کراچی: جعفرطیار سوسائٹی میں 3 منزلہ عمارت گر گئی، 2 افراد جاں بحق

کراچی: ملیر کے علاقے جعفر طیار سوسائٹی میں 3 منزلہ عمارت گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 5 زخمیوں کو ملبے سے نکال لیا گیا۔

ملیر جعفر طیار سوسائٹی میں صبح تقریباً ساڑھے 7 بجے تین منزلہ رہائشی عمارت کے گرنے کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا۔

حادثے کی اطلاع ملنے پر ایدھی رضا کار اور رینجرز اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

ریسکیو آپریشن کے دوران اب تک 2 افراد کی لاشوں کو ملبے سے نکالا جاچکا ہے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں جب کہ 5 افراد کو زخمی حالات میں ملبے سے نکال کر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اہلِ علاقہ کا کہنا ہےکہ 3 منزلہ رہائشی عمارت میں 4 خاندان رہائش پذیر تھے۔

پاک فوج کے جوان جائے حادثہ پر موجود

ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے تلے 12 افراد کے دبنے کا خدشہ ہے، ریسکیو ٹیموں نے اہل علاقہ کی مدد سے آپریشن تیز کردیا اور موقع پر ہیوی مشینری بھی موجود ہے۔

ریسکیو آپریشن کے لیے پاک فوج کے جوان بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور عمارت کو گھیرے میں لے لیا۔

جائے حادثہ پر ہیوی مشینری کے ذریعے ملبہ اٹھانے کا کام جاری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رہائشی عمارت کے گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ وہ خود موقع پر پہنچ کر امدادی کام کی نگرانی کریں اور ہر صورت انسانی جانوں کو بچایا جائے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے