مسلم لیگ (ن) کا اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) نے طبی بنیاد پر نوازشریف کی ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عدالت کے فیصلے سے مایوسی ہوئی، پانچ طبی بورڈز نے نوازشریف کی بیماری کی تشخیص کی اور فوری علاج کی سفارش کی۔

انہوں نے کہا کہ پوری امید تھی کہ ہائیکورٹ علاج کے لیے ضمانت کی درخواست قبول کرے گی، ہمیشہ عدالتوں کے فیصلوں کا احترام رہا ہے اور اس کا بھی کرتے ہیں، جو بھی مزید قانونی راستے ہیں ان کو اپنایا جائے گا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو جو علاج چاہیے وہ جیل میں میسر نہیں ہوتا، اس کے لیے باہر ہونا ضروری ہے اور اسی لیے درخواست ڈالی گئی، علاج پاکستان اور باہر بھی ہوسکتاہے لیکن جیل میں نہیں ہوسکتا۔

اس موقع پر (ن) لیگ کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ جتنے قانونی راستے دستیاب ہیں وہ اپنائیں گے کیونکہ یہ ہمارا حق ہے، ہم اپیل میں بھی جائیں گے، قوی امید ہے انصاف ملے گا۔

شہبازشریف کا ردِ عمل

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اپنے بھائی نوازشریف کی عیادت کے لیے جناح اسپتال لاہور پہنچے جہاں انہوں نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔

صحافی نے نوازشریف کی درخواست مسترد ہونے کے فیصلے پر رد عمل جاننا چاہا جس پر شہبازشریف نے کہا کہ اللہ تعالی خیر کرے گا، آپ دعا کریں بہتر ہو۔

صحافی کے سوال پر کہ اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں اور تحریک پر کیا لائحہ عمل طے کریں گے۔

اپوزیشن لیڈر نے جواب دیا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے