بھارت پاکستان کو دباؤ میں لانے کا خیال ذہن سے نکال دے: وزیر خارجہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت، پاکستان کو دباؤ میں لانے کا خیال ذہن سے نکال دیے، پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ ہے۔

مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال اور بھارتی جارحانہ عزائم پر وزارت خارجہ میں اہم اجلاس ہوا جس میں سابقہ خارجہ سیکریٹریز اور سفارتکاروں نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت میں جنونیت عروج پر ہے تاہم پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کی جدوجہد میں ساتھ کھڑا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی رویے کے خلاف قوم یکجا ہے اور پاکستان امن کا خواہاں ہے، بھارت میلی آنکھ اٹھا کر دیکھنے کی جرات نہ کرنا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت اجلاس کے دوران مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور بھارتی جارحانہ رویے پر شرکاء نے تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سابق سیکرٹریز خارجہ اور سفارتکاروں سے مشاورت کی جارہی ہے جن کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر جامع اور مربوط لائحہ عمل تیار کریں گے۔

شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا ہے کہ سابق خارجہ سیکرٹریز کے ساتھ خارجہ پالیسی امور پر مشاورت سود مند رہی ہے۔

دوسری جانب پاک بھارت کشیدگی کے بعد دفترخارجہ نے کرائسز مینجمنٹ سیل تشکیل دیا ہے جو 24 گھنٹے کام کرے گا اور سفارتی و سرحدی صورتحال کے حوالے سے رابطے میں رہے گا۔

مقبوضہ کشمیر میں صورتحال بدستور کشیدہ ہے جہاں حریت قیادت کے خلاف کریک ڈاؤن اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے وہیں 10 ہزار اضافی بھارتی فوجی تعینات کردیے گئے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے