کرنسی اسمگلنگ کیس: ماڈل ایان علی کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم

راولپنڈی: کسٹم کی خصوصی عدالت نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں نامزد ماڈل ایان علی کو آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

کسٹم کی خصوصی عدالت کے جج ارشد بھٹہ نے ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران عدالت نے ایان علی کی جانب سے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لینے، مستقل حاضری سے استثنیٰ، معافی اور مقدمہ ختم کرنےکی درخواستیں مسترد کردیں۔

اس کے ساتھ ہی خصوصی عدالت نے ملزمہ ایان علی کو آئندہ تاریخ پر پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔

عدالت نے مزید ریمارکس دیئے کہ ملزمہ بادی النظر میں کرنسی اسمگلنگ میں ملوث ہے اور ملزمہ کے نہ آنے پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی ہوگی۔

خصوصی عدالت نے گواہان کو بھی نوٹس جاری کرکے کرنسی اسمگلنگ کیس کی آئندہ سماعت 15 فروری تک کے لیے ملتوی کردی۔

واضح رہےکہ ایان علی کو 14 مارچ 2015ء کو اسلام آباد سے دبئی جاتے ہوئے بینظیر بھٹو ایئرپورٹ پر اُس وقت حراست میں لیا گیا تھا، جب ان کے پاس سے پانچ لاکھ ڈالرز برآمد ہوئے تھے، جس کے بعد ان کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کا مقدمہ درج کیا گیا اور انہیں جیل کی ہوا بھی کھانی پڑی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے