اتوار: 17 فروری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران خلیجی ریاستوں کے ساتھ تعلقات بہتر کرنا چاہتا ہے، روحانی[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ تہران حکومت خلیج کی عرب ریاستوں کے ساتھ قریبی اور بہتر تعلقات کی خواہش رکھتی ہے۔ ملکی ٹیلی وژن پر نشر ہونے والی تقریر میں انہوں نے کہا کہ ایران خطے میں سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے علاقائی ریاستوں کے ساتھ مکالمت کے لیے تیار ہے۔ روحانی نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ ایرانی عوام کو تقسیم کرنے کی کوششیں اُن کے دشمن ممالک امریکا اور اسرائیل کر رہے ہیں۔ ایرانی صدر کے مطابق امریکا کی ایران کے خلاف پالیسی ناکامی سے ہمکنار ہو کر رہے گی۔

[pullquote]داعش کے جہادیوں کو گھیرے میں لینے کا دعویٰ[/pullquote]

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی حمایت یافتہ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز (SDF) کے ايک کمانڈر نے دعویٰ کیا ہے کہ ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے بچے کھچے جہادیوں کو مشرقی شام کے گاؤں باغوز میں گھیرے لے ليا گيا ہے اور جلد ہی ان کی قوت پوری طرح ختم کر دی جائے گی۔ شامی کردوں کے عسکری گروپ کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ ایس ڈی ایف نے اپنی پیش قدمی کو سست رکھا ہوا ہے تاکہ محاصرے میں لیے گئے علاقے ميں شہریوں کی زندگیاں محفوظ رہيں۔ باغوز میں موجود جہادیوں کو امریکی عسکری اتحاد کے فضائی حملوں کے ساتھ ساتھ توپوں کی شیلنگ کا بھی سامنا ہے۔

[pullquote]امریکی امدادی ہوائی جہازوں کی وینزویلا کی سرحد کے قریب لینڈنگ[/pullquote]

امریکی فوج کے تین سامان بردار سی سیونٹین (C-17) فوجی طیارے ہوائی جہاز کئی ٹن امدادی سامان لے کر وینزویلا کی سرحد کے قریب کولمبین قصبے کُوکُوٹا لینڈ کر گئے ہیں۔ اس قصبے میں وینزویلا کے سینکڑوں مہاجرین پناہ لیے ہوئے ہیں۔ امریکی امدادی تنظیم یو ایس ایڈ کے انتظامی افسر مارک گرین کا کہنا ہے کہ یہ پہلی اور آخری بار نہیں کہ امریکی امداد پہنچی ہے بلکہ مزید امداد بھی جلد پہنچنے والی ہے۔ وینزویلا کے اپوزیشن لیڈر خوآن گوآئیڈو کے حامیوں نے کُوکُوٹا قصبے کو امداد وصول کرنے کا مرکز بنا رکھا ہے۔

[pullquote]سربیا: صدر وُوچِچ کے خلاف ہزاروں افراد کا مظاہرہ[/pullquote]

بلقان خطے کے ملک سربیا میں عوامیت پسند صدر الیگزانڈر وُوچِچ کے خلاف ہزاروں افراد ملکی دارالحکومت بلغراد میں ایک ریلی میں شریک ہوئے۔ مسلسل گیارہ ہفتوں سے ہر ویک اینڈ پر وُوچِچ مخالف ریلی کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ ہفتہ سولہ فروری کی شام مظاہرین پارلیمنٹ کی عمارت کے باہر جمع ہوئے اور صدر کے خلاف نعرہ بازی کرتے رہے۔ یہ امر بھی اہم ہے کہ صدر وُوچِچ کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ سربیا کے دوسرے شہروں میں بھی پھیلتا جا رہا ہے۔ ملکی اپوزیشن نے مستقبل میں انتخابات کی عدم شفافیت کے خدشے کے تناظر میں بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔

[pullquote]برطانوی ہوائی کمپنی دیوالیہ، سینکڑوں مسافروں کو پریشانی[/pullquote]

برطانیہ کی ہوائی کمپنی فلائی بی ایم آئی (Flybmi) اچانک مالی بحران کا شکار ہو گئی ہے۔ اس ہوائی کمپنی کے دیوالیہ ہونے کی وجہ سے مختلف یورپی ممالک کے ہوائی اڈوں پر سینکڑوں مسافر پھنس کر رہ گئے ہیں۔ کمپنی کے انتظامی ادارے برٹش مِڈلینڈ ریجینل لمیٹڈ نے متعلقہ ملکی حکام کے پاس ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور بریگزٹ سے پیدا ہونے والے غیریقینی حالات کے تناظر میں دیوالیہ ہونے کی درخواست جمع کرا دی ہے۔ یہ ہوائی کمپنی اپنے سترہ ہوائی جہازوں کے ذریعے پچیس یورپی شہروں کے درمیان پروازوں چلا رہی تھی۔ ایئر لائن کے 376 ملازمین میں برطانیہ، جرمنی، سویڈن اور بیلجیم کے شہری شامل ہیں۔

[pullquote]ابوظہبی میں ہتھیاروں کے میلے کا افتتاح[/pullquote]

متحدہ عرب امارات کی ریاست ابو ظہبی میں ہتھیاروں کے بین الاقوامی میلے کا آغاز ہو گیا ہے۔ اتوار سترہ فروری سے شروع ہونے والی انٹرنیشنل ڈیفنس کانفرنس کا ایک پہلو ہتھیاروں کی نمائش پر مبنی ہے۔ شائقین کے لیے ہتھیاروں کی نمائش تھیئٹریکل کے انداز میں پیش کی گئی۔ اس نمائش اور کانفرنس کا انعقاد ایسے حالات میں کیا گیا ہے، جب یہ خلیجی ریاست یمن کی جنگ میں سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد میں شامل ہے۔

[pullquote]یورپی اقوام اپنے جہادیوں کو واپس لیں، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی اقوام سے کہا ہے کہ وہ شام میں گرفتار اپنے سینکڑوں جہادیوں کو واپس لیں۔ انہوں نے ہفتہ سولہ فروری کی شام اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی قائم کردہ خلافت کا خاتمہ جلد ہو جائے گا۔ ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے علاوہ دیگر یورپی ممالک سے کہا کہ وہ داعش کے گرفتار ہونے والے آٹھ سو جہادیوں میں سے اپنے اپنے شہریوں کو اپنی تحویل میں لے کر اُن پر اپنے ہاں ہی مقدمات چلائیں۔ امریکی قیادت میں قائم عسکری اتحاد نے ان جہادیوں کی شام میں موجودگی کو ایک بڑا خطرہ قرار دے رکھا ہے۔ یہ جہادی سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے قبضے میں ہیں۔

[pullquote]جاپانی وزیراعظم نے ٹرمپ کو نوبل انعام کے لیے نامزد کر دیا، جاپانی اخبار[/pullquote]

معتبر جاپانی اخبار آساہی نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی درخواست پر جاپانی وزیراعظم شینزو آبے نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کے نوبل پرائز کے لیے نامزد کیا ہے۔ جاپانی اخبار نے بغیر نام ظاہر کیے ملکی حکومت کے ایک ذریعے کے حوالے سے یہ خبر شائع کی ہے۔ وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو رپورٹرز کو بتایا کہ شیزو آبے نے اُن کی نوبل انعام کی نامزدگی کے لیے پانچ صفحات تحریر کیے ہیں۔ امریکی حکومت کے مطابق جاپانی وزیراعظم نے گزشتہ برس ٹرمپ اور کم جونگ اُن کی سنگاپور میں ہونے والی سمٹ کی بنیاد پر یہ تجویز کیا ہے۔

[pullquote]میونخ سکیورٹی کانفرنس، جرمن چانسلر کی عالمی سیاست پر زوردار تقریر[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے میونخ سکیورٹی کانفرنس میں انٹرنیشنل سیاسی ڈھانچے کو ختم کرنے کی کوششوں کی پرزور الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جن بین الاقوامی معاہدوں سے امریکا نے علیحدگی اختیار کر لی ہے، انہیں اب بچانا بہت اہم ہو چکا ہے۔ میرکل نے واضح کیا کہ ایسے سمجھوتے آسانی سے توڑے نہیں جا سکتے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اقوام کو موجودہ حالات میں کئی قسم کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ میرکل نے سرد جنگ دور کے معاہدے انٹرمیڈیٹ رینج فورسز ٹریٹی کو محفوظ کرنے پر بھی زور دیا۔ اس ٹریٹی سے بھی امریکا نے رواں ماہ کے اوائل میں علیحدگی کا اعلان کر ديا تھا۔

[pullquote]سہ روزہ میونخ سکیورٹی کانفرنس کا اختتام آج ہو گا[/pullquote]

جرمن شہر میونخ میں پندرہ فروری سے شروع ہونے والی بین الاقوامی سکیورٹی کانفرنس کا اختتام آج اتوار کو ہو گا۔ اس کانفرنس کے آخری دن ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کی تقریر کو خاص اہمیت حاصل ہو گی۔ اندازوں کے مطابق وہ اپنی تقریر میں اُن امریکی کوششوں پر فوکس کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو ایران کے خلاف ایک نیا اتحاد بنانے کے سلسلے میں کی جا رہی ہیں۔ اتوار کے روز ظریف کی تقریر کے موقع پر اسرائیلی وزیراعظم اور سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ عادل الجبیر اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔ قبل ازیں کانفرنس کے دوسرے دن کئی لیڈروں نے کانفرنس میں عالمی امور پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا۔

[pullquote]ٹرمپ اور اُن کی ملاقات: شمالی کوریا اور امریکا کے انتظامی حکام کی ویت نام آمد[/pullquote]

رواں مہینے کے اختتام پر امریکی صدر اور شمالی کوریائی لیڈر کے درمیان ویت نامی دارالحکومت ہنوئی میں ہونے والی سمٹ کے سکیورٹی کے علاوہ دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے امریکا اور شمالی کوریائی اہلکار ویت نام پہنچ گئے ہیں۔ حکومتی ذرائع کے مطابق دونوں وفود صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چیئرمین کم جونگ اُن کی ہنوئی آمد کے موقع پر اُن کے قیام اور آمد و رفت کے راستوں کا خاص طور پر جائزہ لیں گے۔ ہنوئی پولیس نے دونوں لیڈروں کی سمٹ سے قبل ایسے چھیانوے دستے ترتیب دیے ہیں جو جرائم پیشہ گروپوں کے خلاف کریک ڈاؤن کریں گے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سمٹ کے دوران سکیورٹی غیرمعمولی طور پر سخت رکھی جائے گی۔

[pullquote]ایران اور روس کے معاملات پر یورپی یونین کا موقف درست نہیں، امریکی نائب صدر[/pullquote]

امریکی نائب صدر مائیک پینس نے میونخ سکیورٹی کانفرنس میں واضح طور پر کہا کہ روس اور ایران کے معاملات پر یورپی یونین کا بیانیہ درست نہیں ہے۔ انہوں نے جرمن چانسلر کی وہ تجویز بھی مسترد کر دی ، جس میں کہا گیا تھا کہ امریکا کو روس کے ساتھ رابطے رکھتے ہوئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی نائب صدر نے کہا کہ امریکا پہلے سے کہیں زیادہ توانا اور طاقتور ہو چکا ہے اور اس وقت عالمی منظر پر قیادت کا فریضہ انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ واشنگٹن کو افغانستان اور شمالی کوریا کے ساتھ پالیسیوں میں کامیابی کے تناظر میں اتحادیوں سے مکمل حمایت و تعاون درکار ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے