پیر : 28 جنوری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اشرف غنی کی طالبان کو براہ راست مذاکرات کی پیشکش[/pullquote]

افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کو ایک مرتبہ پھر براہ راست مذاکرات کی پیشکش کی ہے۔ غنی نے ٹیلی وژن پر اپنے خطاب میں کہا کہ عسکریت پسندوں کو چاہیے کہ وہ افغان عوام کے قیام امن کے مطالبے کو پورا کریں۔ طالبان غنی حکومت کو امریکا کا پٹھو قرار دیتے ہوئے اس سے کسی قسم کی بات چیت کو مسترد کرتے ہیں۔ دوسری جانب خصوصی امریکی مندوب زلمے خلیل زاد اور طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ امریکا اور طالبان کے مابین مذاکراتی سلسلے میں پیش رفت ہوئی ہے۔

[pullquote]جرمن صدر فرانک والٹر شٹائن مائر کی ایتھوپیا کو تعاون کی یقین دہانی[/pullquote]

جرمن صدر فرانک والٹر شٹائن مائر نے ایتھوپیا کو جرمنی کی طرف سے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ شٹائن مائر کے بقول جرمنی اس ملک میں اصلاحاتی عمل میں ہر طرح کے تعاون پر تیار ہے۔ ایتھوپیا کی اپنی ہم منصب صالح ورک ذُودے کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایک ایسے ملک میں آئے ہیں، جس نے ابھی ایک نئی شروعات کی ہیں۔ جرمن صدر اس کے علاوہ وزیر اعظم آبی احمد سے بھی ملے۔ آبی احمد اپریل 2018ء سے ایتھوپیا میں اصلاحات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]ترکی شام کے شمالی حصے میں محفوظ علاقے قائم کرنا چاہتا ہے، ایردوآن[/pullquote]

ترکی شمالی شام میں محفوظ علاقے قائم کرنا چاہتا ہے۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے مطابق یہ محفوظ علاقے اس لیے بنائے جا رہے ہیں تا کہ ترکی میں موجود چار ملین مہاجرین شام واپس جا سکیں۔ ان کے بقول تقریباً تین لاکھ شامی مہاجرین پہلے ہی واپس لوٹ چکے ہیں۔ امریکا نے دسمبر میں شام سے اپنی افواج کے انخلاء کا اعلان کیا تھا۔ تاہم اس کے بعد ہی انقرہ حکومت نے اپنی سرحد کے ساتھ بیس میل کے فاصلے تک ایسے محفوظ علاقے قائم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔

[pullquote]بحرین: عمر قید کے خلاف شیعہ رہنما کی اپیل مسترد[/pullquote]

بحرین کی سپریم کورٹ نے حزب اختلاف کے شیعہ رہنما شیخ علی سلمان کی عمر قید کی سزا برقرار رکھی ہے۔ بحرین میں سپریم کورٹ کے فیصلوں کو حتمی حیثیت حاصل ہے۔ شیخ علی سلمان پر قطر کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ وہ حزب اختلاف کی جماعت الوفاق کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔ انہیں گزشتہ برس نومبر میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے گروپوں نے سعودی عرب کی حمایت یافتہ بحرین حکومت کے اس فیصلے کو ’پریشان کن‘ قرار دیا تھا۔

[pullquote]ایران فرانس کے ساتھ خفیہ مذاکرات کی تصدیق نہیں کر سکتا، بہرام قاسمی[/pullquote]

ایران فرانس کے ساتھ خفیہ مذاکرات کی تصدیق نہیں کر سکتا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی کے مطابق وہ بیلسٹک میزائل منصوبوں کے حوالے سے فرانس کے ساتھ بات چیت کی توثیق نہیں کر سکتے۔ ان کے بقول ایرانی میزائل منصوبہ دفاعی نوعیت کا ہے اور اس پر صرف داخلی سطح پر ہی بات چیت ممکن ہے۔ فرانس کے وزیر خارجہ ژاں ایو لا دریاں نے جمعے کو کہا تھا کہ اگر ایران کے ساتھ بیلسٹک میزائل کے موضوع پر جاری مذاکرات میں پیش رفت نہ ہوئی تو فرانس ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے پر تیار ہے۔

[pullquote]چین میں انسانی حقوق کے کارکن کو ساڑھے چار برس کی سزائے قید[/pullquote]

چین میں انسانی حقوق کے ایک وکیل وانگ کوانزنگ کو ساڑھے چار سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ شہر تیانجن کی ایک عدالت نے آج پیر کو اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ اگلے پانچ سال تک وانگ کو ان کے سیاسی حقوق بھی حاصل نہیں ہوں گے۔ بیالس سالہ وانگ سیاسی کارکنوں کے حقوق کا دفاع کرنے اور سیاسی قیدیوں پر تشدد کی روک تھام کے لیے اپنی سرگرمیوں کے باعث مشہور ہیں۔ وہ ابتدائی طور پر اگست 2015ء میں لاپتہ ہو گئے تھے، جب حکام نے دو سو سے زائد وکلاء اور سرگرم سماجی کارکنوں کو حراست میں لے لیا تھا۔

[pullquote]تین روسی کمپنیوں پر عائد امریکی پابندیاں ختم[/pullquote]

امریکی محکمہ خزانہ نے تین روسی کمپنیوں کو اپنی طرف سے عائد کردہ پابندیوں کی فہرست سے نکال دیا ہے۔ محکمہ خزانہ کے مطابق روسیل، ای این پلس گروپ اور جے ایس سی نے اپنا اپنا نظام مکمل طور پر اپنے ہاتھوں میں لے لیا ہے۔ اس سے قبل ان تینوں کمپنیوں کا ایک طرح سے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے قریب سمجھے جانے والے اولیگ دیریپاسکا نامی ادارے سے تعلق تھا۔ 2014ء میں کریمیا کے روس کے ساتھ الحاق اور 2016ء میں امریکی صدارتی انتخابات میں مبینہ مداخلت کے بعد ان تینوں کمپنیوں پر گزشتہ برس اپریل میں امریکا نے پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

[pullquote]ایران کے حوالے سے اسرائیلی خدشات قابل فہم، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ایران کے حوالے سے اسرائیلی خدشات پر ایک مرتبہ پھر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ میرکل کے مطابق تہران میں حکام ایسی سیاست پر عمل پیرا ہیں، جو اسرائیل کے لیے خطرہ ہے۔ ایک اسرائیلی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے جرمن چانسلر نے مزید کہا کہ یہ بات اہم ہے کہ تل ابیب حکومت سلامتی کے اپنے مفادات کا دفاع کرے۔ شام کی صورتحال پر میرکل نے کہا کہ جرمنی کی پوری کوشش ہو گی کہ ایرانی فوج گولان کی پہاڑیوں کے قریب نہ آئے۔ اسرائیلی فضائیہ گزشتہ دنوں کے دوران متعدد مرتبہ شام میں ایرانی ٹھکانوں کو نشانہ بنا چکی ہے۔

[pullquote]یورپی ممالک ایران پر امریکی پابندیوں کو نظر انداز کرنے کی کوشش نہ کریں، صدر ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف واشنگٹن کی طرف سے عائد کردہ پابندیوں کے حوالے سے یورپی یونین کو خبردار کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق یورپی یونین ایران کے ساتھ کاروبار اور رقوم کے لین دین کے حوالے سے ایک متبادل نظام کی تیاری پر لگی ہوئی ہے اور امریکا اس پیش رفت کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر امریکی پابندیوں کو نظر انداز کیا گیا، تو یورپی یونین پر بڑے جرمانے بھی عائد کیے جا سکتے ہیں۔ دوسری جانب یورپی یونین کی ایک ترجمان کے بقول اس متبادل نظام کی تیاری اپنے آخری مراحل میں ہے اور اس کا جلد ہی اعلان بھی کر دیا جائے گا۔

[pullquote]اسرائیل اور آسٹریلیا نے بھی گوائیڈو کو وینزویلا کا نیا صدر تسلیم کر لیا[/pullquote]

اسرائیل اور آسٹریلیا نے وینزویلا میں حزب اختلاف کے رہنما خوآن گوائیڈو کو ملک کا قانونی سربراہ تسلیم کر لیا ہے۔ اس طرح اب یہ دونوں ملک بھی امریکا، کینیڈا اور ان کئی لاطینی امریکی ممالک کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں، جو پہلے ہی گوائیڈو کی سربراہی کو قانونی قرار دے چکے ہیں۔ اس موقع پر امریکی صدر کے سلامتی کے امور کے مشیر جان بولٹن نے نکولاس مادورو کو خوآن گوائیڈو، ملکی پارلیمان اور امریکی سفارتی عملے کے خلاف کسی بھی قسم کے تشدد سے خبردار بھی کیا۔ بولٹن کے بقول ایسی کوئی بھی کارروائی واشنگٹن کی طرف سے سخت رد عمل کا سبب بنے گی۔

[pullquote]مشرقی افغانستان: طالبان کی ایک جیل سے اڑتیس افراد کو رہا کر وا لیا گیا[/pullquote]

مشرقی افغانستان میں طالبان کی ایک جیل سے اڑتیس افراد کو رہا کر وا لیا گیا ہے۔ صوبہ غزنی کے گورنر کے ترجمان عارف نوری نے آج پیر کو بتایا کہ گزشتہ شب کی جانے والی اس کارروائی میں نو طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا جبکہ نو کو ہی گرفتار بھی کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ جیل سے رہائی پانے والوں میں سلامتی کے اداروں کے چند اعلی عہدیدار بھی شامل ہیں۔ نوری کے بقول اس دوران طالبان کے ایک ٹھکانے اور بارود سے بھری ایک گاڑی اور موٹر سائیکل کو بھی تباہ کیا گیا۔

[pullquote]فلپائن میں کلیسا پر حملے کے ذمہ دار عناصر کی تلاش جاری، شہر کی ناکہ بندی[/pullquote]

فلپائن میں گزشتہ روز ہونے والے بم دھماکوں کے ذمہ دار عناصر کی تلاش جاری ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق سلامتی کے اداروں نے آج پیر کو خولو نامی شہر کی ناکہ بندی کر رکھی ہے۔ اتوار کو خولو کے ایک کلیسا پر کیے گئے حملے میں بیس افراد ہلاک جبکہ ایک سو دس سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے مطابق یہ حملے اس کے دو خود کش حملہ آوروں نے کیے تھے۔ ملکی ذرائع نے اس دعوے کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا تاہم کہا ہے کہ ممکنہ طور پر بارودی مواد پہلے سے نصب تھا۔

[pullquote]پیرس میں ’پیلی جیکٹوں‘ والوں کے خلاف ’سرخ اسکارف‘ والوں کا احتجاجی مارچ[/pullquote]

فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں اتوار کی شام ’پیلی جیکٹوں‘ والے مظاہرین کے تشدد اور حکومت مخالف مظاہروں کے خلاف دس ہزار سے زائد ’سرخ اسکارف‘ والے مظاہرین نے ایک بڑا احتجاجی مارچ کیا۔ فرانس میں پیلی جیکٹوں والے مظاہرین کا ہفتہ وار احتجاج گزشتہ گیارہ ہفتوں سے جاری ہے۔ ان کے خلاف ’ریڈ اسکارف‘ والے مظاہرین کا کل اتوار کی شام کا مارچ سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ تھا۔ فرانس میں قریب تین ماہ سے وسیع تر اور پرتشدد عوامی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ملکی صدر ایمانوئل ماکروں حکومت مخالف مظاہرین کو کئی طرح کی رعایت اور مباحثوں کی پیشکشں کر چکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے