کراچی: پانی کےتنازع پر فائرنگ، پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی رمضان گھانچی زخمی

کراچی: شہرِ قائد کے علاقے پرانا حاجی کیمپ میں پانی کے تنازع پر فائرنگ سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی رمضان گھانچی زخمی ہوگئے، فائرنگ کے الزام میں ٹمبر مارکیٹ کے ایک عہدیدار کو بیٹے سمیت حراست میں لے لیا گیا۔

ایس ایس پی سٹی مقدس حیدر کے مطابق گھاس منڈی میں واقع پرانا حاجی کیمپ ٹمبر مارکیٹ کے قریب جھگڑے کے دوران فائرنگ سے پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی رمضان گھانچی ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔

مقدس حیدر کے مطابق رکن صوبائی اسمبلی کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ پانی کی لائن کے تنازع پر پیش آیا۔

دوسری جانب نیپیئر تھانے میں واقعے کا مقدمہ درج کرکے فائرنگ کے الزام میں ٹمبر مارکیٹ کے عہدیدار سلیمان سومرو اور ان کے بیٹے کو حراست میں لے لیا گیا۔

‘جب ایک ایم پی اے محفوظ نہیں تو عام آدمی کا کیا ہوگا’
نیپیئر تھانے کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کراچی چیپٹر کے صدر خرم شیر زمان نے بتایا کہ ‘انہیں رمضان گھانچی کا فون آیا تھا، جنہوں نے بتایا کہ انہیں سلیمان سومرو اور اس کے بیٹے نے گولیاں ماریں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘جب ایک ایم پی اے محفوظ نہیں تو عام آدمی کا کیا ہوگا’۔

ساتھ ہی خرم شیر زمان نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ حملہ آورں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘ریاست کی ذمےداری ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے’۔

خرم شیر زمان کے مطابق واقعہ ‘شہر کے امن کو تباہ کرنے کی کوشش ہے، جس پر آج ہونے والے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں بھی احتجاج کیا جائے گا’۔

واضح رہے کہ رمضان گھانچی 2018 کے عام انتخابات میں کراچی کے حلقے پی ایس 109 سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

سیاسی رہنماؤں کی مذمت
رکن صوبائی اسمبلی رمضان گھانچی پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما علی حیدر زیدی نے کہا کہ ‘یہ اوچھے ہتھکنڈے ہمیں اپنے ہمارے اہداف کے حصول سے نہیں روک سکتے’۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘ہم ملک کو لوٹنے والوں کا احتساب جاری رکھیں گے اور پاکستان کو معاشی بحالی کی راہ پر گامزن کریں گے’۔

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی نے بھی رمضان گھانچی پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ‘انصاف ہوگا اور اس واقعے میں ملوث ملزمان کو سخت ترین سزا کا سامنا کرنا پڑے گا’۔

آفتاب صدیقی نے زخمی ایم پی اے کی جلد از جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش چاولہ نے بھی رمضان گھانچی پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے