جنوبی افریقا نے پاکستان کوشکست دیکر 5 میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی

کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقا نے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے فیصلہ کن میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز بھی اپنے نام کر لی۔

کیپ ٹاؤن کے نیو لینڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیا گیا 241 رنز کا ہدف جنوبی افریقا نے 40 اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔

پاکستان کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کے کوئنٹن ڈی کوک اور ہاشم آملہ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن ہاشم آملہ 14 رنز بنا کر شاہین آفریدی کا شکار بن گئے۔

ہینڈرکس بھی 34 رنز بنا کر عامر کی گیند پر شاہین آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے لیکن ڈی کوک نے وکٹ کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس کھیل کر پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور وہ 83 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

تین وکٹیں گرنے کے بعد فاف ڈوپلیسی اور ڈوسن نے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور دونوں کھلاڑی 50، 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے دو جب کہ محمد عامر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں میزبان ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 240 رنز 8 وکٹوں کے نقصان پر بنائے۔

[pullquote]پاکستان کی اننگز[/pullquote]

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا اور پہلی وکٹ پر صرف 8 رنز کی شراکت قائم کی۔

پاکستان کو پہلا نقصان امام الحق کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 8 رنز بناکر ڈیل اسٹین کا شکار بنے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 64 کے مجموعی اسکور پر گری جب بابر اعظم 24 رنز بناکر کلین بولڈ ہوگئے۔

اس کے بعد محمد حفیظ بھی 17 رنز بناکر پھیلوکائیو کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 108 تھا۔

اس کے بعد کپتان شعیب ملک کریز پر آئے اور دوسرے اینڈ پر اوپنر فخر زمان عمدہ بیٹنگ کررہے تھے لیکن ان کی یہ اننگز 128 کے مجموعی اسکور پر تمام ہوئی اور وہ 73 گیندوں پر 70 رنز بناکر پھیلوکائیو کی گیند پر عمران طاہر کو کیچ دے گئے۔

128 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان شعیب ملک اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے محتاط انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا تاہم 147 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو محمد رضوان کی صورت میں ایک اور نقصان اٹھانا پڑا، وہ صرف 10 رنز بناسکے۔

محمد رضوان کے بعد شاداب خان کیریز پر آئے لیکن 174 کے مجموعی اسکور پر کپتان شعیب ملک 31 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد شاداب خان 19 اور محمد عامر 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنے والے آل راؤنڈر عماد وسیم نے اس موقع پر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 31 گیندوں پر 4 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 47 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور 240 تک پہنچادیا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیل اسٹین مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 10 اوورز میں 51 رنز دیے اور صرف ایک وکٹ حاصل کرسکے۔ پریٹوریئس اور پھیلوکائیو نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ پانچ میچز کی سیریز کے آخری ون ڈے میں میزبان ٹیم سیریز اپنے نام کرنے کا عزم لیے میدان میں اتری ہے جبکہ شعیب ملک کی قیادت میں قومی ٹیم بھی ٹرافی کے حصول کی خواہاں ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے