ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے

بھارتیوں کو خبر ہے پاکستانی قوم میں تقسیم پیدا کر دی گئی ہے ،سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی درخواست ضمانت مسترد ہونے کے 14 گھنٹہ کے اندر بھارتیوں نے سرجیکل سٹرائیک کا دعوی کر دیا اور توقع کے عین مطابق سوشل میڈیا پر بیشتر پاکستانی بھارتی دعوی کا ٹھٹہ لگانے کی بجائے دی جی آئی ایس پی آر کے جوابی دعوی کا مذاق اڑا رہے ہیں ۔

دو طاقتور ایٹمی ملکوں کے درمیان جنگ کا سوچنا محض دیوانگی ہےجنگیں تباہی لاتی ہیں ملک ہی برباد نہیں ہوتے نسلوں کو جنگوں کا خمیازہ بھگتنا ہوتا ہے ۔بھارتیوں کو جنگ سے روکنے کیلئے مسکت جواب دینا بہت ضروری تھا اور بہتر تو یہ تھا بھارتی طیاروں کے لائین آف کنٹرول عبور کرتے ہی فوری اور طاقتور جواب دے دیا جاتا ۔ ہمیں نہیں معلوم ملکی سلامتی کی ذمہ دار طاقتور اور جدید ترین اسلحہ کی حامل فوج کے حکمت سازوں نے لائین اف کنٹرول کی خلاف ورزی کا فوری اور مسکت جواب کیوں نہیں دیا لیکن ہمیں اس بات کا اندازہ ضرور ہو رہا ہے بھارتی نفسیاتی محاذ پر کامیاب ہو گئے ہیں ۔

بھارتیوں نے ابتدا کر دی ہے اور ہمارے ردعمل اور فوری جوابی کاروائی یا سرپرائز دینے کی دھمکی کی حقیقت بھی جان لی ہے ۔پاکستان میں عوامی ردعمل بھی خوشگوار نہیں لڑکے بالے سوشل میڈیا پر اپنی ہی فوج کا مذاق اڑا رہے ہیں دوسری طرف بھارتی مین سٹریم میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھارتی فوج کی مسلسل تحسین کی جا رہی ہے ۔ دنیا کی کوئی فوج اکیلئے جنگ نہیں لڑ سکتی اور نہ جیت سکتی ہے ۔شمالی اور جنوبی وزیرستان ،مالاکنڈ ڈویژن اور بلوچستان میں پاک فوج نے ملک دشمن قوتوں کی پراکسیوں کے ساتھ ایک کٹھن لڑائی لڑی ہے اور اس میں کامیابی بھی حاصل کی ہے ۔ملک کے اندر لڑی جانے والی لڑائی میں پچاس ہزار سے زیادہ شہادتیں ہوئی بے شمار افسر اور جوان مارے گئے ۔بھارت کوئی پراکسی نہیں بھارتی اگر کوئی ایڈونچر کرتے ہیں تو پاک فوج کا سامنا ایک پروفیشنل اور طاقتور فوج سے ہو گا جس کا مقابلہ صرف قومی یکجہتی سے ممکن ہے ۔

حکمت ساز اپنی حکمت عملیاں تبدیل کریں میاں نواز شریف اور آصف علی زرداری کے خلاف کرپشن کے نام پر کاروائیاں فی الحال موخر کر دیں اور بھارتیوں کے خلاف قومی حکمت عملی وضع کریں ۔وزیراعظم کو مسلط کیا گیا ہے یہ وژیژن لیس ٹولہ جو حکمران ہے مملکت خداداد کیلئے محض گناہوں کی سزا ہے جو حکمت ساز اس ٹولے کو اقتدار میں لائے ہیں اور ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ان سے درخواست ہے وہ اپنے وزیراعظم کے ذریعے ایک قومی کانفرنس کا انعقاد کرائیں اور کرپشن کے بھاشن کی بجائے اس کانفرنس میں قومی اتحاد اور یکجہتی کی تقریر ہی نہ کرائیں بلکہ اس مقصد کیلئے عملی اقدامات بھی کرائیں ۔

بھارتیوں نے پاکستانی فوج کے حکمت سازوں کی فوری جوابی کاروائی کی دھمکی کا اندازہ لگایا ہے اصل کاروائی وہ ابھی کریں گے اور ہمیں نہیں پتہ وہ پاکستان کے اندر کون سے اہداف کو نشانہ بنائیں گے یا محدود جنگ مسلط کرنے کی کاروائی کریں گے ۔

پاکستانی معیشت محدود جنگ کا بوجھ اٹھانے سے قاصر ہے ۔بھارتی ایڈونچر کے اثرات افغانستان کی پاکستانی حکمت عملی پر بھی مرتب ہونگے ۔بھارتی خطرہ یا محدود جنگ سے بچنے کیلئے پاکستانی حکمت سازوں کو افغانستان میں امریکی اور بھارتی شرائط تسلیم کرنا پڑ سکتی ہیں ۔پاکستان میں لوگ سرمایہ کاری کرنے کی بجائے یہاں سےنکل بھاگنے کے چکر میں ہیں جو حکمت ساز پاکستان کو اس صورتحال میں پھنسانے کے ذمہ دار ہیں وہ افغانستان یا خطہ میں سٹرٹیجک نقصان اٹھانے کی بجائے مودی کے یار سے رابطہ کریں اور ٹریک 4 ڈپلومیسی کے ذریعے دو ایٹمی طاقتوں کو جنگ سے بچائیں اسی میں جنوبی ایشیا کی بھلائی ہے ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے