صدر مملکتِ نے سعودی ولی عہد کو اعلیٰ ترین سول اعزاز سے نواز دیا

اسلام آباد: صدرِمملکت عارف علوی نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز ’نشانِ پاکستان‘ عطا کردیا۔

ایوانِ صدر میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور صدرِ مملکت عارف علوی کے علاوہ تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور کابینہ ارکان بھی شریک تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بھی بجائی گئیں۔

وزیراعظم عمران خان، صدرِمملکت عارف علوی اور سعودی علی عہد محمد بن سلمان اسٹیج پر براجمان تھے۔

صدر مملکت کی جانب سے معزز مہمان کو ’نشانِ پاکستان‘ عطا کیے جانے کے بعد ظہرانہ دیا گیا۔

صدر عارف علوی کا تقریب سے خطاب

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام میرے لیے اعزاز ہے، سعودی عرب اور پاکستان تاریخی رشتوں میں بندھے دوست ہیں، سعودی عرب کی محبت پاکستان کے عوام کے دلوں میں ہے۔

انہوں نےکہا کہ ولی عہد کا دورہ دونوں ملکوں کی دوستی کو مزید مضبوط کرےگا، پاک سعودی سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کا قیام انتہائی ہم ہے، سعودی عرب اور پاکستان سیاحت کے لیے بہترین ممالک ہیں، پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع ہیں، سعودی عرب اور پاکستان کی دوستی مذہب اور ثقافت پر مبنی ہے، سعودی عرب کاوژن 2030 مستقبل کے لیے اہم ہے۔

صدرِ پاکستان نے اپنی تقریر کے دوران سعودی فرماں روا کو بھی دورۂ پاکستان کی دعوت دی۔

سعودی ولی عہد کا خطاب

اس موقع پر معزز مہمان شہزاد محمد بن سلمان نے کہا کہ بڑی تعداد میں پاکستانی سعودی عرب میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور سعودی عرب کی ترقی میں ہنرمند اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔

ولی عہد کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مذہبی احترام کی بنیاد پر ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات وقت کےساتھ مضبوط ہورہےہیں۔

معزز مہمان کی اسپیشل پروٹوکول میں ایوانِ صدر آمد

اس سے قبل معزز مہمان وزیراعظم ہاؤس سے وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ صدارتی بگھی میں ایوانِ صدر کے لیے روانہ ہوئے، اس دوران پریذیڈنٹ باڈی گارڈ دستے ان کی حفاظت میں مامور تھے۔

اس رجمنٹ کو بابائے قوم محمد علی جناح کے پہلے حفاظتی دستے کا اعزاز حاصل ہے، یونٹ 1773 کو بنارس میں گورنر جنرل باڈی گارڈز کے نام سے وجود میں آیا۔

ایوانِ صدر پہنچنے پر محمد بن سلمان کا شاندار استقبال کیا گیا جہاں مرکزی دروازے پر صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معزز مہمان کا استقبال کیا جب کہ اس دوران وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔

اہم شخصیات سے ملاقاتیں

وزیراعظم ہاؤس میں عمران خان کے ساتھ ناشتے کے بعد سعودی مہمان نے مختلف شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔

معزز مہمان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی جس میں ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم آئی اور ڈی جی آئی ایس پی آر بھی موجود تھے۔

اس دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون پر فروغ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ افغان امن عمل پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ایوانِ صدر میں معزز مہمان کی صدرِ مملکت عارف علوی سے بھی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے وفود کی سطح پر ملاقات کی۔

یاد رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 2 روزہ دورے پر گزشتہ روز پاکستان پہنچے ہیں، وزیراعظم عمران خان، وفاقی کابینہ کے ارکان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نور خان ایئر بیس پر ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔

وزیراعظم ہاؤس میں گزشتہ روز دونوں ممالک کے درمیان مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، اس موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان نے اعلان کیا کہ 20 ارب ڈالر کے معاہدوں کے بعد پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کریں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے