مودی گھر واپس جاؤ: بھارت سے آوازیں آنا شروع ہوگئیں

نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف بھارت کے اندر سے آوازیں آنا شروع ہوگئیں اور ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ ‘گو بیک مودی’ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

نریندر مودی حکومت کے خلاف بھارتی عوام اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں جس کا ایک منظر بھارت میں ٹوئٹر پر بننے والے ہیش ٹیگ GoBackModi# میں دیکھا جاسکتا ہے جو بھارت میں اس وقت ٹاپ ٹرینڈ بن چکا ہے۔

ٹوئٹر صارفین نریندر مودی سے واپس گھر جانے کا مطالبہ کر رہے ہیں، جس کے لیے صارفین بھارتی وزیراعظم کی تصاویر کے ساتھ ساتھ ان کی ناکامیاں گنوارہے ہیں، یہی نہیں صارفین حالیہ پاک بھارت کشیدگی کو نریندر مودی کی الیکشن مہم بھی قرار دے رہے ہیں۔

وینا دی نامی ٹوئٹر صارف نے ایک تصویر شیئر کی جس میں نریندر مودی کے کارٹون کو فوجی اور کسان کے کپڑوں سے الیکشن کے لیے پارٹی پرچم کی سلائی کرتے دکھایا گیا ہے، وینا دی نے تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ‘نریندر مودی بھارت کی تاریخ کے بدترین وزیراعظم ہیں جنہوں نے فوج اور کسانوں کو تباہ کردیا’۔

تامل ناڈو یوتھ کانگریس نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی ہے کہ بی جے پی حکومت سیاست کے لیے فوج کا غلط استعمال کر رہی ہے، یہ عوام، خطے اور دنیا کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔

پربھا نامی ٹوئٹر صارف لکھتی ہیں، گزشتہ روز وزیراعظم مودی نے کہا تھا یہ میرا اعتماد ہے کہ تامل ناڈو وہ ریاست ہو گی جہاں بی جے پی سب سے زیادہ کامیابی حاصل کرے گی اور آج تامل ناڈو سے عالمی سطح پر مودی واپس جاؤ کی آوازیں آرہی ہیں۔

کامریڈ فروم کیرالہ نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھارتی انتخابی مہم کے حوالے سے ایک تصویر شیئر کی گئی جس پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا گیا کہ کچھ ووٹوں کے لیے فوجیوں کی زندگیوں سے کھیلا جارہا ہے۔

اراسیا نیانندی نامی ٹوئٹر صارف نے انٹرنیشنل میڈیا کی خبروں کا عکس جاری کیا اور اس پر تبصرہ کیا کہ دنیا نریندر مودی کو نہیں مانتی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے