بلوچستان اسمبلی میں سینیٹ کی نشست پر بی اے پی کے امیدوار منظور کاکڑ کامیاب

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی میں سینیٹ کی خالی نشست پر ہونے والے انتخاب میں بلوچستان عوامی پارٹی کے منظور کاکڑ کامیاب ہوگئے۔

پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینیٹر اعظم خان موسیٰ خیل کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر بلوچستان اسمبلی میں پولنگ کا عمل شام 4 بجے تک جاری رہا جس میں اراکین اسمبلی نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی رہنما سردار یار محمد رند اور پاکستان مسلم لیگ ن کے نواب ثناء اللہ زہری ووٹ کاسٹ کرنے نہیں آئے۔

سینیٹ کی نشست کے لیے 5 امیدوار مدمقابل تھے جن میں بلوچستان عوامی پارٹی کے منظور احمد کاکڑ، مسلم لیگ (ن) کے نسیم الرحمان خان، بی این پی (مینگل) کے غلام نبی، پختونخوا میپ کے محمد حنیف اور اے این پی کے عنایت اللہ خان شامل ہیں۔

صوبائی الیکشن کمشنر غلام اسرار خان نے ریٹرننگ افسر کے فرائض سرانجام دیئے۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار منظور کاکڑ 38 ووٹ لیکر کامیاب
صوبائی الیکشن کمشنر نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سینیٹ کی خالی نشست پر 65 ارکان کے ایوان میں سے 63 نے ووٹ کاسٹ کیا جس میں سے ایک ووٹ مسترد ہوا۔

الیکشن کمشنر کے مطابق سینیٹ انتخاب میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار منظور کاکڑ نے 38 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔

غلام اسرار خان کا کہنا ہے کہ بی این پی کے غلام نبی مری نے 23 ووٹ اور پشتونخواہ میپ کے محمدحنیف کو ایک ووٹ ملا۔

صوبائی اسمبلی کے کل اراکین کی تعداد 65 ہے جس میں سب سے زیادہ 23 اراکین بلوچستان عوامی پارٹی کے ہیں جب کہ تحریک انصاف کے 7، بی این پی مینگل کے 6، عوامی نیشنل پارٹی کے 4، بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے 3، ہزادہ ڈیموکریٹک پارٹی کے 2 اور جے ڈبلیو پی کا ایک رکن اسمبلی شامل ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے