ہفتہ: 16 فروری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بیجنگ کثیرالفریقی عالمی نظام کا حامی ہے، اعلیٰ چینی اہلکار کا خطاب[/pullquote]

جرمنی میں جاری سالانہ میونخ سکیورٹی کانفرنس میں شریک چین کے اعلیٰ نمائندے یانگ جی ایچی نے کہا ہے کہ بیجنگ حکومت بین الاقوامی سطح پر تعاون کے ایسے ایک نظام کی بھرپور حامی ہے، جس میں کثیرالفریقی اور کثیرالجہتی سوچ کو مدنظر رکھا گیا ہو۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جی ایچی نے ہفتے کے روز کہا کہ دنیا ایک ایسے دوراہے پر کھڑی ہے، جہاں اسے یک فریقی اور کثیرالفریقی نظاموں میں سے کسی ایک کے انتخاب کا مرحلہ درپیش ہے۔ میونخ سکیورٹی کانفرنس میں اس سال بھی دنیا بھر سے سیاسی اور سفارتی شعبوں کی سینکڑوں انتہائی اہم شخصیات حصہ لے رہی ہیں۔ اس مرتبہ اس کانفرنس میں چینی وفد بیجنگ کی طرف سے اس اجتماع کے لیے آج تک جرمنی بھیجا جانے والا سب سے بڑا وفد ہے۔

[pullquote]روس پارٹنر ہے، میرکل کا گیس پائپ لائن منصوبے کا دفاع[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے میونخ سکیورٹی کانفرنس کے شرکاء سے خطاب میں روس کے ساتھ تجارت اور تعلقات کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی مسائل کے حل کے لیے بین الاقوامی برادری کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس نئی پائپ لائن کی مخالفت کرتے ہیں، جس کے ذریعے قدرتی گیس روس سے براہ راست جرمنی پہنچے گی، تاہم میرکل نے اس منصوبے کا دفاع بھی کیا۔ میرکل کے خطاب کے وقت حاضرین میں ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ بھی موجود تھیں۔ میرکل نے کہا کہ سرد جنگ کے دور میں بھی روس سے قدرتی گیس حاصل کی جاتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ روس جرمنی کا ایک پارٹنر ملک ہے۔

[pullquote]خود کش حملے میں مارے گئے ایرانی سکیورٹی اہلکاروں کی تدفین[/pullquote]

ایرانی صوبے سیستان بلوچستان میں بدھ کے روز ایک خود کش حملے میں ہلاک ہونے والے پاسداران انقلاب کے ستائیس اہلکاروں کی آخری رسومات ہفتے کے روز ادا کر دی گئیں۔ ان اہلکاروں کی تدفین میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس موقع پر امریکا کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ اسی دوران ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل محمد علی جعفری نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پر حملہ آوروں کی معاونت کا الزام بھی عائد کیا۔ اس حملے کی ذمہ داری جیش العدل نامی عسکریت پسند تنظیم نے قبول کر لی تھی۔ ایرانی کمانڈر نے پاکستان سے بھی جیش العدل کے عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

[pullquote]شمالی کوریائی رہنما پچیس فروری کو ویت نام پہنچیں گے[/pullquote]

امریکا اور شمالی کوریا کی دوسری سمٹ میں شرکت کے لیے شمالی کوریائی رہنما پچیس فروری کو ویت نام پہنچیں گے۔ ہنوئی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ اُن کے مابین دوسری سمٹ ستائیس اور اٹھائیس فروری کو ہو گی۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق شمالی کوریائی رہنما اس سربراہی ملاقات سے قبل ویت نام کے صدر نگُوین پُھو ترونگ اور دیگر ملکی رہنماؤں سے بھی ملیں گے۔ اُن اور ٹرمپ کی پہلی ملاقات گزشتہ برس جون میں ہوئی تھی۔

[pullquote]میکسیکو دیوار کی تعمیر، ٹرمپ نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکیسکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے کانگریس کی جانب سے سرمایے کی فراہمی نامنظور کیے جانے کے بعد ملک میں قومی ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔ اس طرح صدر کے پاس پینٹاگون کے بجٹ سے سرمایے کے استعمال کا اختیار آ گیا ہے۔ امریکی صدر نے جمعے کی شام ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن امریکا پر حملہ آور ہیں، جو امریکی سلامتی کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔ صدر کے اس اقدام پر ڈیموکریٹ قانون سازوں نے کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے آئین کی خلاف ورزی کے مترادف قرار دیا ہے۔

[pullquote]شمال مشرقی نائجیریا میں بوکوحرام کا حملہ، آٹھ افراد ہلاک[/pullquote]

نائیجیریا کے شمال مشرقی شہر میدوگوری میں شدت پسند تنظیم بوکوحرام کے ایک حملے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ مقامی سویلین ملیشیا کے ایک رہنما نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ حملہ جمعے کو رات گئے کیا گیا۔ اس سے قبل بوکوحرام نے حملہ کر کے میدوگوری کے شمال میں ایک فوجی اڈے پر قبضہ کر لیا تھا اور وہاں سے عسکری گاڑیاں اور دیگر فوجی ساز سامان لوٹنے کے بعد اس اڈے کی عمارت کو آگ لگا دی تھی۔ اے ایف پی نے دو فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس واقعے کے بعد متعدد فوجی اب تک لاپتا ہیں۔

[pullquote]وقت آ گیا ہے کہ یورپ ایرانی جوہری ڈیل سے نکل جائے، پینس[/pullquote]

امریکی نائب صدر مائیک پینس نے کہا ہے کہ اب وہ وقت آ گیا ہے، جب یورپ کو ایرانی جوہری معاہدے سے نکل جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی اتحادیوں کو اس وقت امریکا اور ایرانی عوام کا ساتھ دینا چاہیے۔ انہوں نے یورپی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ چینی کمپنی ہوآوئےکے تیارکردہ کمیونیکشن آلات کے استعمال میں بھی محتاط رہیں۔ اس سے قبل جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان سن 2015ء میں طے پانے والے جوہری معاہدے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے ایران نے یورنیم کی افزودگی کی سرگرمیوں کو محدود کیا ہے۔

[pullquote]امریکا میں نوکری سے نکالے جانے پر ایک شخص کی اپنے ساتھی ملازمین پر فائرنگ، پانچ افراد ہلاک[/pullquote]

امریکا میں ایک شخص نے نوکری سے برخاست کیے جانے پر اپنی فیکٹری میں ساتھی ملازمین پر فائرنگ کر دی۔ شکاگو کے نواح میں ہوئے اس واقعے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جب کہ موقع پر پہنچنے والی پولیس کے پانچ اہلکار بھی اس شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کا یہ واقعہ شکاگو سے چالیس میل دور ایلينوئے کے علاقے آؤرورا میں مقامی وقت کے مطابق دن کو ڈیڑھ بجے پیش آیا۔ پولیس نے مشتبہ حملہ آور کا نام گیری مارٹنز بتایا ہے اور اس کی عمر 45 برس ہے۔ اس حملہ آور نے بعد میں خود کو گولی مار کر ہلاک کر لیا تھا۔

[pullquote]سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان ’ایک روز‘ کے لیے ملتوی[/pullquote]

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان ایک روز کے لیے تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے بتایا گیا ہےکہ ہفتے کی شام پاکستان پہنچنے کی بجائے اب شہزادہ سلمان ایک روز بعد یہ دورہ شروع کریں گے۔ وزارت خارجہ نے وجوہات کی تفصیل بتائے بغیر کیا ہے کہ اس دو روزہ دورے میں تاخیر کے باوجود پروگرام تبدیل نہیں ہو گا۔ دفتر خارجہ کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اب مختصر تجارتی وفد کے ہم راہ اسلام آباد پہنچیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان کو امید ہے کہ سعودی ولی عہد پاکستان میں سات ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کر سکتے ہیں۔

[pullquote]امریکا بھارت کے ’ذاتی دفاع‘ کے حق کو تسلیم کرتا ہے، بھارت[/pullquote]

بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ واشنگٹن حکومت سرحد پار سے دہشت گردی کے تناظر میں بھارت کے ’ذاتی دفاع‘ کے حق کی حمایت کرتی ہے۔ بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں ایک خودکش حملے میں چالیس سے زیادہ سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کے تناظر میں وزیراعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔ بھارتی حکومت کا دعویٰ ہے کہ اس کے پاس اس حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں۔ اسی تناظر میں جمعے کی شب امریکا کی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے اپنے بھارتی ہم منصب اجیت ڈوال سے ٹیلی فون پر بات چیت بھی کی۔

[pullquote]نائجیریا میں صدارتی انتخابات التوا کا شکار[/pullquote]

نائجیریا کے قومی الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخابات کو 23 فروری تک ملتوی کر دیا ہے۔ یہ انتخابات آج ہفتے کے روز منعقد ہونے تھے تاہم کہا گیا ہے کہ انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کو ’چیلنجز‘ کا سامنا ہے۔ اس سے قبل مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ووٹنگ کے ليے مواد ملک کے تمام پولنگ اسٹیشنز تک نہیں پہنچ پایا۔ الیکشن کمیشن کے چیئرمین محمود یعقوبو نے کہا کہ ان کے لیے یہ فیصلہ مشکل تھا تاہم انتخابات کے کامیاب انعقاد اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے یہ فیصلہ ناگزیر تھا۔

[pullquote]اسلامک اسٹیٹ کے زیر قبضہ ٹھکانے میں اب بھی بڑی تعداد میں عام شہری موجود[/pullquote]

شام میں جہادیوں کے خلاف برسرپیکار کرد فورسز نے کہا کہ اسلامک اسٹیٹ کے زیرقبضہ علاقے میں اب بھی ’بڑی تعداد‘ میں عام شہری موجود ہیں۔ عراقی سرحد کے قریب اسلامک اسٹیٹ کے زیرقبضہ ایک چھوٹے سے علاقے کو امریکی حمایت یافتہ باغی فورسز نے محاصرے میں لے رکھا ہے۔ یہ شام میں اس شدت پسند تنظیم کے زیرقبضہ آخری علاقہ ہے۔ امریکی حمایت یافتہ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے ترجمان عدنان عفرین نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ جہادیوں کے زیرقبضہ علاقے میں اتنی بڑی تعداد میں عام شہریوں کی موجودگی کی توقع نہیں تھی، تاہم ان عام شہریوں کی وجہ سے اس علاقے پر اب تک چڑھائی نہیں کی گئی ہے۔

[pullquote]ترکی روسی میزائلوں کی خریداری کی ڈیل سے پیچھے نہیں ہٹے گا، ایردوآن[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ ترکی روس سے ایس چار سو میزائل نظام کی خریداری کی ڈیل سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ امریکا کی خواہش ہے کہ انقرہ حکومت روسی میزائل نظام کو نیٹو کے دفاعی نظام میں شامل نہ کرے۔ امریکی حکام نے اس سلسلے میں ترکی کو 15 فروری کی غیر رسمی ڈیڈ لائن بھی دی تھی، جس مں ترکی کو ساڑھے تین ارب ڈالر میں پیٹریاٹ نظام کی فروخت کی پیش کش کی گئی تھی۔ امریکی حکام نے کہا تھا کہ روسی میزائل نظام خریدنے کی صورت میں انقرہ حکومت کی امریکا کے ساتھ ایف پینتس لڑاکا طیاروں کی ڈیل بھی متاثر ہو گی۔

[pullquote]نیتن یاہو کے ساتھ بیٹھنا ’پروٹوکول کی غلطی‘ تھی، یمنی وزیرخارجہ[/pullquote]

یمنی وزیرخارجہ خالد الیمنی نے کہا ہے کہ وارسا میں مشرقِ وسطیٰ کانفرنس میں ان کا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ والی نشست پر بیٹھنا ’پروٹوکول کی غلطی‘ کا شاخسانہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی غلطیوں کی ذمہ داری کانفرنس کے منتظمین پر عائد ہوتی ہے۔ جمعرات کے روز اپنے ٹوئٹر پیغام میں الیمنی نے کہا کہ بین الاقوامی کانفرنسوں کے منتظمین کو پروٹوکول کا خیال رکھنا چاہیے۔ واضح رہے کہ یمن نے اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کیا، تاہم الیمنی اور نیتن یاہو کے درمیان دوستانہ بات چیت پر انہیں تنقید کا سامنا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے