد ميں کمی لانے کے ليے بھی زور ديا۔ قبل ازيں جمعرات کو حوثی باغيوں نے العند ايئر بيس پر ايک ڈرون حملہ کيا تھا، جس ميں حکومت نواز بارہ فوجی ہلاک اور بارہ ديگر زخمی ہو گئے تھے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں ميں اعلیٰ سطحی کمانڈرز بھی شامل تھے۔ اقوام متحدہ متصادم دھڑوں کو براہ راست امن مذاکرات پر آمادہ کرنے کی کوشش میں ہے تاہم تازہ پيش رفت سے ايسی کوششوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

[pullquote]عراق: کار بم دھماکے ميں جانی نقصان[/pullquote]

عراق ميں شامی سرحد کے قريب واقع شہر القائم ميں ہونے والے ايک کار بم دھماکے ميں کم از کم چار افراد جاں بحق اور پچيس ديگر زخمی ہو گئے۔ فوجی ذرائع نے ہلاک شدگان اور زخميوں کی تعداد کی تصديق کر دی ہے۔ يہ دھماکہ ايک مصروف مارکيٹ ميں ہوا۔ القائم کو دو برس قبل نومبر ميں اسلامک اسٹيٹ کے قبضے سے چھڑايا گيا تھا۔

[pullquote]وسکونسن: تين ماہ سے زائد عرصے سے لاپتہ تيرہ سالہ لڑکی مل گئی[/pullquote]

امريکی رياست وسکونسن ميں تين ماہ سے زائد عرصے سے لاپتہ ايک تيرہ سالہ لڑکی مل گئی ہے۔ پوليس اور مقامی ميڈيا کے مطابق يہ لڑکی اغواء کرنے والے شخص کے چنگل سے فرار ہونے ميں کامياب رہی۔ حکام نے ايک شخص کو حراست ميں لے ليا ہے تاہم فی الحال اس کی شناخت ظاہر نہيں کی گئی۔ پچھلے سال پندرہ اکتوبر کو وسکونسن کے ايک مکان ميں چھپن سالہ جيمز کلوس اور چھياليس سال کی ان کی شريک حيات ڈينيس کی لاشيں ملی تھيں، جنہيں قتل کيا گيا تھا۔ اسی وقت سے ان کی بيٹی جيمی لاپتہ تھی۔

[pullquote]حکومتی شٹ ڈاؤن: ٹرمپ نے ايمرجنسی نافذ کرنے کا عنديہ دے ديا[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ملک ميں جلد ايمرجنسی نافذ کر سکتے ہیں۔ ٹرمپ ميکسيکو کے راستے مہاجرين کی امريکا ہجرت روکنے کے ليے سرحد پر ديوار کھڑی کرنا چاہتے ہيں جس کے ليے انہيں ڈيموکريٹس کی حمايت درکار ہے۔ اس تنازعے کے سبب ان دنوں امريکی حکومت جزوی بندش کا شکار ہے، يعنی عملی طور پر حکومت ’شٹ ڈاؤن‘ ہے۔ ٹرمپ نے گزشتہ روز ہی يہ عنديہ ديا کہ ہنگامی حالت نافذ کر کے وہ کانگريس کی توثيق کے بغير ميکسيکو کی سرحد پر ديوار کے ليے فنڈنگ وصول کر سکتے ہيں۔ سن 2016 کے صدارتی اليکشن ميں ميکسيکو کی سرحد پر ديوار کی تعمير ٹرمپ کے اہم ترين وعدوں ميں سے ايک تھا۔

[pullquote]شام سے امريکی فوجی ساز و سامان کا انخلاء جاری، دفاعی اہلکار[/pullquote]

امريکی فوج نے شام سے اپنا عسکری ساز و سامان نکالنا شروع کر ديا ہے۔ يہ اطلاع ايک امریکی دفاعی اہلکار نے جمعرات کی شب دی۔ اس پيش رفت سے امريکی نشرياتی ادارے سی اين اين کی ايک حاليہ رپورٹ درست ثابت ہوتی ہے، جس ميں يہ بتايا گيا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے انيس دسمبر کے روز کيے گئے اعلان کے مطابق شام سے امريکی فوج اور ساز و سامان کے انخلاء کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہيں کہ انخلاء کا یہ عمل کب تک مکمل ہو گا۔

[pullquote]ميانمار: روئٹرز کے صحافيوں کی اپيل مسترد[/pullquote]

ميانمار کی ايک عدالت نے خبر رساں ادارے روئٹرز کے صحافيوں کی جانب سے اپنی سزا کے خلاف دائر کردہ اپيل آج بروز جمعہ مسترد کر دی ہے۔ ان دونوں صحافيوں کو پچھلے سال ستمبر ميں ملکی راز افشا کرنے کے الزام میں سات سال قيد کی سزا سنائی گئی تھی۔ يہ دونوں روہنگيا اقليت پر ڈھائے گئے مظالم کی رپورٹنگ کر رہے تھے۔ اس کيس اور اس کے فيصلے پر ميانمار کی حکومت کڑی تنقيد کی زد ميں رہی۔

[pullquote]سعودی عرب اور ترکی کو جرمن اسلحے کی فروخت ميں اضافہ[/pullquote]

داخلی سطح پر سخت مخالفت کے باوجود سعودی عرب اور ترکی کو جرمن اسحلے کی فروخت ميں گزشتہ برس اضافہ نوٹ کيا گيا۔ جرمن وزارت برائے اقتصادی امور نے گزشتہ روز ملکی پارليمان ميں ايک رپورٹ پيش کی، جس کے مطابق پچھلے سال سعودی عرب کو ايک سو ساٹھ ملين يورو ماليت کا اسلحہ فراہم کيا گيا جبکہ ترکی کو فراہم کيے گئے اسلحے کی ماليت دو سو دو ملين يورو کے لگ بھگ رہی۔ جرمنی ميں بائيں بازو کی سياسی جماعت کی جانب سے اس پيش رفت پر تنقيد کی گئی اور پارليمان ميں سوال اٹھايا گيا۔

[pullquote]چين ميں بچوں کو پوليو کے ’ايکسپائرڈ‘ قطرے پلائے جانے کا واقعہ[/pullquote]

چين ميں 145 بچوں کو پوليو کے ’ايکسپائرڈ‘ يعنی خراب قطرے پلا ديے گئے۔ اس واقعے کے بعد اب تک متعلقہ محکمے کے تين اہلکاروں کو ان کے عہدوں سے برطرف کيا جا چکا ہے۔ چينی نشرياتی ادارے سی سی ٹی وی پر نشر کردہ ايک حاليہ رپورٹ کے مطابق ايک بچے کے والدين نے اس بات کی نشاندہی کی کہ جس بوتل سے ان کے بچے کو قطرے پلائے گئے، اسے استعمال کرنے کی آخری تاريخ گيارہ دسمبر سن 2018 تھی۔

[pullquote]زمبابوے کے سابق صدر رابرٹ موگابے کا سوٹ کیس رقم سمیت چوری[/pullquote]

افریقی ملک زمبابوے کے سابق صدر رابرٹ موگابے کا ایک سوٹ کیس چوری ہو گیا جس میں ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالرز موجود تھے۔ یہ بات ہرارے کی ایک عدالت کو بتائی گئی ہے۔ اس سلسلے میں چار افراد کو ملزم ٹھہرایا گیا ہے جن میں صدر موگابے کا ایک عزیز بھی شامل ہے۔ عدالت نے تین گرفتار شدہ ملزمان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کر دیا جبکہ چوتھا ملزم مفرور ہے۔ خیال رہے کہ شدید اقتصادی بحران کے شکار ملک زمبابوے میں امریکی ڈالرز انتہائی نایاب ہیں۔

[pullquote]مادورو نے دوسری مدت صدارت کے لیے حلف اٹھا لیا[/pullquote]

نکولاس مادورو نے دوسری مدت کے لیے وینزویلا کے صدر کے طور پر حلف اٹھا لیا ہے۔ اس لاطینی امریکی ملک میں صدارتی عہدے کی مدت چھ برس ہے۔ وینزویلا کے دارالحکومت کراکس میں گزشتہ روز ہونے والی تقریب حلف برداری میں تاہم دیگر ممالک کے سفارت کاروں کی شرکت نہ ہونے کے برابر رہی۔ مادورو پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ انہوں نے ملک کو جمہوریت سے مزید دور کر دیا ہے۔ دوسری طرف لاطینی امریکا سميت 17 ممالک نے مادورو کی حکومت کو ناجائز قرار دے دیا ہے۔ ان میں امریکا اور کینیڈا بھی شامل ہیں۔ کبھی لاطینی امریکا کا امیر ترین ملک رہنے والا وینزویلا ان دنوں شدید معاشی بحران کا شکار ہے۔

[pullquote]برطانوی ٹينس پليئر اينڈی مرے نے ريٹائرمنٹ کا عنديہ دے ديا[/pullquote]

برطانوی ٹينس پليئر اينڈی مرے نے عنديہ ديا ہے کہ وہ اس سال ريٹائرمنٹ کا اعلان کر سکتے ہيں۔ انہوں نے يہ اعلان آج جمعہ کے روز آسٹريليا کے شہر ميلبورن ميں منعقدہ ايک پريس کانفرنس ميں کيا۔ اکتيس سالہ مرے کولہے ميں تکليف کے سبب امکاناً اپنا ٹينس کيريئر جاری نہ رکھ پائيں گے۔ ان کی کوشش ہے کہ وہ ومبلڈن تک کھيل سکيں تاہم آئندہ ہفتے شروع ہونے والا آسٹريلين اوپن ان کا آخری بين الاقوامی ٹورنامنٹ ہو سکتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے