دبئی: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ امریکا اور طالبان کے مذاکرات اگر کامیاب ہوئے تو پاکستان کو وسیع تر فوائد حاصل ہوں گے۔
دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے متحدہ عرب امارات اور اب قطر میں افغان طالبان اور امریکا کے لیے مذاکرات کرائے ہیں اور مذکرات کی کامیابی کی صورت میں پاکستان کو وسیع تر فوائد حاصل ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم امارات اور سعودی عرب سے بھی اچھے تعلقات کی کوششوں میں ہیں، کیونکہ گزشتہ کچھ برسوں سے مشرق وسطیٰ کی سیاست میں کردار کم ہورہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے افغانستان میں بھی اہم کردار ادا کیا اور پڑوسی ممالک خصوصا کرتار پور پر بھی بھرپور سفارتکاری کی ہے۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کررہے ہیں اور ویزا پالیسی میں تبدیلی کے بعد ملک میں سیاحت میں بھی اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی سیاست میں پی ٹی آئی کو کسی مقابلے کا سامنا نہیں ہے کیونکہ دونوں بڑی اپوزیشن جماعتوں کو مقدمات کا سامنا ہے اور اب ایک بدلا ہوا پاکستان ہے۔