شاہ محمود کا او آئی سی اجلاس میں بھارتی وزیرخارجہ کی موجودگی کی صورت میں شرکت سے انکار

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اجلاس میں بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی موجودگی کی صورت میں شرکت سے انکار کردیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ‘جیو پاکستان میں’ گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ آج ترک وزیر خارجہ نے خود ٹیلی فون کرکے مجھ سے رابطہ کیا، ترکی نے پاکستان کے ساتھ مکمل یک جہتی کا فیصلہ کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا ‘ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکی سمجھتا ہے بھارت نے برادر اسلامی ملک کے خلاف جارحیت کی ہے، ترک وزیر خارجہ نے کہا او آئی سی میں سشما سوراج کی شرکت کا اب جواز نہیں رہا’۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری کو بھی خط لکھ کر لائن آف کنٹرول پر بھارتی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا جس پر سیکریٹری جنرل نے تشویش کا اظہار کیا اور اپنا کردار ادا کرنے کیلئے رضا مندی ظاہر کی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے حالیہ کارروائی سے معاملات کو بڑھاوا دیا ہے، بھارت دروغ گوئی سے کام لے رہا ہے، سیاسی مقاصد پورے کرنے کے لیے بھارتی حکومت اپنے عوام اور اپوزیشن کو ماموں بنا رہے ہیں، بھارت سے مقابلے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ہماری قوم یکجا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میرا اختلاف او آئی سی یا کسی دوسرے اسلامی ملک سے نہیں، میرا اختلاف بھارتی وزیر خارجہ سشما سوارج سے ہے، اگر سشما سوراج او آئی سی کے اجلاس میں آتی ہیں تو میں اجلاس میں شرکت نہیں کروں گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے