بھارتی پائلٹ کی رہائی امن کی جانب بڑھنے کی پیشکش ہے: ملیحہ لودھی

نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران کی جانب سے بھارتی پائلٹ کی رہائی بھارت کو امن کی جانب بڑھنے کی پیشکش ہے۔

اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوتریس کی چیف آف اسٹاف ماریا لوئیزا ریبیورو کو انٹرویو کے دوران ملیحہ لودھی نے خطے کی بدلتی صورتحال سے آگاہ کیا۔

ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن قائم رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے، اب بھارت پر منحصر ہے کہ وہ کیا جواب دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے خواہاں ہیں اور اقوام عالم بھی پاکستان کی طرح برصغیر میں امن چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی جانب سے بھارتی پائلٹ کی رہائی امن کی جانب بڑھنے کی پیشکش ہے۔

واضح رہے کہ امریکا، ترکی اور سعودی عرب نے وزیراعظم عمران خان کی امن کی پیشکش کو قابل ستائش قرار دیا ہے۔

پاک بھارت حالیہ کشیدگی کا پس منظر

14 فروری 2019 کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوجی قافلے پر خود کش حملہ ہوا تھا جس میں 45 سے زائد اہلکار ہلاک ہوئے، اس کے بعد بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے حملے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانا شروع کردیا تھا۔

اس کے بعد 26 فروری کو شب 3 بجے سے ساڑھے تین بجے کے قریب بھارت نے تین مختلف مقامات سے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کی، جن میں سے دو مقامات سیالکوٹ، بہاولپور پر پاک فضائیہ نے ان کی دراندازی کی کوشش ناکام بنائی تاہم آزاد کشمیر کی طرف سے بھارتی طیارے اندر کی طرف آئے جنہیں پاک فضائیہ کے طیاروں نے روکا جس پر بھارتی طیارے اپنے پے لوڈ (دھماکہ خیز مواد) گرا کر واپس بھاگ گئے۔

پاکستان نے اس واقعے کی شدید مذمت کی اور بھارت کو واضح پیغام دیا کہ اس اشتعال انگیزی کا پاکستان اپنی مرضی کے وقت اور مقام پر جواب دے گا، اب بھارت پاکستان کے سرپرائز کا انتظار کرے۔

بعد ازاں 27 فروری کی صبح پاک فضائیہ کے طیاروں نے لائن آف کنٹرول پر مقبوضہ کشمیر میں 6 ٹارگٹ کو انگیج کیا، فضائیہ نے اپنی حدود میں رہ کر ہدف مقرر کیے، پائلٹس نے ٹارگٹ کو لاک کیا لیکن ٹارگٹ پر نہیں بلکہ محفوظ فاصلے اور کھلی جگہ پر اسٹرائیک کی جس کا مقصد یہ بتانا تھا کہ پاکستان کے پاس جوابی صلاحیت موجود ہے لیکن پاکستان کو ایسا کام نہیں کرنا چاہتا جو اسے غیر ذمہ دار ثابت کرے۔

جب پاک فضائیہ نے ہدف لے لیے تو اس کے بعد بھارتی فضائیہ کے 2 جہاز ایک بار پھر ایل او سی کی خلاف ورزی کرکے پاکستان کی طرف آئے لیکن اس بار پاک فضائیہ تیار تھی جس نے دونوں بھارتی طیاروں کو مار گرایا، ایک طیارہ آزاد کشمیر جبکہ دوسرا مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرا۔

پاکستان حدود میں گرنے والے طیارے کے پائلٹ کو پاکستان نے حراست میں لیا جس کا نام ونگ کمانڈر ‘ابھی نندن’ ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے