اتوار 13 جنوری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا سعودی ولی عہد سے خاشقجی کے قاتلوں کو جواب دہ بنانے کا مطالبہ کرے گا، پومپیو[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کے دوران ان سے مطالبہ کریں گے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قاتلوں کو ان کے جرائم کے لیے جواب دہ بنایا جائے۔ مائیک پومپیو نے یہ بات اتوار کے روز قطر کے اپنے ایک دورے کے دوران کہی۔ مشرق وسطیٰ کے آٹھ روزہ دورے کے دوران قطر کے بعد امریکی وزیر خارجہ آج اتوار ہی کو سعودی عرب کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔ دوحہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران پومپیو نے یہ بھی کہا کہ جمال خاشقجی کے قتل کے بارے میں تمام حقائق کے منظر عام پر لائے جانے کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

[pullquote]کشمير ميں دو مشتبہ باغيوں کی ہلاکت کے بعد تازہ کشيدگی[/pullquote]

بھارتی زير انتظام کشمير ميں سکيورٹی فورسز کے ہاتھوں دو مشتبہ باغيوں کی ہلاکت کے بعد پر تشدد مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔ پوليس کے مطابق شوپياں کے علاقے ميں سکيورٹی فورسز اور مظاہرين کے مابين تصادم ميں کم از کم سولہ افراد زخمی ہوئے۔ يہ تصادم اتوار کو اس وقت شروع ہوا، جب پوليس نے مقامی لوگوں کو ايک مشتبہ باغی کے جنازے ميں شرکت سے روکنے کی کوشش کی۔ حکام کے مطابق باغی کمانڈر زينت الاسلام کو اس کے ايک ساتھی کے ہمراہ ايک کارروائی ميں ہفتے کی شب ہلاک کر ديا گيا تھا۔ يہ باغی کافی عرصے سے سکيورٹی دستوں کو مطلوب تھا۔

[pullquote]امريکی وزير خارجہ قطر کے دورے پر، سفارتی تنازعے کے حل کی کوشش[/pullquote]

امريکا کی اتحادی خليجی رياستوں کے درميان اختلافات دور کرنے کے ليے امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو آج قطر کے دورے پر ہيں۔ ان کی کوشش ہے کہ وہ رياض اور دوحہ حکومتوں کے مابين قريب اٹھارہ ماہ سے جاری سفارتی تنازعہ حل کرا سکيں۔ پومپيو ابو ظہبی سے قطر پہنچے ہيں، جہاں انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن زائد سے ہفتے کو ملاقات کی تھی۔ امريکی وزير خارجہ قطر کے بعد سعودی عرب جائيں گے۔ وہ ان دنوں خليجی رياستں کے دورے پر ہيں، جس کا ايک مقصد علاقائی سطح پر ايران کے خلاف حمايت حاصل کرنا ہے۔

[pullquote]ايران مخالف کانفرنس کے انعقاد پر ايران کا پولينڈ سے احتجاج[/pullquote]

ايرانی حکام نے پولينڈ کے ايک سينئر سفارت کار کو اتوار کے روز طلب کر کے اپنا احتجاج ريکارڈ کرايا ہے۔ تہران حکومت اس بات پر نالاں ہے کہ پولينڈ ايک ايسی عالمی کانفرنس کا شريک ميزبان ملک ہے، جس ميں مشرق وسطیٰ اور بالخصوص ايران پر بات چيت ہو گی۔ ايرانی وزارت خارجہ کے ايک اہلکار کے مطابق يہ ايک اشتعال انگير قدم ہے۔ قبل ازيں خليجی ممالک کے دورے پر امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو نے ہفتے کو يہ اعلان کيا تھا کہ امريکا تيرہ اور چودہ فروری کو پولينڈ ميں ايک عالمی کانفرنس کی ميزبانی کرے گا، جس کا مقصد ايران کے خلاف ايک متحدہ محاذ کھڑا کرنا ہے۔

[pullquote]بنگلہ ديش: فيکٹری مالکان کی مزدوروں کو دھمکی[/pullquote]

بنگلہ ديش ميں گارمنٹ فيکٹريوں کے مالکان نے اپنی فيکٹرياں غير معينہ مدت تک کے ليے بند کرنے کی دھمکی دی ہے۔ فيکٹری مالکان اور برآمدات کنندگان کی ايسوسی ايشن BGMEA کی جانب سے یہ اعلان اتوار کو ايک پريس کانفرنس ميں کيا گيا۔ تنظيم نے تنخواہوں ميں اضافے کے ليے ہڑتال کرنے والے مزدوروں کو پير تک کی مہلت دی ہے کہ وہ اپنی اپنی ملازمتوں پر واپس آئيں۔ ايسوسی ايشن کے صدر صديق الرحمان نے کہا ہے کہ اگر ملازمين نے کام نہ کيا تو انہيں تنخواہيں بھی نہيں دی جائيں گی۔ بنگلہ ديش ميں مزدوروں اور فيکٹری مالکان کے درميان يہ تنازعہ قريب دو ہفتوں سے جاری ہے۔

[pullquote]خرطوم ميں صدر عمر البشير کے خلاف تازہ احتجاج[/pullquote]

سوڈانی پوليس نے خرطوم ميں حکومت مخالف مظاہرے کے شرکاء پر آنسو گيس کے شيل برسائے ہيں۔ عينی شاہدين کے مطابق صدر عمر البشير کے خلاف ملک گير احتجاج کی کال کے بعد مظاہرين ’امن اور انقلاب‘ کے نعرے لگا رہے تھے کہ پوليس نے ان کے خلاف طاقت کا استعمال کيا۔ خوراک کی قيمتوں ميں اضافے کے خلاف انيس دسمبر سے شروع ہونے والے مظاہرے اب ملکی سطح پر پھيل گئے ہيں اور تين دہائيوں سے اقتدار پر قابض صدر عمر البشير کے ليے حقيقی خطرہ بن چکے ہيں۔ ایسے مظاہروں ميں اب تک چوبيس افراد ہلاک ہو چکے ہيں جبکہ انسانی حقوق کے ليے سرگرم تنظيميں ہلاک شدگان کی تعداد چاليس بتاتی ہيں۔

[pullquote]شام ميں ايرانی گوداموں کو نشانہ اسرائيلی طياروں نے بنايا، نيتن ياہو[/pullquote]

اسرائيلی وزير اعظم بينجمن نيتن ياہو نے اس امر کی تصديق کر دی ہے کہ جمعہ گيارہ جنوری کی شب شام ميں کيے گئے فضائی حملے اسرائيلی لڑاکا طياروں نے ہی کيے تھے۔ آج بروز اتوار کابينہ کے ايک اجلاس سے قبل بات چيت کرتے ہوئے انہوں نے بتايا کہ دمشق کے بين الاقوامی ہوائی اڈے پر ان حملوں ميں ايرانی اسلحے کے گوداموں کو نشانہ بنايا گيا۔ نيتن ياہو کے بقول يہ پيش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ اسرائيل، شام ميں ايران کے خلاف کارروائی جاری رکھے گا۔ اسرائيلی وزير اعظم نے يہ بھی کہا کہ ان کے لڑاکا طيارے ايرانی اور لبنانی جنگجو تنظيم حزب اللہ کے شام ميں موجود ٹھکانوں کو سينکڑوں مرتبہ نشانہ بنا چکے ہيں۔

[pullquote]لبنانی سرحد پر فوجی آپريشن ختم، اسرائيلی فوج[/pullquote]

اسرائيلی فوج نے دعویٰ کيا ہے کہ حزب اللہ کی چھٹی سرنگ دريافت کر لی گئی ہے اور اب لبنان کی سرحد پر عسکری آپريشن اپنے اختتام کو پہنچ چکا ہے۔ فوجی ترجمان جونيتھن کونريکُس نے اتوار کو بتايا کہ چھٹی سرنگ سب سے بڑی ہے اور يہ لبنان ميں ايک مکان سے شروع ہو کر اسرائيل ميں نکلتی ہے۔ اسرائيلی حکام نے پچھلے ماہ ’آپريشن ناردرن شيلڈ‘ شروع کيا تھا، جس کا مقصد لبنانی جنگجو تنظيم حزب اللہ کی ايسی ہی سرنگوں کو ڈھونڈنا اور انہيں تباہ کرنا تھا۔ اسرائيل کے مطابق يہ سرنگيں اسرائيلی حدود ميں حملے کرنے کا مقصد پورا کرتی تھيں۔

[pullquote]امريکی وفد کا دورہ چين، تجارتی روابط کليدی موضوع[/pullquote]

چينی وزير برائے کامرس زونگ شان نے کہا ہے کہ امريکا کے ساتھ تجارتی اختلافات کو دور کرنے کی اس سال بھرپور کوشش کی جائے گی۔ يہ پيشرفت ايک اعلیٰ سطحی امريکی وفد کے چين کے تين روزہ دورے کے بعد سامنے آئی ہے۔ اتوار کو بيجنگ ميں ايک پريس کانفرنس کے دوران زونگ شان نے بتايا کہ ان کی حکومت بيرونی سرمايہ کاری کو فروغ دے گی اور تنازعات حل کرنے کے طريقہ کار کا بھی از سر نو جائزہ ليا جائے گا۔ امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے چينی ہم منصب شی جن پنگ نے پچھلے ماہ يہ اعلان کيا تھا کہ محصولات ميں اضافے کی حکمت عملی ميں تين ماہ کا وقفہ ديا جائے اور مذاکرات کا طريقہ اپنا کر ديکھا جائے۔

[pullquote]چين ميں کوئلے کی کان منہدم، اکيس افراد ہلاک[/pullquote]

شمالی چين ميں کوئلے کی ايک کان منہدم ہو گئی ہے۔ اس حادثے کے نتيجے ميں اب تک اکيس مزدوروں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ شہری حکومت نے تصديق کی ہے کہ چھياسٹھ کان کنوں کی جانیں بچا لی گئی ہیں۔ يہ حادثہ صوبہ شانزی ميں کوئلے کی کان کنی کے ليے معروف شہر شيمنو ميں ہفتے کی شام پيش آيا۔

[pullquote]افغانستان: گيس سلنڈر پھٹنے سے نو افراد ہلاک[/pullquote]

افغان دارالحکومت ميں گيس کا ايک سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے ہيں۔ پبلک ہيلتھ منسٹری کے ترجمان واحداللہ مائر نے بتايا کہ ہفتے کی رات ايک رہائشی مکان ميں پيش آنے والے اس حادثے ميں چند ديگر افراد زخمی بھی ہوئے۔ افغانستان ميں ايسے حادثات عام ہيں، بالخصوص موسم سرما ميں جب کئی لوگ گھروں کو گرم رکھنے کے ليے گيس استعمال کرتے ہيں۔

[pullquote]يمن ميں اعلیٰ انٹيليجنس اہلکار کی ہلاکت[/pullquote]

يمن کے اعلیٰ سطحی انٹيليجنس اہلکار بريگيڈيئر صالح تماح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اتوار تيرہ جنوری کے روز دم توڑ گئے ہیں۔ وہ دس جنوری کے روز حوثی باغيوں کی جانب سے العند ايئر بيس پر کيے گئے ڈرون حملے ميں شديد زخمی ہوئے تھے۔ باغيوں کے اس حملے ميں تماح سميت سات يمنی اہلکار ہلاک اور گيارہ ديگر زخمی ہوئے تھے۔ اسی حملے کی وجہ سے اس فائر بندی معاہدے کا مستقبل اب غير واضح ہے، جس پر يمنی جنگ ميں برسرپيکار قوتوں نے پچھلے ماہ سويڈن ميں منعقدہ امن مذاکرات ميں اتفاق کيا تھا۔

[pullquote]افغانستان: ہرات ميں طالبان کے حملے ميں چار افراد ہلاک[/pullquote]

افغان طالبان کے ايک تازہ حملے ميں چار افراد ہلاک ہو گئے ہيں۔ صوبائی گورنر کے ترجمان جيلانی فرحاد نے بتايا کہ تين حملہ آوروں نے ہرات شہر کے ايک پوليس اسٹيشن پر ہفتے کی شام دھاوا بول ديا، جس کے نتيجے ميں تين پوليس اہلکار اور ايک بچہ ہلاک ہو گئے۔ جوابی کارروائی ميں تينوں حملہ آور بھی مارے گئے جبکہ چار پوليس اہلکار زخمی ہوئے۔ طالبان کے ترجمان قاری يوسف احمدی نے ايک ٹویٹ کے ذريعے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے