ہفتہ: 02 فروری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]وینزویلا: ایئر فورس کے ایک جنرل نے اپوزیشن لیڈر کی حمایت کر دی[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک وینزویلا کی ایئر فورس کے ایک اعلیٰ افسر جنرل فرانسسکو شانِس نے اپوزیشن لیڈر خوان گوائیڈو کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ ملکی پارلیمنٹ کے اسپیکر گوائیڈو نے تیئیس جنوری کو ملک کے عبوری صدر ہونے کا اعلان کیا تھا۔ جنرل شانِس کی اپوزیشن لیڈر کی حمایت کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ہے۔ اس ویڈیو میں جنرل نے واضح کیا کہ وہ نکولس مادورو کے آمرانہ طرز حکومت کو مسترد کرتے ہیں کیونکہ یہ تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے فضائی فوج کے جنرل کی مکمل وردی پہن کر ویڈیو یہ پیغام ریکارڈ کرایا۔ دوسری جانب خوان گوائیڈو کی بین الاقوامی حمایت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

[pullquote]بھارتی وزیراعظم کی شہریت دینے کے متنازعہ قانونی بل کی عوامی حمایت[/pullquote]

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے ایک انتخابی ریلی میں ملکی پارلیمنٹ میں منظوری کے منتظر شہریت کی متنازعہ بل کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے مغربی بنگال پر حکومت کرنے والی سیاسی جماعت ترینمول کانگریس سے بھی اپیل کی کہ وہ اس مجوزہ دستوری ترمیم کی حمایت کرے۔ یہ بل بھارتی لوک سبھا سے منظوری حاصل کر چکا ہے۔ مودی نے ہفتہ دو فروری سے اپنی سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ انتخابی مہم کا آغاز ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومکت کولکتہ سے کیا گیا۔ ریلی سے مودی کے خطاب کو ملکی ٹیلی وژن پر براہِ راست دکھایا گیا۔

[pullquote]جوہری معاہدے سے امریکی علیحدگی، چین کی مخالفت[/pullquote]

چین نے امریکا کی انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز ٹریٹی یا INF سے علیحدگی کی مخالفت کی ہے۔ بیجنگ حکومت نے روس اور امریکا سے کہا ہے کہ وہ اس معاہدے کو برقرار رکھنے کے لیے تعمیری مذاکرات کا آغاز کریں۔ روسی صدر ولادیمير پوٹن نے کہا ہے کہ جوہری ہتھياروں کی تخفیف کے معاہدے سے امريکا کی دستبرداری کے رد عمل ميں روس بھی آئی اين ايف سے عليحدگی اختيار کر رہا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق امریکی اگلے چھ ماہ میں اس سمجھوتے سے پوری طرح نکل جائے گا۔ یہ روسی امریکی جوہری معاہدہ سرد جنگ کے دور میں سن 1987 میں طے پایا تھا۔

[pullquote]سوڈان میں حکومت مخالف مظاہرے، ایک مقید شخص کی ہلاکت[/pullquote]

افریقی ملک سوڈان کی اسلام نواز بڑی سیاسی جماعت پاپولر کانگرس پارٹی نے بتایا ہے کہ اُس کے ایک کارکن کی دورانِ قید ہلاکت ہوئی ہے۔ اس کا نام احمد الخیر اور عمر چھتیس برس بتائی گئی ہے۔ الخیر کی حراست میں ہونے والی ہلاکت کی اُن کے خاندان نے بھی تصدیق کر دی ہے۔ سوڈانی حکومت کی حامی فورسز نے پیشے کے اعتبار سے استاد احمد الخیر کو مشرقی ریاست کَسلا کے شہر خشم القربہ میں سے تین روز قبل گرفتار کیا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق مرحوم کے بدن پر ٹارچر کے واضح نشانات موجود تھے۔ اس شہر میں الخیر کی ہلاکت کے خلاف ہفتہ دو فروری کو ہزاروں افراد نے صدر عمر البشیر کے خلاف ایک مظاہرے میں شرکت بھی کی ہے۔

[pullquote]بوکو حرام کا مبینہ حملہ، نائجر میں نصف درجن ہلاکتیں[/pullquote]

مغربی افریقی ملک نائجر کے جنوبی حصے میں شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے ایک مشتبہ حملے میں کم از کم چھ افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔ نائجر کے سکیورٹی حکام کے مطابق یہ حملہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب میں کیا گیا۔ حملے کا نشانہ بننے والا گاؤں نائجیریا کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ بوکو حرام کا تعلق بھی نائجیریا سے ہے۔ اس شدت پسند تنظیم نے نائجیریا کی عسکری حمایت کے تناظر میں قریبی ہمسایہ ممالک پر بھی وقفے وہقفے سے حملوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ یہ انتہا پسند تنظیم سن 2009 سے نائجیریا میں اسلامی قوانین کے نفاذ کے لیے سرگرم ہے۔ اس تنظیم کی مسلح سرگرمیوں کے نتیجے میں اب تک ستائیس ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]آئی اين ايف معاہدے سے امريکا کے بعد روس بھی دستبردار[/pullquote]

روسی صدر ولادیمير پوٹن نے کہا ہے کہ جوہری ہتھياروں کی تخفیف کے معاہدے سے امريکا کی دستبرداری کے رد عمل ميں روس بھی آئی اين ايف سے عليحدگی اختيار کر رہا ہے۔ روسی صدر نے وزير دفاع سيرگئی شوئيگو اور وزير خارجہ سيرگئی لاوروف کے ہمراہ ٹيلی وژن پر ہفتے کو اپنے خطاب ميں يہ اعلان کيا۔ اس موقع پر انہوں نے يہ بھی کہا کہ ہتھياروں کے پھيلاؤ کو روکنے کے ليے امريکا کے ساتھ مذاکرات اس وقت تک ملتوی کيے جا رہے ہيں، جب تک امريکی حکومت با معنی بات چيت کے ليے تيار نہیں ہوتی۔

[pullquote]امريکا کی آئی اين ايف سے دستبرداری[/pullquote]

امريکی انتظاميہ نے جوہری ہتھياروں کی تخفيف سے متعلق سرد جنگ کے دورے سے چلے آ رہے معاہدے سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق امريکا اس سال اگست ميں اس معاہدے سے مکمل طور پر دستبردار ہو جائے گا۔ ٹرمپ نے آئی اين ايف سے دستبرداری کی ذمہ داری روس پر عائد کی۔ ان کے بقول روس ممنوعہ ہتھيار و ميزائل تعينات کر کے معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ ماسکو حکومت اس الزام کو مسترد کرتی ہے۔ روس کا موقف ہے کہ تنازعے کے حل کی کوششيں واشنگٹن کی جانب سے رد کر دی گئيں۔ امريکی صدر نے يہ عنديہ بھی ديا ہے کہ وہ نئی صورتحال ميں ملک کے دفاع کے ليے عسکری حکمت عملی طے کريں گے۔

[pullquote]آئی این ایف معاہدے سے امریکی دستبرداری: یورپی رہنما خوف زدہ[/pullquote]

امریکا کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کی تخفیف کے آئی این ایف معاہدے سے دستبرداری کے اعلان کے بعد یورپی رہنما تشویش کا شکار ہیں۔ یورپی ممالک کو خدشہ ہے کہ اس پیش رفت سے دنیا میں ہتھیاروں کی دوڑ شروع ہو سکتی ہے۔ سابق جرمن وزیر خارجہ زیگمار گابرئیل کے مطابق معاہدے کا خاتمہ یورپی یونین کے لیے ایک بہت بڑا خطرہ بن سکتا ہے۔ ان کے بقول اس طرح یونین تقسیم بھی ہو سکتی ہے اور ساتھ ہی خارجہ اور سلامتی کی مشترکہ پالیسیوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ امریکا نے انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز ٹریٹی یا آئی این ایف معاہدے سے دو اگست 2019ء کو دستبردار ہونے کا اعلان کيا ہے۔

[pullquote]مقدونيہ کی نيٹو ميں رکنيت کی راہ ہموار[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نيٹو کی جانب سے ہفتہ دو فروری کو بتایا گيا کہ چھ فروری کو رکن ریاستیں مقدونيہ کی نيٹو ميں شموليت کی تصدیق کر دیں گی۔ نيٹو کے سيکرٹری جنرل ژينس اسٹولٹن برگ نے بتايا کہ اس سلسلے ميں آئندہ بدھ کے روز شمولیت کی دستاويز پر دستخط کر ديے جائيں گے، جس کے بعد مقدونيہ دعوت پر اس عسکری اتحاد کی تربيتی سرگرميوں کا حصہ بن سکے گا۔ بعد ازاں انتيس رکن ملکوں سے توثيق کے بعد مقدونيہ باقاعدہ طور پر اس اتحاد کا تيسواں رکن ملک بھی بن سکے گا۔

[pullquote]عراق اور اردن باہمی تعلقات کو فروغ دينے کے ليے سرگرم[/pullquote]

عراق اور اردن نے اپنی مشترکہ سرحد پر صنعتی زون کی بنياد رکھی ہے۔ اس سلسلے ميں سرحد پر ہفتہ دو فروری کو منعقدہ ايک تقريب ميں عراقی وزير اعظم عادل عبدالمہدی اور ان کے اردنی ہم منصب عمر رزاق نے شرکت کی۔ اس صنعتی زون کے قيام اور سرحدی گزر گاہ کو دوبارہ کھولنے کا مقصد باہمی تعلقات کو فروغ دينا ہے۔ گزشتہ برس دسمبر ميں طے پانے والے ايک سمجھوتے کے تحت عراق، اردن کو يوميہ دس ہزار بيرل خام تيل کم قيمت پر فراہم کرے گا۔ يہ امر اہم ہے کہ خطے ميں ’اسلامک اسٹيٹ‘ کو شکست ديے جانے کے بعد دونوں ممالک باہمی تعلقات کو معمول پر لانے کے ليے سرگرم ہيں۔

[pullquote]يمنی جنگ ميں ملوث فريقين کے مابين مذاکرات کا تازہ دور[/pullquote]

يمنی جنگ کے متحارب گروپوں کے مابين امن مذاکرات کے ايک نئے دور کی ميزبانی اردن کرے گا۔ حوثی باغيوں اور يمنی حکومت کے مابين يہ مذاکرات آئندہ ہفتے ہوں گے۔ اردنی وزارت خارجہ کے مطابق بات چيت کے اس دور ميں قيديوں کے تبادلے پر توجہ مرکوز رہے گی۔ عمان ميں يہ مذاکرات يمن کے ليے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب مارٹن گریفتھس کی درخواست پر ہو رہے ہيں۔

[pullquote]ايران: سيستان بلوچستان ميں حملہ، پاسداران انقلاب کا ايک اہلکار ہلاک[/pullquote]

پاکستانی سرحد سے متصل ايران کے جنوبی حصے ميں مسلح حملہ آوروں کے ايک حملے ميں پاسداران انقلاب کا ايک اہلکار ہلاک اور پانچ ديگر زخمی ہو گئے ہيں۔ يہ حملہ صوبہ سيستان بلوچستان ميں ہفتہ دو فروری کو صبح کيا گيا۔ سرکاری ميڈيا نے نیکشہر ميں ہونے والے اس حملے کو دہشت گردانہ کارروائی قرار ديا ہے تاہم فی الحال کسی مخصوص گروہ کو اس کا ذمہ دار قرار نہيں ديا گيا۔ اسی دوران جيش العدل نامی دہشت گرد گروہ نے فوجی کيمپ پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

[pullquote]ايرانی انقلاب کے چاليس برس مکمل، نيا ميزائل لانچ[/pullquote]

ايران نے سن 1979 کے انقلاب کے چاليس برس مکمل ہونے کی مناسبت سے آج بروز ہفتہ ايک نيا کروز ميزائل لانچ کيا ہے۔ سرکاری ٹيلی وژن پر نشر کردہ رپورٹوں کے مطابق يہ نيا ميزائل تيرہ سو کلوميٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحيت رکھتا ہے۔ وزير دفاع امير حاتمی نے اس موقع پر يہ بھی بتايا کہ نيا ميزائل کافی کم اونچائی پر پرواز کر سکتا ہے اور اس کی تیاری میں وقت بھی کم ہی درکار ہے۔ ايران اور امريکا کے مابين ان دنوں کشيدگی اپنے عروج پر ہے۔ فی الحال يہ واضح نہيں کہ اس نئی پيش رفت پر واشنگٹن کا کيا رد عمل ہو گا۔

[pullquote]کيوبا ميں امکاناً شہاب ثاقت گرا، امريکی محکمہ موسميات[/pullquote]

امريکی محکمہ موسميات کے مطابق ممکنہ طور پر کيوبا کے مغربی حصے ميں جمعے کی شب ايک شہاب ثاقب گرا ہے۔ محکمے کی جانب سے آج جاری کردہ ايک ٹوئٹر پيغام ميں بتايا گيا ہے کہ ریڈار سے موصول ہونے والے سگنلز ميں مقامی وقت کے مطابق سہ پہر ايک بج کر اکيس منٹ پر امکاناً ايک شہابيہ وينالس نامی شہر کے قريب تقريباً چھبيس ہزار فٹ کی اونچائی پر ديکھا گيا۔ فی الحال اس شہابیے کے گرنے کے نتيجے ميں کسی جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہيں ہے۔

[pullquote]وينزويلا: اپوزيشن رہنما کی حمايت ميں بڑی ريلی اور منڈلاتی ہوئی يورپی ڈيڈ لائن[/pullquote]

سياسی افراتفری کے شکار ملک وينزويلا ميں اپوزيشن رہنما خوآن گوآئيڈو کی حمايت ميں آج ايک بڑی ريلی نکالی جا رہی ہے۔ توقع ہے کہ کاراکس ميں اس ريلی ميں ہزاروں کی تعداد ميں لوگ شرکت کريں گے۔ گوآئيڈو انتخابات کا مطالبہ کر ر رہے ہیں اور آج کی ريلی اسی مطالبے کی حمايت کے ليے نکالی جا رہی ہے تاکہ صدر نکولاس مادورو پر دباؤ بڑھایا جا سکے۔ يورپی ممالک نے اليکشن کا اعلان کرنے کے ليے مادورو کو اتوار تک کی مہلت دے رکھی ہے۔ ايسا نہ کرنے کی صورت ميں يورپی ممالک بھی امريکا کے نقش و قدم پر چلتے ہوئے، گوآئيڈو کو قائم مقام صدر تسليم کر ليں گے۔

[pullquote]فرانس: پيلی جيکٹ والوں کا بارہواں مظاہرہ[/pullquote]

فرانس ميں پيلی جيکٹ والوں کے احتجاجی مظاہرے آج بھی جاری ہيں۔ صدر مانوئل ماکروں کی اقتصادی پاليسيوں کی مخالفت ميں شروع ہونے والا احتجاج کا يہ سلسلہ سترہ نومبر سے جاری ہے اور آج بروز اس سلسلے کا بارہواں مظاہرہ کيا جا رہا ہے۔ احتجاج دارالحکومت پيرس سميت ديگر چند شہروں ميں کيا جا رہا ہے۔ حکومت کے مطابق قريب ڈھائی ماہ سے جاری اس احتجاجی سلسلے ميں دو ہزار افراد زخمی ہو چکے ہيں۔

[pullquote]سری لنکا چين سے قرض کا منتظر[/pullquote]

سری لنکا نے ايک بلين ڈالر کے قرضے کے لیے چين کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہيں۔ وزارت خزانہ کے ترجمان ايم آر حسن نے ہفتے کو بتايا کہ وہ بيجنگ کے جواب کے منتظر ہيں۔ قرضے کی رقم سے دارالحکومت کولمبو سے لے کر کينڈی تک ايک ہائی وے تعمير کيا جانا ہے۔ يہ امر اہم ہے کہ سری لنکا پہلے ہی بين الاقوامی قرضوں تلے ڈوبا ہوا ہے اور اسے اس سال تقريباً چھ بلين ڈالر کا قرض اتارنا ہے۔ ساتھ ہی بين الابراعظمی بيلٹ اينڈ روڈ پراجيکٹ کے سلسلے ميں چين، سری لنکا کو ايک اہم ملک قرار ديتا ہے اور اسی سلسلے ميں بنيادی ڈھانچے ميں ترقی کے ليے کولمبو حکومت کو قرضے فراہم کيے جاتے رہے ہيں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے