اتوار : 03 فروری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]طالبان افغان اپوزیشن سے ملاقات کے لیے رضامند[/pullquote]

طالبان کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اُن کا ایک وفد روس میں افغانستان کی سیاسی اپوزیشن سے ملاقات کرے گا۔ یہ دو روزہ ملاقات منگل پانچ فروری سے ماسکو میں ہو گی۔ اس میٹنگ میں افغان صدر اشرف غنی کے کئی اہم سیاسی مخالفین شرکت کر رہے ہیں۔ طالبان اور اپوزیشن کی میٹنگ میں کوئی حکومتی نمائندہ شریک نہیں ہو گا۔ طالبان کے ساتھ مذاکرات کے لیے مقرر حکومتی کونسل نے بھی تصدیق کی ہے کہ اُسے ماسکو میٹنگ کی دعوت نہیں دی گئی ہے۔ افغان صدر اشرف غنی کے رواں برس کے صدارتی انتخابات میں نائب صدر کے امیدوار امر اللہ صالح کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کا دہشت گردوں سے ملاقات ڈپرشن کا مظہر ہے۔

[pullquote]نریندر مودی بھارتی زیرانتظام کشمیر میں[/pullquote]

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے آج تین فروری کو اپنے زیر انتظام متنازعہ علاقے کشمیر کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کا جائزہ لیا۔ مودی نے بنیادی ڈھانچے کو بہتر کرنے کے کئی پراجیکٹس کا افتتاح بھی کیا۔ ان پراجیکٹس میں ہیلتھ کیئر، پانی سے بجلی کی پیداوار اور تعلیمی منصوبے شامل ہیں۔ اُن کے دورے کے موقع پر سرینگر شہر میں دوکانیں اور بازار بند رہے۔ اس کے علاوہ سکیورٹی صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لیے ہزاروں سکیورٹی اہلکاروں اور کمانڈوز کو اہم مقامات پر متعین کیا گیا۔ مودی کے دورے کے موقع پر کئی سڑکوں کو خار دار باڑ کے ساتھ بند کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]عراق میں امریکی فوج ایران پر نگاہ رکھے، صدر ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ عراق میں متعین امریکی فوج کے لیے ضروری ہے کہ وہ واشنگٹن کی جانب سے ایرانی سرگرمیوں پر نگاہ رکھے۔ ٹرمپ نے ایران کو ایک حقیقی مسئلہ قرار دیا اور اسی تناظر میں عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر موجود امریکی فوج سے ایران کی ممکنہ نگرانی کرنے کی توقع ظاہر کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسی فوجی نگرانی اُن کی خواہش ہے۔ امریکی صدر نے یہ بات ٹیلی وژن چینل سی بی ایس کو دیے گئے انٹرویو میں کہی، جو آج اتوار تین فروری کو نشر کیا گیا۔ یہ انٹرویو سی بی ایس چینل کے پروگرام فیس دی نیشن کا حصہ تھا۔

[pullquote]عراق: معروف ناول نگار کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا[/pullquote]

عراقی شہر کربلا میں ایک معروف ادیب اور ناول نگار اعلیٰ مشذوب کو نامعلوم حملہ آوروں نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ مشذوب کو ان کے گھر کے قریب ہی قتل کیا گیا۔ عراقی ادیبوں کی یونین نے اس ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے اس کی ذمہ داری سکیورٹی فورسز پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ دانشوروں کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے۔ عراقی وزیر ثقافت و سیاحت عبدل امیر الہمدانی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عراق کے ثقافتی منظر سے ایک خاص ادیب اوجھل ہو گیا ہے۔ اعلیٰ مشذوب کی عمر پچاس برس تھی۔ وہ مقامی سول سوسائٹی کے بھی سرگرم اور فعال کارکن تصور کیے جاتے تھے۔

[pullquote]ایرانی سائنسی مرکز میں آتشزدگی، تین سائنسدان ہلاک[/pullquote]

ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی اِسنا (ISNA) نے بتایا ہے کہ خلائی تحقیقی مرکز میں آگ لگنے سے کم از کم تین سائنسدان ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس بات کی تصدیق ایرانی وزیر مواصلات محمد جواد جاہرومی نے بھی کر دی ہے۔ جاہرومی نے اس مرکز میں آگ لگنے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ ایرانی حکومت نے بھی ہلاک ہونے والے تینوں سائنسدانوں کے بارے میں کوئی تفصیل یا ان کے نام ظاہر نہیں کیے۔ یہ امر اہم ہے کہ امریکی تنقید کے باوجود ایران اپنا خلائی تحقیق کا پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے۔ رواں برس جنوری میں ایران نے اپنے ایک خلائی سیٹلائٹ کی ایک تصویر بھی جاری کی تھی۔

[pullquote]يمن کے متحارب گروپوں کے مابين امن مذاکرات[/pullquote]

يمنی حکومت اور حوثی باغيوں کے نمائندے امن مذاکرات کے ايک تازہ دور ميں شریک ہیں اور یہ اتوار تین فروری سے شروع ہوا ہے۔ يمن کے ليے اقوام متحدہ کے مبصرین کے مشن کے سربراہ ريٹائرڈ ڈچ جنرل پيٹرک کيمیرٹ کی سربراہی ميں يہ بات چيت بحر احمر ميں ايک بحری جہاز پر جاری ہے، جو حديدہ کی بندرگاہ پر کھڑا ہے۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات ميں پچھلے سال سويڈن ميں طے شدہ جنگ بندی ڈيل پر حقيقی معنوں ميں عمل درآمد پر توجہ مرکوز ہے۔ علاوہ ازيں حديدہ سے حوثی فورسز کے پيچھے ہٹنے اور انسانی بنيادوں پر امداد کی فراہمی کو يقينی بنائے جانے پر بھی بات چيت متوقع ہے۔

[pullquote]وينزويلا کے صدر کو دی گئی يورپی مہلت آج ختم ہو رہی ہے[/pullquote]

وينزويلا کے صدر نکولاس مادورو کو فوری اليکشن کا اعلان کرنے کے ليے يورپی ملکوں کی جانب سے دی گئی مہلت آج ختم ہو رہی ہے۔ اگر مادورو اتوار تين فروری کو مقامی وقت کے مطابق رات بارہ بجے تک انتخابات کے انعقاد کا اعلان نہيں کرتے، تو امکان ہے کہ سات يورپی ممالک امريکا کے نقش و قدم پر چلتے ہوئے اپوزيشن رہنما خوآن گوآئيڈو کو قائم مقام صدر تسليم کر ليں۔ سياسی افرتفری کے شکار ملک وينزويلا ميں دريں اثناء مادورو کی حمايت اور مخالفت ميں ملگ گير مظاہرے جاری ہيں۔

[pullquote]افغان بچوں کی مدد کے ليے پچاس ملين ڈالر کی امداد کی اپيل[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ادارے يونيسف نے افغان بچوں کے لیے پچاس ملين ڈالر کی اپيل کی ہے۔ اس امداد سے مجموعی طور پر 6.3 ملين افراد کی مدد کی جائے گی جن ميں 3.8 ملين افغان بچے بھی شامل ہيں۔ يونيسف کی جانب سے تين فروری کو جاری کردہ بيان ميں کہا گيا ہے کہ امدادی رقوم سے بچوں کو کھانے پينے کی اشياء و ديگر بنيادی سہوليات فراہم کی جائيں گی۔ افغانستان میں یونیسیف کی نمائندہ ايڈيل خودر کے مطابق اِس شورش زدہ ملک ميں ہر دس ميں سے تين بچے نفسياتی عوارض میں مبتلا ہيں جبکہ پانچ سال سے کم عمر کے لگ بھگ چھ لاکھ بچے خوراک کی کمیابی کا شکار ہیں۔

[pullquote]اسرائيل اور غزہ کے درميان نئی سرحدی باڑ پر کام جاری[/pullquote]

اسرائيل نے غزہ کے ساتھ اپنی سرحد پر ايک نئی باڑ کی تعمير کرنا شروع کر دی ہے۔ اسرائیلی وزارت دفاع نے اتوار تین فروری کو اس باڑ کی تعیمر کی تصدیق کی ہے۔ اسرائيلی وزير اعظم بينجمن نيتن ياہو نے کہا ہے کہ يہ باڑ دہشت گردوں کے زمينی راستوں سے اسرائيل تک پہنچنے ميں رکاوٹ ثابت ہو گی۔ باڑ پينسٹھ کلوميٹر طويل اور چھ ميٹر بلند ہو گی۔ اسرائيلی حکام کا دعوی ہے کہ غزہ پٹی ميں رہنے والی فلسطينی اکثر اوقات موجود باڑ پھيلانگ کر يا اسے کاٹ کر اسرائيل ميں داخل ہو جاتے ہيں۔

[pullquote]کانگو ميں جھڑپيں، متعدد افراد ہلاک[/pullquote]

افريقی رياست کانگو ميں فوجيوں اور ايک جنگجو تنظیم کے ارکان کے مابين جھڑپوں ميں کم از کم بائيس افراد ہلاک ہو گئے ہيں۔ علاقائی فوجی ترجمان نے ہفتے اور اتوار کی درميانی شب بتايا کہ بینی کے قريب ہونے والی ان جھڑپوں ميں بائی بائی نامی مليشيا کے بيس ارکان مارے گئے جبکہ دو فوجی بھی ہلاک ہوئے۔ يہ جھڑپيں اس وقت شروع ہوئيں، جب فوج نے بائی بائی مليشيا کی دو پناہ گاہوں پر دھاوا بولا۔ مادنيات سے مالا مال کانگو کے اس علاقے ميں بائی بائی جيسی کئی جنگجو تنظیمیں مقامی باغی گروپوں سے لڑ کر اپنے علاقے کا دفاع کرتے ہيں۔

[pullquote]بريگزٹ کا عمل رکنا تقريباً نا ممکن ہے، جرمن وزير خارجہ[/pullquote]

جرمن وزير خارجہ ہائيکو ماس نے کہا ہے کہ وہ بريگزٹ يا برطانيہ کے يورپی يونين سے اخراج کے عمل کو ترک ہوتا ديکھنا چاہيں گے تاہم ايسا ہونے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہيں۔ انہوں نے يہ بات ’فنکے ميڈيا‘ گروپ کے ساتھ اپنے ايک انٹرويو ميں کہی، جو آج بروز اتوار شائع ہوا۔ اس موقع پر ماس نے يورپی موقف دہرايا کے برطانوی پارليمان کی جانب سے مسترد شدہ بريگزٹ معاہدے پر دوبارہ بحث کی گنجائش نہيں۔ ماس کے مطابق انتيس مارچ کو کسی ڈيل کے بغير ہی بريگزٹ سے بچنے کے ليے لندن حکومت کے پاس واحد راستہ يہی ہے کہ وہ طے شدہ معاہدے کو تسليم کرے۔

[pullquote]پاپائے روم کا اولين دورہ جزيرہ نما عرب[/pullquote]

مسيحيوں اور مسلمانوں کے درميان تعلقات کا ايک نيا باب کھولنے کے مقصد سے پاپائے روم جزيرہ نما عرب کا اپنا اوّلين دورہ اتوار سے شروع کر رہے ہيں۔ پوپ فرانسس منگل تک متحدہ عرب امارات ميں ہوں گے اور امکان ہے کہ وہ اس دوران يمنی جنگ ميں متحدہ عرب امارات کی حمايت اور ملک ميں انسانی حقوق سے متعلق عالمی برادری کے تحفظات جيسے مسائل اٹھائيں گے۔ ابو ظہبی ميں پوپ فرانسس ايک بين الامذہی کانفرنس ميں شرکت کريں گے۔ يہ کانفرنس ايک ايسے اماراتی گروپ کی جانب سے منعقد کرائی جا رہی ہے، جو اعتدال پسند اسلام کو فروغ ديتا ہے اور جس کا مقصد مختلف مذاہب کے مابين ہم آہنگی پيدا کرنا ہے۔

[pullquote]بھارت ميں ٹرين حادثہ، سات افراد ہلاک[/pullquote]

بھارت ميں اتوار کی صبح ايک ٹرين حادثے ميں کم از کم سات افراد ہلاک اور انتيس ديگر زخمی ہو گئے ہيں۔ ابتدائی تفتيش سے پتہ چلا ہے کہ يہ حادثہ پٹری کی خرابی کے سبب بہار کے صدر مقام پٹنا سے قريب تيس کلوميٹر شمال کی جانب پيش آيا۔ حادثے ميں ريل گاڑی کی نو بوگياں پٹری سے اتر گئيں۔ بھارتی ريلوے سروس کے اہلکار راجيش واجپائی نے بتايا ہے کہ اب ريسکيو کی کارروائی مکمل ہو چکی ہے۔ يہ ٹرين نئی دہلی کی جانب روانہ تھی۔ زخميوں ميں سے دو کی حالت نازک ہے۔

[pullquote]آسٹريليا: ناورو کے حراستی مرکز سے تقريباً تمام بچے منتقل[/pullquote]

پيسيفک کے جزيرے ناورو کے متنازعہ حراستی مرکز ميں قيد نابالغ مہاجر بچوں کے آخری گروپ کو عنقريب امريکا روانہ کيا جا رہا ہے۔ آسڑیلیا کے وزير اعظم اسکاٹ موريسن نے بتايا کہ مرکز ميں موجود آخری چار بچوں کو ایک طے شدہ معاہدےکے تحت امريکا بھيجا جا رہا ہے۔ ان کے بقول ناورو کے مرکز کے ہر بچے کو يا تو منتقل کيا جا چکا ہے يا پھر اس کی پناہ کی درخواست پر کارروائی ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ آسٹريليا کی انتہائی سخت اميگريشن پاليسيوں کے تحت غير قانونی انداز سے وہاں پہنچنے والوں کو پيسيفک کے جزائر پر حراستی مراکز ميں رکھا جاتا ہے، جن ميں حالات انتہائی ابتر ہيں۔

[pullquote]شامی افواج کو اتحادی فوج نے نشانہ بنايا، دمشق حکومت[/pullquote]

شام کے سرکاری ميڈيا نے الزام عائد کيا ہے کہ دريائے فرات کے قريب شدت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹيٹ‘ کے خلاف برسرپيکار شامی فوج کو امريکی جنگی طياروں نے نشانہ بنايا ہے۔ يہ حملہ ہفتے اور اتوار کی درميانی شب دير الزور کے علاقے میں کيا گيا اور اس ميں چند فوجيوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہيں۔ امريکی قيادت ميں اتحادی فورسز نے اس تازہ حملے پر کوئی رد عمل ظاہر نہيں کيا ہے تاہم اس سے قبل ایسا کہا گیا تھا کہ شامی فوج کو نشانہ نہيں بنايا جاتا۔

[pullquote]امريکا ميں ’سپر بول‘ گيم[/pullquote]

امريکا ميں آج بروز اتوار ’سپر بول‘ ہو رہا ہے۔ يہ نہ صرف امريکا بلکہ عالمی سطح پر سب سے زيادہ تعداد ميں ديکھا جانے والا کھیلوں کا کوئی مقابلہ ہے۔ توقع ہے کہ آج شب امريکا کی ايک تہائی آبادی اسے ديکھےگی جبکہ انٹرنيٹ پر بھی دنيا بھر ميں کئی ملين افراد سپر بول سے لطف اندوز ہوں گے۔ پچھلے سال اس گيم کو ايک سو ملين سے زائد امريکی شہريوں نے ديکھا تھا۔ امريکی فٹ بال کے اس گيم ميں نيو انگلينڈ پيٹريئٹس کا مقابلہ لاس اينجلس رامس سے ہو گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے