ملک کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم مزید سرد، بالائی علاقوں میں برفباری

ملک کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا جب کہ بلوچستان کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ تھم گیا۔

کراچی میں گزشتہ رات وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش لانڈھی میں 31 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

گلستان جوہر میں 29، نارتھ کراچی میں 6 ، ناظم آباد میں 10، پی ایف بیس، فیصل اور مسرور بیس کے گرد و نواح میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

حیدرآباد، میرپور خاص اور ٹنڈوالہ یار میں بارش کے بعد مرکزی شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

پنجاب کے شہر لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، وہاڑی، بورے والا، میلسی اور گرد و نواح میں گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

بلوچستان کے بالائی پہاڑی اور میدانی علاقے برفیلی ہواؤں کی لپیٹ میں آگئے، وادی زیارت، کان مہترزئی اور توبہ اچکزئی میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ وادی کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 2 اعشاریہ 5، قلات میں منفی 3، دالبندین میں منفی ایک، ژوب میں 2، پنجگور 3، سبی 4، اور گوادر میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ملکی بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، کالام اور مالم جبہ میں وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے، میاندم اور مرغزار کے پہاڑوں پر بھی برفباری ہورہی ہے، شدید ترین برفباری سے کالام اتروڑ روڈ ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔

ضلع غذر میں تین روز سے برفباری ہورہی ہے جس کے بعد باعث بالائی علاقوں کے زمینی رابطے بھی بدستور بند ہیں اور کئی دیہات میں خوراک، ادویات اور اشیائے خرد و نوش کی قلت پیدا ہوگئی۔

جنوبی وزیرستان کے بالائی علاقوں میں بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر سے بدھ تک مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن میں درمیانی سے شدید بارش کا امکان ہے اور آج پشاور، مردان، راولپنڈی، گوجرانولہ، لاہور ڈویژن، سرگودھا، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان، ساہیوال، میرپور خاص اور ٹھٹہ ڈویژن میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں درمیانی سے شدید برفباری کا امکان ہے اور برفباری سے برفانی تودے گرنے کا خدشہ ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے