پیر : 14 جنوری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بیجنگ: چین میں منشیات اسمگلنگ کے جرم میں کینیڈین شہری کو سزائے موت سنادی گئی۔[/pullquote]

خبرایجنسی کے مطابق کینیڈین شہری رابرٹ کو 2014 میں منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور رابرٹ کو جرم ثابت ہونے پر 2016 میں 15 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔خبر ایجنسی نے بتایا کہ پراسیکیوٹر نے قید کی سزا کو ناکافی قرار دیتے ہوئے سزائے موت کی اپیل کی تھی جس کو منظور کرلیا گیا ہے۔ چین میں منشیات اسمگلنگ کیس میں کینیڈین شہری کی سزائے موت پر کینیڈا نے اظہار تشویش کیا ہے۔ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ چین میں ہمارے شہری کو سزائے موت پر گہری تشویش ہے، چین میں موت کی سزا پر ہمارے عالمی دوستوں اور اتحادیوں کو بھی تحفظات ہونے چاہئیں۔ گزشتہ سال کینیڈا نے چین کی نامور ٹیلی کام کمپنی ‘ہوائی’ کی چیف فنانشل آفیسر مینگ وینزوا کو گرفتار کیا تھا جس کے بعد سے دونوں میں ممالک میں کشیدگی برقرار ہے۔

[pullquote]بریگزٹ ڈیل پر پارلیمانی رائے شماری کل پندرہ جنوری کو ہو گی[/pullquote]

برطانوی وزیراعظم ٹریزا مَے نے خبردار کیا ہے کہ پارلیمانی عدم منظوری سے بریگزٹ کا عمل پٹری سے اتر سکتا ہے۔ برطانوی پارلیمنٹ میں وزیراعظم کی طے شدہ ڈیل کی منظوری کے لیے ووٹنگ منگل پندرہ جنوری کو ہو گی۔ برطانوی وزیراعظم کے بعض وزرا کا کہنا ہے کہ اگر ڈیل کی منظوری نہیں ہوئی تو یہ برطانیہ انتہائی دائیں بازو کی عوامیت پسندی کی مقبولیت کا باعث بن سکتا ہے۔ رائے شماری سے قبل برطانوی وزیراعظم اراکین پارلیمنٹ سے خطاب بھی کریں گی۔ ایسے اندازے لگائے گئے ہیں کہ بریگزٹ ڈیل پر مَے حکومت کو ناکامی کا سامنا ہو سکتا ہے۔

[pullquote]ایران دو سیٹلائٹس روانہ کرنے والا ہے، حسن روحانی[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے تصدیق کی ہے کہ اگلے ایام کے دوران ایران کے دو سیٹلائٹس زمینی مدار کے لیے روانہ کیے جائیں گے۔ روحانی کے مطابق یہ ایران کے لیے ماحولیاتی معلومات کے حصول کا باعث ہوں گے۔ شمال مشرقی صوبے گلستان کے دورے کے دوران ایرانی صدر نے بتایا کہ دونوں سیٹلائٹس کو تہران کی امیر کبیر یونیورسٹی برائے ٹیکنالوجی میں تیار کیا گیا ہے۔ ایران کے وزیر مواصلات کے مطابق ان سیٹلائٹس کے نام پیام اور دوستی رکھے گئے ہیں۔ وزیر نے ان کے آزمائشی تجربات کو کامیاب قرار دیا۔

[pullquote]قطر نے شام کے ساتھ تعلقات کی بحالی کو مسترد کر دیا[/pullquote]

خلیجی ریاست قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبد الرحمان الثانی نے شام میں سفارت خانے کو دوبارہ کھولنے کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ دوحہ میں ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے واضح کیا کہ خلیج کی عرب ریاستوں کی پالیسی کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس پریس کانفرنس میں الثانی نے شامی صدر کو جنگی جرائم میں ملوث بھی قرار دیا۔ قطری وزیر خارجہ کے مطابق بشارالاسد کی موجودگی میں دمشق حکومت کی عرب لیگ میں واپسی کا بھی امکان موجود نہیں ہے۔ عرب ممالک کی تنظیم نے سن 2011 سے شام کی رکنیت کو معطل کر رکھا ہے۔

[pullquote]روسی و جاپانی وزرائے خارجہ کی بات چیت[/pullquote]

روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے پیر چودہ جنوری کو اپنے جاپانی ہم منصب تارو کونو کے ساتھ متنازعہ جزائر کے موضوع پر بات چیت کی ہے۔ اس دوران روسی وزیر خارجہ نے تارو کونو پر واضح کیا کہ متنازعہ جزائر کے حوالے سے کسی بھی معاہدے کو انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں طے کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ طے شدہ اصولوں کی روشنی میں بات چیت کو آگے بڑھانا فریقین کے مفاد میں ہے۔ اس ملاقات کو رواں ماہ کے آخر میں روسی و جاپانی صدور کی میٹنگ سے قبل انتہائی اہم قرار دیا گیا ہے۔

[pullquote]کئی برسوں بعد اردن کے بادشاہ کا عراقی دورہ[/pullquote]

اردن کے بادشاہ عبداللہ ثانی نے عراق کے اپنے دورے کے دوران ملکی صدر برہم صالح سے ملاقات کی ہے۔ ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد اردنی فرماں روا عراق کا دورہ کر رہے ہیں۔ عراقی صدر گزشتہ برس نومبر میں اردن کے دورے پر گئے تھے۔ شاہ عبداللہ آخری مرتبہ سن 2008 میں عراق آئے تھے۔ یہ پیش رفت ایسے موقع پر ہوئی ہے جب حال ہی میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ان دونوں ملکوں کا دورہ کیا ہے۔ پومپیو کے دورے کے بعدایران کے وزیر خارجہ بھی بغداد پہنچے تھے۔

[pullquote]تہران میں ایک کارگو ہوائی جہاز گر کر تباہ، پندرہ ہلاک[/pullquote]

ایرانی دارالحکومت تہران کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ایک کارگو ہوائی جہاز گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ ایرانی نیوز ایجنسی فارس کے مطابق یہ ہوائی جہاز کرغزستان سے تعلق رکھتا ہے اور اس پر 15 افراد سوار تھے۔ کارگو ہوائی جہاز اِس وسطی ایشیائی ملک کے دارالحکومت بشکیک کے مرکزی ماناس ہوائی اڈے کی پیام ایئر لائن کی ملکیت تھا۔ ایرانی ایوی ایشن کے ترجمان رضا جعفر زادہ نے ریاستی نشریاتی ادارے IRIB کو بتایا کہ بوئنگ 707 طرز کا یہ کارگو جہاز لینڈنگ کرتے ہوئے رن وے کی حدود سے باہر نکل گیا۔ ابھی تک جانی اور مالی نقصانات کے بارے میں مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ تاہم خدشہ ہے کہ جہاز پر سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

[pullquote]امریکی وزیر خارجہ کی سعودی ولی عہد سے ملاقات[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سعودی عرب کے دورے کے دوران آج پیر کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں خاص طور پر یمن میں جاری جنگی کارروائیوں میں کمی لانے کو ترجیح دی گئی۔ پومپیو گزشتہ شام قطر سے سعودی عرب پہنچے تھے۔ وہ ان دنوں مشرق وسطیٰ کے نو ملکوں کے دورے پر ہیں۔ اتوار کی شام امریکی وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب عادل الجبیر سے ملاقات میں ایران کے ساتھ کشیدگی کے علاوہ شام، افغانستان، یمن اور لیبیا کے معاملات پر بھی گفتگو کی۔

[pullquote]میرکل کی سیاسی جماعت کی سربراہ، ڈیزل گاڑیوں کی مخالفت پر ناخوش[/pullquote]

جرمنی کی قدامت پسند سیاسی جماعت کرسچین ڈیموکریٹک یونین کی سربراہ آنے گریٹ کارین باؤر نے ڈیزل گاڑیوں کے استعمال پر تنقید کو ناپسند کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہزاروں افراد کے روزگار کو ختم کرنے کا باعث بنے گا۔ جرمن رہنما کا اشارہ ماحول دوست تنظیم ڈی یُو ایچ کی جانب تھا، جس نے ڈیزل گاڑیوں کے استعمال کو ممنوع قرار دینے کی قانونی جدوجہد شروع کر رکھی ہے۔ کارین باؤر کے مطابق اس تنظیم کا عمل باعثِ توصیف ہے لیکن یہ بظاہر ڈیزل کے استعمال کے خلاف جنگ کے مساوی ہے اور یہ کار ساز صنعت میں ہزاروں نوکریوں کے خاتمے کا باعث بن سکتا ہے۔

[pullquote]دنیا کا سب سے بڑا مذہبی فیسٹیول منگل سے بھارت میں شروع ہو گا[/pullquote]

بھارت کی شمالی ریاست اتر پردیش میں دنیا کے سب سے بڑے مذہبی اجتماع کمبھ میلے کی تقریبات کل منگل پندرہ جنوری سے شروع ہو جائیں گی۔ پریاگ راج کے مقام پر آٹھ ہفتے تک جاری رہنے والے اس کمبھ میلے میں دنیا بھر سے خاص طور پر ہندو زائرین جمع ہو رہے ہیں۔ ریاستی حکام کے مطابق اس برس اس میلے میں پندرہ کروڑ سے زائد عقیدت مندوں کی شرکت متوقع ہے۔ پریاگ راج کا مقام تین دریاؤں کا سنگم تصور کیا جاتا ہے۔ ان میں دو نظر آنے والے دریا گنگا اور جمنا ہیں جب کہ تیسرا نظر نہ آنے والا روایتی دریا سرسوتی ہے۔

[pullquote]شامی کردوں کے خلاف کسی ممکنہ کارروائی پر ٹرمپ کی ایردوآن کو دھمکی[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شامی کُردوں کے خلاف کسی ممکنہ فوجی کارروائی کی صورت میں ترکی کو اقتصادی طور پر تباہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔ خیال رہے کہ شام میں سرگرم کُرد ملیشیا وائی پی جی کو امریکا کی حمایت حاصل ہے اور ترک صدر رجب طیب ایردوآن قبل ازیں ان کردوں کے خلاف فوجی کارروائی کا عندیہ دے چکے ہیں۔ امریکی صدر نے گزشتہ روز اپنے ٹوئیٹر پیغام میں لکھا کہ شام سے امریکی فوجیوں کی واپسی کے باوجود اگر ضرورت ہوئی تو شام میں سرگرم داعش کے خلاف قریبی امریکی فوجی اڈے سے حملے کیے جائیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر ترکی نے کُردوں کے خلاف کارروائی کی تو اسے معاشی طور پر تباہ کر دیا جائے گا۔ تاہم انہوں نے کردوں کو بھی ایسی کسی کارروائی سے باز رہنے کا مشورہ دیا جو ترکی کو اشتعال دلائے۔

[pullquote]چینی شمالی کوریائی تجارت عالمی پابندیوں سے شدید متاثر[/pullquote]

چین اور شمالی کوریا کے مابین تجارت اقوام متحدہ کی عائد کردہ اقتصادی پابندیوں سے شدید متاثر ہوئی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق اس تجارت میں سن 2018 کے دوران 88 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ شمالی کوریا کے لیے چینی ایکسپورٹ میں 33 فیصد سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جو تقریباً 2.18 بلین امریکی ڈالر کے مساوی ہے۔ چینی حکومت نے اس ضمن میں واضح کیا ہے کہ وہ سکیورٹی کونسل کی منظور شدہ قراردادوں پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ سن 2017 کے مقابلے میں شمالی کوریائی اقتصادیات بھی بہت زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ اسی طرح اس کمیونسٹ ملک کی کان کنی کی صنعت کو مشکلات کا سامنا ہے۔

[pullquote]تھائی لینڈ کا مزید چینی ٹینک خریدنے کا فیصلہ[/pullquote]

تھائی لینڈ کی حکومت نے مزید چینی ٹینک خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت بنکاک حکومت چین سے چودہ جنگی ٹینک خریدے گی۔ یہ ڈیل 72 ملین امریکی ڈالر مالیت کی ہے۔ اس سے قبل تھائی لینڈ چین سے وی ٹی فور (VT-4) قسم کے انتالیس جنگی ٹینک خرید چکا ہے۔ یہ ٹینک سن 2016 اور سن 2017 میں خریدے گئے تھے۔ تھائی حکومت اپنی فوج کے پرانے ٹینکوں کا استعمال ترک کرتے ہوئے نئے ٹینکوں کی شمولیت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ سن 2014 کی فوجی بغاوت کے بعد قائم ہونے والی حکومت نے چین اور روس کے ساتھ اسلحے کی خریداری کے بعض سمجھوتوں کو حتمی شکل دی تھی۔

[pullquote]دو ماہ قبل تباہ ہونے والے ہوائی جہاز کا بلیک باکس مل گیا[/pullquote]

گزشتہ برس اکتوبر میں انڈونیشیا کے جزیرے جاوا کے قریب سمندر میں گر کر تباہ ہونے والے ہوائی جہاز کا بلیک باکس غوطہ خوروں نے تلاش کر لیا ہے۔ لائن ایئرلائن کے اس ہوائی جہاز پر 189 افراد سوار تھے۔ انڈونیشی حکام کے مطابق اب تک ان میں سے کچھ مسافروں کی باقیات سمندر کی تہہ سے نکالی جا چکی ہیں۔ جدید آلات کے ذریعے بلیک باکس تلاش کرنے کی تازہ کوشش جمعے کے روز شروع کی گئی تھی۔ حکام کے مطابق یہ بلیک باکس سمندر کی تہہ سے قریب 26 فٹ نیچے ریت تلے دبا ہوا ملا۔ اس بلیک باکس کو جکارتہ منتقل کیا جائے گا تا کہ ہوائی سیفٹی کمیٹی اس کی ریکارڈنگ سے جہاز کی تباہی کا تعین کر سکے۔

[pullquote]امریکی وزیر خارجہ سعودی عرب پہنچ گئے[/pullquote]

امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو خلیجی ریاست قطر سے گزشتہ شام سعودی عرب پہنچ گئے۔ دوحہ میں پریس کانفرنس کے دوران پومپیو نے کہا کہ خلیج میں قطر اور سعودی عرب کا تنازعہ بہت طوالت اختیار کر گیا ہے اور ایران کے خلاف علاقائی اتحاد کے لیے اس کا خاتمہ از حد ضروری ہے۔ وہ سعودی دارالحکومت میں قیام کے دوران آج پیر کو شاہ سلمان اور دیگر اعلیٰ حکومتی حکام سے ملاقاتوں میں خطے کی سلامتی و استحکام کے معاملات پر گفتگو کریں گے۔ اتوار کی شام امریکی وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب عادل الجبیر سے ملاقات میں ایران کے ساتھ کشیدگی کے علاوہ شام، افغانستان، یمن اور لیبیا کے معاملات پر بھی گفتگو کی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے