کراچی: پاکستان میں ہوابازی کے نگران ادارے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے اسلام آباد، کراچی، پشاور اور کوئٹہ ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن جزوی بحال کردیا ہے۔
یاد رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد دو روز قبل سی اے اے نے پاکستان کی فضائی حدود اور ہوائی اڈے کمرشل پروازوں کے لیے بند کر دیے تھے اور گزشتہ روز اس میں آج دوپہر ایک بجے تک توسیع کی گئی تھی۔
تاہم آج سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے اسلام آباد، کراچی، پشاور اور کوئٹہ ایئرپورٹس کو شام سے آپریشنل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس کے بعد اب فلائٹ آپریشن کو جزوی بحال کردیا گیا ہے۔
سی اے اے کے جاری کردہ نوٹم کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود 4 مارچ تک بدستور بند رہے گی۔
ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ لاہور،سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان سمیت دیگر ایئرپورٹ کھولنے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) نے بھی اپنی پروازوں کا شیڈول بحال کردیا ہے اور پی آئی اے کی پرواز پی کے 370 کراچی سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگئی ہے۔
سعودی ائیرلائن نے بھی تصدیق کی ہے کہ ان کی پاکستان کے لیے پہلی پرواز شام 6 بجے کراچی پہنچے گی۔