اتوار : 03 مارچ 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اسپیس ایکس ڈریگن کیپسول کا مشن کامیاب[/pullquote]

اسپیس ایکس کا نیا ڈریگن کیپسول اتوار کے دن کامیاب طریقے سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر اتر گیا ہے۔ اس مشن کو براہ راست ٹیلی وژن پر نشر بھی کیا گیا۔ یہ ایک تجرباتی مشن تھا تاہم اس کی کامیابی کے نتیجے میں رواں سال کے اختتام تک انسان بردار خلائی مشن روانہ کیا جا سکے گا۔ اس منصوبے کی کامیابی کو خلائی سائنس کی ترقی میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

[pullquote]افغانستان کی طرف سے فلسطینی مہاجرین کے لیے ایک ملین ڈالر کی امداد[/pullquote]

جنگ سے تباہ حال ملک افغانستان نے فلسطینی مہاجرین کے لیے ایک ملین ڈالر کی امداد دی ہے۔ اتوار کے روز استنبول میں منعقدہ ایک تقریب میں افغان سفیر عبدالرحیم سید جان نے اقوام متحدہ کے فلسطینی مہاجرین کے پروگرام UNRWA کے کمشنر کو یہ امدادی رقم دی۔ اس موقع پر ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ داخلی مشکلات کے باوجود افغانستان کی طرف سے یہ اقدام عالمی بھائی چارے کی ایک عمدہ مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترکی اس ایجنسی کے لیے امداد بڑھائے گا۔ امریکا نے گزشتہ برس اگست میں اس ایجنسی کے لیے امریکی امداد روک دی تھی۔

[pullquote]شامی سے غیر ملکی افواج کی واپسی، اسرائیل اور روس باہمی تعاون کریں گے[/pullquote]

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ شام سے غیر ملکی فوجی دستوں کی واپسی کے سلسلے میں اسرائیل اور روس مل کر کام کریں گے۔ نیتن یاہو نے اتوار کے روز ماسکو کے دورے کے بعد کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے صدر پوٹن سے ملاقات کے دوران شام سے غیر ملکی فورسز کی واپسی کو دونوں ممالک کا باہمی ہدف قرار دیا گیا۔ اسرائیلی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے بتایا کہ اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ایک مشترکہ ٹاسک فورس بھی قائم کی جائے گی۔ اسرائیل کو البتہ خدشہ ہے کہ غیر ملکی افواج کے اخراج کے بعد شام میں ایرانی حمایت یافتہ گروہ حزب اللہ اسرائیل کے خلاف کوئی نیا محاذ کھول سکتا ہے۔

[pullquote]اسرائیلی فضائیہ کے غزہ پٹی میں نئے حملے[/pullquote]

اسرائیلی فضائیہ نے غزہ پٹی میں حماس جنگجوؤں کے دو ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔ اسرائیلی دفاعی افواج کے مطابق اتوار کے دن یہ کارروائی دراصل غزہ پٹی سے دھماکا خیز مواد سے بھرے غباروں کے حملے کے جواب میں کی گئی۔ ان دونوں واقعات میں کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔ گزشتہ بدھ کو بھی غزہ پٹی سے اسرائیل کی طرف ایسے غبارے چھوڑے جانے پر اسرائیلی فضائیہ نے عسکری کارروائی کی تھی۔ مارچ سن دو ہزار اٹھارہ سے شروع ہونے والے پرتشدد واقعات کے نتیجے میں 251 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]کیلے سے چوالیس مہاجرین گرفتار[/pullquote]

فرانسیسی پولیس نے بندرگاہی شہر کیلے سے برطانیہ جانے کی غیرقانونی کوشش کرنے والے چوالیس مہاجرین کو گرفتار کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ مہاجرین رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فیری میں چڑھ گئے تھے۔ تاہم پولیس نے ہفتے کی شب چوالیس افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ اس فیری کی تلاشی کا عمل اتوار کے دن بھی جاری رہے گا۔ کیلے میں موجود زیادہ تر افریقی مہاجرین کی کوشش ہے کہ وہ کسی طرح برطانیہ پہنچ جائیں۔

[pullquote]شام میں جہادیوں کا خونریز حملہ، اکیس افراد ہلاک[/pullquote]

شام میں القاعدہ سے وابستہ ایک جہادی گروہ کے حملوں کے نتیجے میں اکیس افراد مارے گئے ہیں۔ یہ کارروائی اتوار کے دن ادلب میں کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں شامی فورسز اور اس کے اتحادی فائٹرز شامل ہیں۔ سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق یہ خونریز کارروائی انصار التوحید نامی جہادی گروہ نے سر انجام دی ہے۔ علی الصبح ہونے والی اس لڑائی میں پانچ جہادی بھی مارے گئے۔ یہ کارروائی ادلب میں گزشتہ چھ ماہ سے نافذ سیز فائر کی سب سے بڑی خلاف ورزی قرار دی جا رہی ہے۔

[pullquote]ایسٹونیا میں عام انتخابات کا انعقاد[/pullquote]

یورپی ملک ایسٹونیا میں آج بروز اتوار عام انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یورو زون کی اس رکن ریاست میں اہم مقابلہ بائیں بازو کے اعتدال پسندوں اور ان کے روایتی حریف لبرل امیدواروں کے مابین متوقع ہے۔ انتخابات سے قبل کرائے گئے عوامی جائزوں کے مطابق اپوزیشن لبرل پارٹی کو حکمران پارٹی پر معمولی برتری حاصل ہے۔ حالیہ کچھ عرصے میں اس بالٹک ملک کے دیہی علاقوں میں انتہائی دائیں بازو کے عناصر بھی عوامی مقبولیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

[pullquote]یمن میں قیام امن کا مذاکراتی عمل چند ہفتوں میں ختم ہو سکتا ہے، برطانوی وزیر خارجہ[/pullquote]

برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ نے خبردار کیا ہے کہ فریقین نے وعدوں پر عمل نہ کیا تو یمن میں قیام امن کا معاہدہ چند ہفتوں میں ختم ہو سکتا ہے۔ جیریمی ہنٹ نے یہ بات اتوار تین مارچ کے روز یمن کے دورے کے دوران کہی۔ اسٹاک ہولم میں طے پانے والے معاہدے کے مطابق متحارب فریقوں نے سات جنوری تک یمنی بندرگاہی شہر حدیدہ سے فوجیں ہٹا دینا تھیں۔ حدیدہ کے ذریعے یمن میں خوراک اور امدادی سامان پہنچایا جانا تھا۔ ہنٹ نے خبردار کیا کہ اگر دونوں جانب سے اسٹاک ہولم معاہدے پر سختی سے عمل درآمد نہ کیا گیا تو آئندہ چند ہفتوں میں یہ معاہدہ ختم ہوجائے گا۔ حدیدہ سے فوجیوں کی واپسی کے بعد قیام امن سے متعلق مزید مذاکرات کیے جانا تھے تاہم اب تک مذاکراتی عمل میں مزید پیش رفت نہیں ہو پائی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے